’نواز کو واپس نہیں بھیجیں گے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صدارتی ترجمان ریٹائرڈ میجر جنرل راشد قریشی نے کہا ہے کہ نواز شریف سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی، وہ اپنی مرضی سے آ رہے ہیں اور کوئی انہیں واپس نہیں بھیجے گا۔ بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ سوال کیا، کہ یہ کس نے کہا ہے کہ ڈیل ہوئی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ ’وہ آرہے ہیں اور ہم نے سنا ہے کہ اتوار کو وہ پہنچ جائیں گے‘۔ اس سوال کے جواب میں کہ صدر مشرف سعودی عرب گئے تھے اور اس طرح کی خبریں آ رہی ہیں کہ وہاں سعودی حکمرانوں ساتھ مل کر کوئی ڈیل ہوئی ہے؟ صدارتی ترجمان نے کہا کہ ’نہیں، جتنا مجھے معلوم ہے بات چیت ضرور ہوئی ہے صدر مشرف کی سعودی حکام سے لیکن وہ بات چیت کیا تھی اس بارے میں مجھے علم نہیں کیونکہ میں وہاں موجود نہیں تھا‘۔ اس سوال کے جواب میں کہ اگر نواز شریف اتوار کو پہنچ رہے تو کیا انہیں واپس سعودی عرب پہنچا دیا جائے گا؟ انہوں نے کہا کہ ’ایسی تو کوئی خبر نہیں ہے میرے پاس‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ’وہ اپنی مرضی سے آ رہے ہیں اور کوئی انہیں واپس نہیں بھیجے گا‘۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سربراہ اور سابق پاکستانی وزیراعظم نواز شریف اتوار کو مدینے سے پاکستان آئیں گے اور ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز اور بھائی شہباز شریف ان کے ہمراہ پاکستان آنے کے لیے برطانیہ سے سعودی عرب پہنچ رہے ہیں۔ اس سے قبل نواز شریف کے بھائی اور پنجاب کے سابق وزیراعلٰی شہباز شریف نے بی بی سی اردو کو انٹرویو میں بتایا تھا کہ نواز شریف نے جمعہ کو سعودی شاہ سے الوداعی ملاقات کی ہے اور وہ عمرے کی ادائیگی کے بعد پاکستان واپس جائیں گے۔ نواز شریف کی واپسی کی خبروں میں تیزی اس وقت سے آئی تھی جب پاکستان کے صدر جنرل مشرف نے اسی ہفتے سعودی عرب کا ایک غیر متوقع دورہ کیا جس میں انہوں نے سعودی شاہ سے ملاقات کی تھی۔ اس دورے کے اعلان کے بعد نواز شریف اور جنرل مشرف کی ملاقات کی خبریں گردش میں تھیں تاہم بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کسی بھی ایسی ملاقات کے امکان کو رد کر دیا تھا۔ یاد رہے کہ بارہ اکتوبر سنہ انیس سو ننانوے کو اس وقت کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل مشرف نے نواز شریف کی حکومت ختم کر کے انہیں حراست میں لے لیا تھا اور بعد ازاں نواز شریف ایک معاہدے کےتحت اپنے خاندان سمیت جلاوطن کر دیے گئے تھے۔ تاہم دس ستمبر کو نواز شریف نے سپریم کورٹ کی جانب سے وطن واپسی کی اجازت ملنے پر پاکستان واپس آنے کی کوشش کی تھی تو انہیں اسلام آباد ائرپورٹ سے ہی ایک خصوصی طیارے کے ذریعے واپس سعودی عرب بھجوا دیا گیا تھا۔ |
اسی بارے میں مشرف سعودی دورے سے واپس21 November, 2007 | پاکستان بینظیر، نواز نامزدگی کی تیاری22 November, 2007 | پاکستان نواز کی واپسی آئندہ چند دن میں:ہاشمی23 November, 2007 | پاکستان APDM کی کال پر احتجاج، گرفتاریاں23 November, 2007 | پاکستان ’نواز شریف نومبر میں پھر واپس‘15 October, 2007 | پاکستان نواز شریف کی دوسری واپسی09 October, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||