سمجھوتہ ابھی نہیں ہوسکا: بینظیر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بےنظیر بھٹو کا کہنا ہے کہ (صدر مشرف سے) جمہوریت کی بحالی کے لیے ابھی تک سمجھوتہ نہیں ہو سکا۔ وہ لندن میں اپنی پارٹی کی مرکزی کمیٹی اور فیڈرل کونسل کے جمعہ کی دوپہر شروع ہونے والے اجلاس کے آغاز سے پہلے صحافیوں کے سوالوں کا جواب دے رہی تھیں۔ ان سے جب پوچھا گیا کہ آیا وہ ان مذاکرات کی کامیابی کے حوالے سے پر امید ہیں، تو ان کا کہنا تھا: ’ہم ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔‘ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے اور سپریم کورٹ آف پاکستان نے انہیں اس کی اجازت بھی دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں سابق وزرائے اعظم میں کوئی مقابلہ نہیں ہے اور دونوں ملک میں جمہوریت کی بحالی کی کوشش کر رہے ہیں۔ ’ہمارا راستہ ایک ہی ہے۔‘
پارٹی کی مرکزی کمیٹی کی میٹنگ کے ایجنڈے کے بارے میں ان کا کہنا تھا ’حکومت سے جاری مذاکرات، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور میری وطن واپسی کے پروگرام پر غور کیا جائے گا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی صورتحال کی وجہ سے پیپلز پارٹی کسی ایسے اتحاد میں شامل نہیں ہوئی جس میں ایم ایم اے بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جاری آپریشن، (نواب اکبر) بگٹی صاحب کی ہلاکت اور دوسرے سیاسی رہنماؤں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی وجہ سے ایم ایم اے کو بلوچستان حکومت سے علیحدہ ہو جانا چاہیے تھا۔ بےنظیر بھٹو نے جمعہ کو لندن میں برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ سے ملاقات بھی کی۔ اس حوالے سے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانوی وزیرخارجہ کے ساتھ میٹنگ میں پاکستان کی سیاسی صورتحال اور متوقع انتخابات زیربحث آئے۔ ان سے جب کہا گیا کہ کیا برطانوی حکومت نے ان کی حمایت کا کوئی عندیہ دیا ہے، تو بےنظیر بھٹو کا کہنا تھا: ’ہم نے صرف پاکستان کی سیاسی صورتحال پر بات کی ہے۔‘ پیپلز پارٹی کی مرکزی کمیٹی اور فیڈرل کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے نمایاں رہنماؤں میں مخدوم امین فہیم، جہانگیر بدر، مخدوم شاہ محمود قریشی، نوید قمر، خورشید شاہ، قائم علی شاہ، ناہید خان اور شیری رحمان شامل تھے۔ پیپلزپارٹی کی سنٹرل کمیٹی کا اجلاس دو روز تک جاری رہے گا، جس کے اختتام پر سنیچر کو ایک اخباری کانفرنس کے ذریعے ایجنڈے کے حوالے سے ہونے والے فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔ |
اسی بارے میں ’سودے بازی نہیں ہونے دیں گے‘30 August, 2007 | پاکستان کسی سےڈیل نہیں ہوئی: درانی 30 August, 2007 | پاکستان وردی اتارنے پر رضامند: بینظیر29 August, 2007 | پاکستان مشرف کے ہاتھ سے وقت نکل رہا ہے: بینظیر16 August, 2007 | پاکستان بینظیر کا ریڈ نوٹس کالعدم07 August, 2007 | پاکستان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||