بالاکوٹ سے بکریال | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد میں اکتوبر کے زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر علاقے بالاکوٹ کو حکومت نے ریڈ زون قرار دے کر بکریال کے مقام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ منتقلی ابھی سرکاری فائلوں تک محدود ہے۔ عوام تک مناسب معلومات نہ پہنچنے کی وجہ سے بالاکوٹ اور بکریال دونوں کی آبادیاں خدشات میں گھری ہوئی ہیں۔ بالاکوٹ سے تقریبا تیس کلومیٹر دور پہاڑی علاقے بکریال کے ایک کھیت میں ٹریکٹر نئی فصل کے لیئے زمین جبکہ حکومت یہاں نیا بالاکوٹ بسانے کی غرض سے راے عامہ ہموار کر رہی ہے۔ تقریباً دو سو دور دور پھیلے ہوئے مکانات پر مشتمل بکریال میں کھیتی باڑی ذریعے معاش ہے۔ بالاکوٹ سے مانسہرہ شہر جاتے ہوئے تقریبا بائیس کلومیٹر دور مین روڈ سے ایک چھوٹی سے سڑک بکریال کی جانب نکلتی ہے۔ اس سڑک کی حالت انتہائی خراب ہے۔ جبکہ اس علاقے میں پانی بھی بہت کم دستیاب ہے۔ یہاں جنگلات بھی بے دردی سے کٹ چکے ہیں۔ زلزلے کے بعد یہاں حکومت نے متاثرین کے لیئے ایک خیمہ بستی بھی قائم کی تھی۔ وزیر اعظم شوکت عزیز نے اس کا افتتاح کیا اور یہاں سڑک کی تعمیر اور گیس مہیا کرنے کا اعلان کیا۔ دونوں میں سے کوئی منصوبہ بھی ابھی شروع نہیں ہوا ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس خیمہ بستی میں رہنے کے لیئے بھی کوئی نہیں آیا اور یہ کوشش ناکام ثابت ہوئی۔ لیکن حکام نے پھر بھی اسے نیا بالاکوٹ بسانے کے لیئے چنا ہے۔ بکریال کے چند دیہاتیوں سے پوچھا کہ وہ بالاکوٹیوں کے آنے سے خوش ہیں یا ناراض تو ان کا رردعمل ملا جلا تھا۔ بکریال کے زمیندار محمد درانی کا کہنا تھا کہ اگر حکومت یہاں شہر بسانا چاہتی ہے تو وہ کیا کہ سکتے ہیں۔ ’ہمارے خوش یا خفا ہونے سے کیا ہوگا‘؟ ایک اور رہائشی محمد جاوید کا کہنا تھا کہ اچھا ہے کہ بالاکوٹ والوں کو لا کر بسائیں۔ یہاں پر درے والوں نے جس اراضی پر قبضہ کیا ہوا ہے اس کو دوبارہ آباد کریں۔ ’ہم تو ان درے والوں سے نہیں لڑ سکتے۔ اسی طرح کسی کا شاید فائدہ ہوجائے‘۔ بکریال کے بابر یہاں شہر آباد کرنے کے مخالفین میں سے ایک تھے۔ انہیں خدشہ تھا کہ اس سے ان کا دیہی ماحول خراب ہوگا۔ ’ہمارا دیہی ماحول ہے ہماری عورتیں بھی کھیتوں میں باہر کام کرتی ہیں۔ یہاں رش ہوجائے گا‘۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مخالفت میں ابھی تک آواز نہیں اٹھائی کیونکہ ان سے اس فیصلے کے بارے میں کسی نے اب تک پوچھا ہی نہیں۔ ’کوئی پوچھے گا تو بتائیں گے نہ۔ آپ پہلے شخص ہیں جس نے یہ پوچھا ہے‘۔ میر قلم کا کہنا تھا کہ یہاں اتنی بڑی آبادی کے آنے سے کھچڑی پک جائے گی۔
بکریال کے ناظم حاجی خالد جاوید کا ماننا ہے کہ بالاکوٹ کے یہاں منتقل ہونے سے اس علاقے کو بھی فائدہ ہوگا۔ ’اگر شہر آباد ہوگا تو سہولتیں بھی میسر آئیں گی۔ گیس، کالج ملیں گے۔ اس میں فائدہ ہے نقصان نہیں‘۔ ان کا کہنا تھا کہ بکریال نئے بالاکوٹ کے لیئے دو وجوہات کی بنا پر موضوع ہے۔ ایک تو یہ بالاکوٹ کے قریب ہے تو وہاں کے لوگوں کا تعلق اپنے آبائی علاقے سے رہے گا۔ وہ باآسانی اپنے قبرستان یا دیگر جگہوں تک آ جا سکیں گے۔ دوسری وجہ یہاں اتنی بڑی تعداد میں زمین کی دستیابی ہے۔ یہاں سرکاری زمین بھی ہے اور نجی بھی۔ حکومت کی جانب سے منتقلی کے بارے میں اعلانات سے متاثرین کے خدشات ختم نہیں بلکہ بڑھے ہیں۔ ابھی زمین پر کچھ نہیں بات صرف کاغذوں تک محدود ہے۔ حکومت کے پاس پچیس ہزار کنال زمین موجود ہے جبکہ جنگلات کو بھی ضرورت کے وقت استعمال میں لایا جاسکے گا۔ اس منتقلی سے اراضی کے تنازعات کے خدشات کے بارے میں مانسہرہ کے ناظم سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ مقامی آبادی نے وہاں خمیہ بستی کے قیام کے وقت تحریری طور پر وعدہ کیا تھا کہ وہ یہ اراضی بغیر کسی معاوضے کے حکومت کو دے رہے ہیں اور بعد میں مکانات کی تعمیر کے وقت بھی وہ کچھ نہیں مانگیں گے۔ ’سرکاری زمین بھی کافی ہے لہذا اراضی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا‘۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہاں پر ابتدائی طور پر چھ ہزار مکانات تعمیر کیئے جائیں گے۔ سردار یوسف کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں بڑی تفصیل اور تسلی سے تیاریاں ہو رہی ہیں۔ ’پانی، سڑک اور گیس کے لیئے سروے کیئے جا رہے ہیں۔ اس لیئے یہاں زمین پر فل الحال کوئی پیش رفت دیکھائی نہیں دے رہی ہے‘۔ (اس منتقلی کے بارے میں خود بالاکوٹ کے شہری کیا رائے رکھتے ہیں۔ اس پر روشنی ڈالیں گے اگلی قسط میں) | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||