BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 03 September, 2007, 14:08 GMT 19:08 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
’مفاہمت یا آمروں کے ساتھ رقص‘

بےنظیر اور مشرف
’جو شیر کی سواری کرتا ہے عام طور پر اس کا شکار ہو جاتا ہے‘
جنرل پرویز مشرف کی پانچ سالہ مدتِ صدارت ختم ہونے کو ہے اور خود کو پاکستان کے لیے ناگزیر تصور کرتے ہوئے دوبارہ منتخب ہونے کی ان کی خواہش نے پاکستان میں سیاسی ماحول کو گرمایا ہوا ہے۔

اس سلسلے میں سامنے آنے والی اہم پیش رفت سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی جنرل مشرف سے شراکت اقتدار کے لیے ممکنہ ’ڈیل‘ ہے، جسے اب وہ ملک میں بحالی جمہوریت کے لیے مفاہمت کہنے لگ گئی ہیں۔

لندن میں دو روز تک (اکتیس اگست اور یکم ستمبر) جاری رہنے والی پاکستان پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور فیڈرل کونسل کی مشترکہ میٹنگ کے بعد اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بے نظیر بھٹو نے کہا کہ حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ق) کے کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ مفاہمت ہو۔

تاہم انہوں نے یہ نہیں کہا کہ مفاہمت کا اب کوئی امکان نہیں رہا۔ حکومتی کیمپ کی طرف سے ’مشرف بےنظیر ڈیل‘ پر تقریباً سب کچھ کہہ دینے والے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا بھی یہی کہنا ہے کہ مذاکرات کے ابھی ایک یا دو دور مزید ہونگے۔

ڈیل کے مسائل
 ڈیل صدر مشرف کے موجودہ اسمبلیوں سے دوبارہ انتخاب، تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہونے کے لیے آئین میں ترمیم، اور بلدیاتی اداروں کی معطلی (یا برخاستگی) جیسے امور پر اٹکی ہوئی ہے
شیخ رشید

شیخ رشید کے مطابق ’ڈیل‘ صدر مشرف کے موجودہ اسمبلیوں سے دوبارہ انتخاب، تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہونے کے لیے آئین میں ترمیم، اور بلدیاتی اداروں کی معطلی (یا برخاستگی) جیسے امور پر اٹکی ہوئی ہے۔

فوجی وردی کے بارے میں بے نظیر بھٹو کہہ چکی ہیں کہ وہ صدر مشرف اتارنے پر رضامند ہو چکے ہیں، یعنی وہ آرمی چیف کا عہدہ چھوڑنے کو تیار ہیں۔ شیخ رشید بھی کہتے آ رہے ہیں کہ وردی اب مسئلہ نہیں رہی۔

پیپلز پارٹی سے مفاہمت میں تعطل آ جانے پر امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں حکمراں جماعت کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے بھی کہا ہے کہ موجودہ اسمبلیوں سے اگلی پانچ سالہ مدت کے لیے منتخب ہونے کے بعد صدر مشرف آرمی چیف کے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا نہ ہو سکا تو موجودہ اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی اور نئی اسمبلیوں سے صدر منتخب ہونے تک جنرل مشرف وردی میں ہی رہیں گے۔

اس سے قبل چوہدری شجاعت حسین پیپلز پارٹی سے مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں مذہبی جماعتوں کے اتحاد ایم ایم اے کے سیکرٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مولانا فضل الرحمنٰ سے بات چلانے کا عندیہ دے چکے ہیں۔

جنرل مشرف صدر تو وردی میں ہی منتخب ہونگے: چوہدری شجاعت

بےنظیر بھٹو نے بھی حکومت کے اسی ’پلان بی‘ کو بھانپتے ہوئے اور اپنے مغربی سامعین کو سامنے رکھتے ہوئے اخباری کانفرنس میں صدر مشرف سے مفاہمت میں حکمراں جماعت کے ان لوگوں کو رکاوٹ قرار دیا جو ’انتہاپسندانہ مذہبی رحجانات‘ رکھتے ہیں۔

ادھر مولانا فضل الرحمنٰ نے بھی اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں جمہوریت کی خاطر صدر مشرف کی حمایت کرنے کی بات کی ہے۔ انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ وگرنہ جنرل مشرف مارشل لاء لگا سکتے ہیں۔

لیکن مبصرین کا خیال ہے کہ طالبان نواز مولانا فضل الرحمنٰ سے شراکت اقتدار موجودہ عالمی اور علاقائی حالات میں ’خودکش فیصلہ‘ ثابت ہوگا، کیونکہ وہ بطور قائد حزب اختلاف یا ’انتظار میں بیٹھی حکومت‘ کے طور پر جنرل مشرف کے لیے زیادہ سودمند ہیں۔

جنرل مشرف کی آئینی مجبوری یہ کہ اگر ان کو موجودہ اسمبلیوں سے منتخب ہونا ہے تو انہیں پندرہ ستمبر سے پندرہ اکتوبر کے درمیان ایسا کرنا پڑے گا۔ ان کی مدت صدارت پندرہ نومبر کو ختم ہو رہی ہے اور آئین کے مطابق صدارتی

آمریت کے تباہ کن نتائج
 مغرب اپنے مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان میں ہمیشہ فوجی حکمرانوں کی حمایت کرتا رہا ہے، جس کے پاکستان اور دنیا دونوں کے لیے تباہ کن اثرات سامنے آئے ہیں
بےنظیر بھٹو
انتخابات اس سے قبل ساٹھ دن یا بعد میں تیس دن کے اندر ہو جانے چاہیں۔

نو مارچ سے پہلے صدر مشرف ناقابل تسخیر طاقت کے حامل نظر آ رہے تھے۔ لیکن چیف جسٹس کے مستعفی ہونے سے انکار اور پھر وکلاء کی تحریک اور سپریم کورٹ کی طرف سے انہیں بحال کرنے کے غیر معمولی فیصلے نے وردی کے ’رعب و دبدبے‘ کو گہنا دیا ہے۔

عدالتی فعالیت نے جنرل مشرف کی طرف سے کوئی غیر آئینی راستہ اختیار کرنے کے امکان کو کافی حد تک مسددو کر دیا ہے اور اوپر سے معزول وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے حق میں فیصلہ دے کر ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

جنرل مشرف کی صدارتی مدت اس وقت ختم ہو رہی ہے جب انہیں ’دہشتگردی کے خلاف جنگ‘ کے حوالے سے مغربی ذرائع ابلاغ اور تھنک ٹینک اداروں کی کڑی تنقید کا سامنا ہے۔ طالبان نہ صرف افغانستان میں دوبارہ منظم ہوگئے ہیں بلکہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں بھی ان کے پاکستانی ساتھیوں نے سکیورٹی فورسز کو بے بس کیا ہوا ہے۔


اب یہ بات کوئی ڈھکی چھپی نہیں رہی کہ امریکہ اور برطانیہ جنرل مشرف اور بےنظیر بھٹو کے درمیان شراکتِ اقتدار کے لیے سودے بازی میں دلچپسی لے رہے
طالبان نہ صرف افغانستان میں دوبارہ منظم ہوگئے ہیں بلکہ پاکستان میں بھی سکیورٹی فورسز کو بے بس کیا ہوا ہے
ہیں۔ نوجوان برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملیبینڈ اور اقوام متحدہ میں امریکی سفیر زلمے خلیلزاد اس حوالے سے خاصے متحرک بتائے جا رہے ہیں۔

اپنی سوانح عمری ’ڈاٹر آف دی ایسٹ‘ میں بے نظیر بھٹو پاکستان میں جمہوریت نہ پنپنے کے حوالے سے گِلہ کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ مغرب اپنے مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان میں ہمیشہ فوجی حکمرانوں کی حمایت کرتا رہا ہے، جس کے پاکستان اور دنیا دونوں کے لیے تباہ کن اثرات سامنے آئے ہیں۔

مغرب کے اس رحجان کو ’آمروں کے ساتھ رقص‘ کہتے ہوئے وہ سابق امریکی صدر جان ایف کینیڈی کی ایک تقریر کا حوالہ دیتی ہیں، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’وہ جو شیر کی سواری کرتا ہے عام طور پر اس کا شکار ہو جاتا ہے۔‘

لیکن حالات کی ستم ظریفی دیکھیے کہ مغرب کو نصحیت کرنے والی بےنظیر بھٹو اقتدار کے رقص میں اب خود ایک فوجی حمکراں کا ہاتھ تھامنے کو تیار نظر آ رہی ہیں۔ اب دیکھنا یہ کہ ’ڈیل‘ کے ذریعے آیا بےنظیر شیر کو اس کے پنجرے میں بند کرنے میں کامیاب ہوتی ہیں یا خود اس کا شکار بنتی ہیں۔

مشرف پر سیاسی دباؤ
جنرل مشرف پر (ق) لیگ کے خدشات اور تحفظات
 بینظیر بھٹو’کوئی مقابلہ نہیں‘
نواز شریف اور میرا ایک ہی راستہ ہے: بینظیر بھٹو
شرکتِ اقتدار پیکج
’امید ہے کہ پی پی مشرف مذکرات ناکام نہ ہوں گے‘
ڈیل کے لیے دباؤ
امریکہ کا تمام معتدل قوتوں سے رابطہ ہے
ساٹھ سال کی داستان
پاکستان سیاسی بھنور کی گرفت میں
نواز شریف’فوج سے ڈیل نہیں‘
ہمیں شوکت عزیز بننا قبول نہیں ہے: نواز شریف
بینظیر سے ’ڈیل‘
چودھری برادران کی مشکلات میں اضافہ
اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد