غزہ پر اسرائیلی حملے جاری، ہلاکتیں 280 | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اسرائیلی جیٹ طیاروں نے اتوار کو غزہ کے علاقے پر تازہ فضائی حملے کیے ہیں اور فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ سنیچر سے جاری اس فضائی کارروائی میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد دو سو اسّی تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد سات سو کے لگ بھگ ہے۔ فلسطینی حکام کے مطابق اتوار کو ہونے والے حملوں میں اسرائیلی طیاروں نے جنوبی غزہ میں مصر سے غزہ تک ایندھن پہنچانے والی سرنگ سمیت تین سرنگوں کو نشانہ بنایا جبکہ اسرائیل نے چالیس سرنگوں کی تباہی کا دعوٰی کیا ہے۔ اسرائیل کا الزام ہے کہ فلسطینی ان سرنگوں کو اسلحہ کی سمگلنگ کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اس سے قبل اسرائیلی حکام نے کہا تھا کہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب تیس مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے بعد آپریشن کے آغاز سے اب تک نشانہ بنائے جانے والے مقامات کی تعداد دو سو دس ہو گئی ہے۔ فلسطینی حکام کے مطابق حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد میں سے زیادہ تر کا تعلق پولیس کے محکمے سے ہے جبکہ بڑی تعداد میں عورتیں اور بچے بھی بمباری کا نشانہ بنے ہیں۔غزہ میں ہسپتال کے عملے نے کہا ہے کہ آپریشن تھیٹر زخمیوں سے بھر گئے ہیں اور ان کو ادویات کی کمی کا سامنا ہے اور مطلوبہ تعداد میں سرجن بھی دستیاب نہیں ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے اس بات کا اشارہ بھی دیا گیا ہے کہ وہ غزہ میں اپنی زمینی فوج بھی بھیج سکتا ہے۔ اسرائیل نے اپنے چھ ہزار پانچ سو ریزرو فوجیوں کو بھی طلب کر لیا ہے جبکہ اسرائیلی وزیرِ دفاع ایہود باراک نے کہا ہے کہ فوجی کارروائی کا دائرہ وسیع ہو سکتا ہے اور اگر فضائی حملے حماس کا رویہ تبدیل کرنے میں ناکام رہے تو زمینی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔ اسرائیلی کارروائی کے جواب میں اتوار کی صبح اسرائیل پر داغے جانے والے راکٹوں سے غزہ کے مشرق میں نیتیووت نامی قصبے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔ راکٹ نیتیووٹ کے علاوہ اشدود نامی شہر پر بھی راکٹ گرے تاہم وہاں سے کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ اسرائیلی حکام نے دعوٰی کیا ہے کہ سنیچر اور اتوار کو حماس کے کارکنوں نے اسرائیل پر ایک سو دس راکٹ فائر کیے ہیں۔ اسرائیلی حملوں کے بعد بڑی تعداد میں فلسطینی مصر کی سرحد پر بھی جمع ہو گئے ہیں تاہم فلسطینی سکیورٹی فورسز انہیں سرحد پار کرنے کی اجازت نہیں دے رہی ہیں۔ ادھر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے مشرقِ وسطٰی کی تازہ صورتحال پر ہنگامی بات چیت مکمل کر لی ہے اور جارحانہ کارروائیوں کے خاتمے کے مطالبے کے ساتھ ساتھ غزہ میں تیزی سے خراب ہوتے حالات پر تشویش ظاہر کی ہے۔ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے علاوہ یہ مسئلہ عرب لیگ جس کا اجلاس قاہرہ میں ہو رہا ہے اٹھایا جائے گا۔ اسرائیل کی طرف سے غزہ پر گزشتہ کئی دہائیوں میں ہونے والے اس بدترین حملے پر پوری دنیا سے فوری ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔امریکہ نے اس صورت حال کا ذمہ دار حماس کو قرار دیتے ہوئے اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ شہری آبادی کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے۔
صدر بش کے ترجمان گورڈن جونڈور نے حماس کو ’ٹھگ اور دہشت گرد‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا اگر حماس کی طرف سے حملےنہ کیے جاتے تو اسرائیلی حملوں کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے تشدد کو فوری طور پر بندکرنے کو کہا ہے جبکہ یورپی یونین نے کہا ہے کہ فوری طور پر جنگ بندی ہونی چاہیے۔ غزہ میں حماس کے رہنما اسماعیل حانیہ نے اسرائیل پر فلسطینیوں کے قتل عام کا الزام عائد کیا ہے۔ بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے فوجی دباؤ بڑھانے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا کیونکہ وہ زمینی حقائق کو اپنے حق میں تبدیل کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ اپنی شرائط پر جنگ بندی مسلط کر سکے۔ حماس کے جلا وطن رہنما خالد مشال نے اسرائیل کے خلاف نیا انتفادا شروع کرنے کو کہا ہے۔حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ اب کوئی سفید جھنڈوں اور ہتھیار ڈالنے کی بات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں نے اس سے بدترین قتل عام نہیں دیکھا ہے۔ |
اسی بارے میں غزہ، ایندھن کی جزوی فراہمی11 November, 2008 | آس پاس غزہ: الفتح کے درجنوں حامی گرفتار26 July, 2008 | آس پاس غزہ دھماکہ، بچی سمیت پانچ ہلاک25 July, 2008 | آس پاس غزہ کا راستہ کھولنے کا فیصلہ29 June, 2008 | آس پاس غزہ سرحد ایک بار پھر بند26 June, 2008 | آس پاس غزہ: اسرائیلی حملے میں پانچ ہلاک24 May, 2008 | آس پاس غزہ: بچوں سمیت پانچ ہلاک28 April, 2008 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||