BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 06 October, 2006, 14:32 GMT 19:32 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
گڑھی حبیب اللہ کا ’اوپن تھیٹر‘ سکول

 گڑھی حبیب اللہ کا سکول
اب سکول کی عمارت الومینیم کی چادروں سے بنائی گئی ہے
صوبہ سرحد میں گڑھی حبیب اللہ کے مقام پر گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول پر گزشتہ برس آٹھ اکتوبر کے قیامت خیز زلزلے کے اثرات سے اس سکول میں زیر تعلیم طلبہ اور اساتذہ نکلنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن انہیں وقت کے ساتھ نئی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اُس دن اِس سکول کی ساٹھ کے قریب طلبہ اور دو استانیاں قدرتی آفت کی نظر ہوئیں۔ اس دن کی یادیں تو شاید ان طلبہ کے ذہنوں میں تمام عمر رہیں لیکن مکمل طور پر منہدم ہونے والا یہ دو منزلہ سکول اس اعتبار سے خوش قسمت ہے کہ اس کو نئی عمارت بہت جلد مل گئی۔

وفاقی وزیر برائے صعنت و پیداوار جہانگیر ترین کی رحیم یار خان میں قائم نجی جمال دین شوگر ملز نے اس سکول کی تعمیر نو کا بیڑا اٹھایا اور چند ماہ بعد اس سال جولائی میں اس کا افتتاح بھی ایک سادہ سی تقریب میں کر دیا۔

الومینیم کی چادروں سے تیار کی گئی یہ نئی عمارت پرانی عمارت کے ملبے سے وجود میں آنے والے ایک ٹیلے پر بنائی گئی ہے۔ پرانی عمارت دو منزلہ تھی لہذا زیادہ کمرے تھے۔ نئی عمارت زلزلہ پروف ہے لیکن کمرے کم ہیں۔

کلاسوں کی کمی کی ایک اور وجہ ماضی سے زیادہ طالبات کا داخلہ بھی ہے۔ اردگرد کے تباہ شدہ سکولوں کی طالبات نے بھی ادھر کا رخ کر لیا ہے۔ ایسے میں آج کل تین کلاسیں آج بھی خیموں میں منعقد کی جا رہی ہیں۔

سکول کی وائس پرنسپل مسز وحید نے بتایا کہ طالبات کی تعداد اب ایک ہزار تک پہنچ گئی ہے جو کہ ماضی سے تین گنا زیادہ ہے۔ اگر حالات معمول کے مطابق ہوتے تو ہر کلاس میں چالیس سے پچاس تک طالبات ہوتیں لیکن آج کل ایک کمرے میں اسی اور بعض میں تو سو سے بھی زیادہ ہیں۔


ایسے میں اساتذہ کی تعداد بھی وہی ہے جو پرانے سکول میں تھی یعنی صرف بارہ۔ اس میں بھی کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے بلکہ دو استانیوں کی جگہ نئی بھرتی بھی نہیں ہوئی جن کی زلزلے میں موت واقع ہوئی تھی۔ ایک آسامی سترہ گریڈ کی ہے اس لیئے اس پر بھرتی معمول کے مطابق پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہوگی جس میں کافی وقت لگتا ہے۔ دوسری پی ای ٹی کی آسامی کے لیئے بھی مقامی افراد زیر تربیت ہیں۔

نویں کلاس میں تعلیم جاری تھی۔ داخل ہوا تو دروازے پر ہی کمرے کے حبس اور گرمی کے ایک جھونکے نے جھنجوڑ دیا۔ اس چھوٹے سے کمرے میں اسی طالبات ایک دوسرے سے چپکی فرش پر بیٹھی تھیں۔ کمرے میں کھڑکیاں بھی نہ ہونے کے برابر جس کی وجہ سے گھٹن کا احساس ہوا۔ زیادہ لڑکیوں کے لیئے جگہ پیدا کرنے کی خاطر کرسیاں ہٹا کر انہیں فرش پر بیٹھا دیا گیا تھا۔

جگہ کی تنگی کی وجہ سے بچیاں زمین پر بیٹھتی ہیں

ایک طالبہ ماریا نے بتایا کہ انہیں پرانے سکول سے نیا سکول زیادہ پسند ہے۔ اس کی وجہ: ’اس میں زلزلے سے ڈر نہیں لگتا۔ یہ محفوظ ہے‘۔ تاہم اس نے اعتراف کیا کہ اس میں گرمی لگتی ہے۔

مسز وحید نے اس موقع پر مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے دنوں میں تو سکول بند ہوتا ہے لہذا یہ اچھا ہے کیونکہ سردیوں میں یہ گرم ہوگا‘۔

باہر کھلے آسمان تلے تین بڑے خیموں میں دو کلاسیں ایک سو دس دس جبکہ ایک اسی طالبات کی ہے۔ اس میں پڑھ رہی چھٹی جماعت کی ایک طالبہ نے بتایا کہ انہیں گرمی بہت تنگ کرتی ہے۔

ایک ننھی سی طالبہ نے بتایا کہ وہ پڑھ لکھ کر استانی بننا چاہتی ہیں کیونکہ ’یہ ایک با عزت اچھا پیشہ ہے‘۔

وائس پرنسپل کا کہنا تھا کہ مختلف غیرسرکاری تنظیموں نے دورے کرکے ان کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے لیکن ابھی اس سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

سکول
سکول کی کوئی چار دیواری نہیں اور یہ سب کے لیئے کھلا ہے

سکول انتظامیہ سے اجازت لے کر لوٹا تو محسوس ہوا کہ سکول سے کہیں سے بھی داخل ہوا یا نکلا جا سکتا ہے۔ اس کی وجہ سکول کی چار دیواری اور صدر دروازے کا نہ ہونا ہے۔

مسز وحید نے کہا کہ ان کے معاشرے میں لڑکیوں کے سکول کی چار دیواری ایک لازمی جز ہوتا تھا لیکن اب یہ سکول ایک اوپن تھیٹر بنا ہوا ہے۔ جس کا جدھر سے دل کرتا ہے داخل ہوجاتا ہے۔ ’اکثر لوگ تو براہ راست میرے کمرے تک آجاتے ہیں‘۔

میں اس سے قبل زلزلے کے چند روز بعد اور پھر درمیان میں اس سکول کا دورہ کرچکا تھا۔ دونوں مرتبہ سکول کے باہر کتابوں کی ایک چھوٹی سی دوکان کے مالک بابا گل صنوبر سے ملاقات ضرور ہوتی تھی۔ پچھلی مرتبہ دوکان بند تھی، لیکن آج کھلی اور سامان سے بھری پائی تو کیسے گل صنوبر بابا سے بات نہ کرتا۔

اس سکول میں ہونے والی ہلاکتوں کی ذمہ داری پچھلی ملاقات میں بابا جی نے ٹھیکیداروں پر ڈالی تھی اور ان کا مطالبہ تھا کہ پرانی عمارت تعمیر کرنے والوں کو سزا دی جائے۔ آج پوچھا اس بابت کچھ ہوا تو انہوں نے کہا نہیں۔

ایک اور دلچسپ بات باباجی نے بتائی کہ سکول بنا کر شوگر ملز مالکان نے نام تو بہت کما لیا لیکن چینی کی قیمت بھی بیس سے چالیس روپے کر دی ہے۔

’انہوں نے اپنے پیسے تو پورے کر لیے بلکہ زیادہ کما لیئے، مارے تو ہم گئے ہیں۔

زلزلہ پروف سکولزلزلہ پروف سکول
بالاکوٹ میں پری فیبریکیٹڈ سٹیل کا سکول
کشمیری طالبہمظفر آباد گرلز کالج
ٹینٹ کلاسوں میں زندگی اور امید کا سبق
سترہ ہزار بچے ہلاک
زلزلہ: 17000 بچے فوت ہوگئے ہیں: یونیسف
کشمیری لڑکی’ابھی یا کبھی نہیں‘
زلزلے کے متاثرین کے لیے فوری امدادی چاہیے
بالاکوٹ کا رہائشیزلزلے کے سال بعد
بالاکوٹ میں صورتحال تشویشناک
بالاکوٹ سے بکریال
ریڈ زون سے تیس کلومیٹر دور نئے شہر میں
بلڈوزر ملبہ ہٹاتے ہوئےکاروبار زندگی
بالاکوٹ: کسی کی بربادی، کسی کا دھندا
اسی بارے میں
یہ ایک مہینہ
08 November, 2005 | پاکستان
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد