 | | | ’ہم وطن واپسی کے لیے اپنا علیحدہ منصوبہ بنا رہے ہیں‘ |
پاکستان کی سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کی چیئر پرسن بےنظیر بھٹو نے کہا ہے ان کا تاحال مشرف حکومت سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا اور وہ جلد ہی وطن واپس جائیں گی۔ لندن میں پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بینظیر بھٹو کا کہنا تھا کہ وہ چودہ ستمبر کو اپنی وطن واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ’ ہم وطن واپسی کے لیے اپنا علیحدہ منصوبہ بنا رہے ہیں‘۔ بینظیر بھٹو نے کہا کہ وہ بحالی جمہوریت کے لیے موجودہ حکومت سے رابطے میں رہی ہیں لیکن حکومت اور ان کے درمیان شراکتِ اقتدار کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا ہے اور مذاکرات جمود کا شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی مفاہمت کی ضرورت ہے اور پیپلز پارٹی پاکستان میں جمہوریت کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ’ہمیں میانہ روی اور جمہوریت کی جانب پلٹنے اور اس بات کا یقین کرنے کی ضرورت ہے کہ حکومتی رٹ ملک کے طول وعرض میں قائم ہو‘۔ بینظیر بھٹو کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ(اے پی ڈی ایم) کا حصہ نہیں ہے بلکہ وہ اے آر ڈی میں شامل ہے اور اے آر ڈی میں شامل ہونے والوں کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ |