جنرل اسمبلی سے بش کا خطاب | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی صدر جارج بش نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران مشرق وسطیٰ سے متعلق اپنی متنازعہ پالیسیوں کا دفاع کیا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جمہوریت جڑ پکڑ رہی ہے اور علاقے میں دہشت گرد کمزور ہورہے ہیں۔ جارج بش نے ایران کے متنازعہ ایٹمی پروگرام کا معاملہ بھی جنرل اسمبلی کے سامنے اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کے ایک ’سفارتی حل‘ کے لیے کام کریں گے لیکن ’ایران کو اپنے ایٹمی عزائم ترک کرنے ہوں گے۔‘ جارج بش نے مشرق وسطیٰ سے متعلق امریکی پالیسیوں کا ایسے وقت پر دفاع کیا ہے جب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے وارننگ دی ہے کہ عراق میں ’خانہ جنگی‘ کے خدشات ہیں۔
جارج بش کے خطاب سے قبل جنرل اسمبلی کا افتتاح کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے کہا کہ سوڈان کے علاقے دارفور میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنا اقوم متحدہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ عنان نے اجلاس کے مندوبین سے کہا کہ دارفور میں جاری رہنے والا تشدد وہاں کے باشندوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ’ہمارے وعدے کا مذاق‘ اڑا رہا ہے۔ امریکی صدر نے بھی اپنے خطاب میں دارفور کے مسئلے کی جانب توجہ دلاتے ہوئے ’فوری کارروائی‘ کا مطالبہ کیا اور وہاں ہونے والی زیادتیوں کو ’قتل عام‘ قرار دیا۔ بی بی سی کے نامہ نگار جوناتھن مارکس کا کہنا ہے کہ دارفور کا مسئلہ اس اجلاس پر ایک سیاہ سایے کی طرح چھایا ہوا ہے اور اقوام متحدہ کے موثر ہونے کے بارے میں سوالات اٹھارہا ہے۔
اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے شہریوں کو تشدد آمیزی سے بچانے کے لیئے اقوام متحدہ کی امن فوج دارفور بھیجے جانے کی حمایت کی ہے تاہم سوڈان کی حکومت ابھی تک امن فوج کو وہاں قدم رکھنے کی اجازت نہیں دے رہی۔ صدر بش نے ایران کے بارے میں اپنی تقریر میں کہا ’ایران کو اپنے جوہری ارادے ترک کرنا ہوں گے اور ہم اس مسئلے کے سفارتی حل کے لیئے کام کریں گے‘۔ امریکی اور یورپی کوششوں کے باوجود سلامتی کونسل میں ایران پر پابندیاں عائد کرنے کے بارے میں اتفاق نہیں ہوسکا۔ ایران نے یورینیم کی افزودگی روکنے سے متعل اقوام متحدہ کے مطالبات کو رد کردیا ہے۔ روس اور چین پابندیاں عائد کرنے کے بارے میں اتنے واضح نہیں ہیں جبکہ فرانس کے صدر ژاک شیراک نے پیر کو کہا تھا کہ ان کے خیال میں یورانیم کی افزودگی کی معطلی ہی ایران کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کی شرط نہیں بنائی جانی چاہیئے۔
تاہم منگل کو اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’اگر پہلے یورینیم کی افزودگی معطل نہ کی گئی تو ہم مذاکرات نہیں کرسکتے‘۔ یہ بیان انہوں نے بش کے ساتھ مذاکرات کے بعد دیا ہے۔ ژاک شیراک اور ایرانی صدر محمود احمدی نژاد جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ ایران کا اصرار ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن اور شہری مقاصد کے لیئے ہے۔ کوفی عنان کا جنرل اسمبلی سے خطاب بطور اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل آخری خطاب تھا۔ اس سال کے اختتام پر اس عہدے پر ان کا دوسرا پانچ سالہ دور ختم ہوجائے گا۔ کوفی عنان نے اپنی تقریر میں کہا کہ ان کے دور میں کئی ممالک سے غربت ختم ہوئی ہے لیکن کئی ابھی بھی بہت پیچھے ہیں۔ |
اسی بارے میں ڈیڈلائن ختم، ایران موقف پر قائم31 August, 2006 | آس پاس ایران، وینزویلا میں معاہدے18 September, 2006 | آس پاس اقوامِ متحدہ میں اصلاحات: مسودہ منظور14 September, 2005 | آس پاس لبنان، اسرائیل پیش رفت: عنان مطمئن13 September, 2006 | آس پاس جنرل اسمبلی کا اجلاس آج سے شروع19 September, 2006 | آس پاس ’حالات نہ بدلے تو عراق ٹوٹ جائے گا‘19 September, 2006 | آس پاس اسامہ بن لادن کو ڈھونڈ نکالیں گے: بش12 September, 2006 | آس پاس مخالفت کے باوجود اصلاحات: بلیئر02 February, 2006 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||