’نواز، شہباز شریف وطن واپس آسکتے ہیں‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
شریف برادران کی آئینی درخواستوں کی سماعت کرنے والے سپریم کورٹ کے سات رکنی بینچ نے قرار دیا ہے کہ دونوں بھائی بغیر کسی رکاوٹ کے وطن واپس آ سکتے ہیں۔ سات رکنی لارجر بینچ کے سربراہ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مسلم لیگ نواز کے صدر میاں شہباز شریف پاکستان کے شہری ہیں اور آئین کی آرٹیکل پندرہ کے تحت ان کو وطن واپس آنے سے نہیں روکا جا سکتا۔ سپریم کورٹ کے بینچ نے اپنے مختصر فیصلے میں وفاقی حکومت، چاروں صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی کہ شریف برادران کی وطن واپسی میں کسی بھی نوعیت کی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ اس سے پہلے سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے فریقین کے وکلاء کے دلائل کی سماعت مکمل کی ہے اور اعلان کیا کہ اس بارے میں وہ اپنا مختصر فیصلہ پاکستانی وقت کے مطابق چار بجے سنائے گا۔ بینچ کے سامنے حکومت کی طرف سے اٹارنی جنرل ملک محمد قیوم اور وفاق کے دو وکلاء بیرسٹر احمد رضا قصوری اور راجہ ابراہیم ستی نے دلائل دیئے۔ شریف خاندان کے وکیل جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم نے آئینی درخواست کی حمایت میں دلائل دیے۔ اٹارنی جنرل ملک محمد قیوم نے اپنے دلائل میں آئینی درخواستوں کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق دلائل دینے کی بجائے اس بات پر زور دیا کہ عدالت کو ان آئینی درخواستوں کی سماعت نہیں کرنی چاہیے کیونکہ یہ اس کے دائرہ کار میں نہیں آتیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کا معاملہ دو فریقوں کے درمیان طے پانے والا ایک معاملہ ہے جس میں ایک دوست ملک بھی شریک ہے۔ سماعت کے دوران صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرل صاحبان نے بھی دلائل دیے۔ پنجاب کے ایڈووکیٹ جنرل نے آئینی درخواست کی مخالفت کی جبکہ سرحد کے ایڈووکیٹ جنرل نے اس کی حمایت میں دلائل دیے۔ مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد پاکستان مسلم لیگ نواز کے کارکن سپریم کورٹ پہنچنا شروع ہو گئے۔ سماعت کے دوران وفاق کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا کہ شریف خاندان رضاکارانہ طور پر اپنی مرضی سے ملک سے باہر گئے ہیں۔ اس پر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے صدر مشرف کی کتاب ان دا لائن آف فائر کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس میں لکھا گیا ہے کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف ملک سے نہیں جانا چاہتے تھے۔ عدالت نے صدر مشرف کی کتاب احمد رضا قصوری کے حوالے کی اور انہیں متعلقہ صفحات پڑھنے کو کہا اور ان کے بیان کو ریکارڈ کا حصہ بنا لیا۔ عدالت کے استفسار پر احمد رضا قصوری نے بتایا کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی واپسی سے متعلق کوئی منفی عدالتی فیصلہ موجود نہیں ہے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر کوئی منفی عدالتی فیصلہ موجود نہیں ہے تو وہ وطن واپس آ سکتے ہیں۔ وفاق کے دوسرے وکیل راجہ ابراہیم ستی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اٹھائیس مئی انیس سو اٹھانوے سے ملک میں ایمرجنسی لاگو ہے۔ اس پر عدالت نے ابراہیم ستی سے کہا کہ وہ ذرا سوچ کر بیان دیں کیونکہ ان کا یہ بیان انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس کے دوررس نتائج ہو سکتے ہیں۔ عدالت کے پوچھنے پر اٹارنی جنرل ملک محمد قیوم نے ایمرجنسی سے متعلق بیان کی وضاحت کے لیے بیس منٹ کی مہلت مانگی جس پر عدالت کی کارروائی بیس منٹ کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ اپنی عدالت میں واپسی پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ ملک میں انسانی حقوق بحال ہیں اور کوئی ایمرجنسی نہیں۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ عدالت اس آئینی پٹیشن کا فیصلہ آج ہی کرنا چاہتی ہے کیونکہ ہو سکتا ہے کہ چند روز بعد لارجر بینچ کے کچھ جج صاحبان تعطیلات کی وجہ سے دستیاب نہ ہوں۔ اس سے قبل صبح کی کارروائی کے دوران سات رکنی بینچ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے عدالت میں جمع کرائی جانے والی دستاویزات معاہدہ کی ذیل میں نہیں آتیں اور انہیں صرف عہد نامہ کہا جا سکتا ہے۔ سماعت کے آغاز میں نواز شریف خاندان کے وکیل جسٹس فخرالدین جی ابراہیم نے پٹیشنوں کی حمایت میں دلائل دیے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل پندرہ کے تحت ملک کے ہر شہری کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ جب چاہے بلا کسی روک ٹوک کے وطن واپس آ سکتا ہے۔ پٹیشنوں کے خلاف دلائل دیتے ہوئے وفاق کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا کہ شریف خاندان کی طرف سے دائر کی جانے والی پٹیشنیں قابل سماعت نہیں ہیں۔ عدالت کے استفسار پر انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ایک دوست ملک سے شریف خاندان کے معاہدوں کی اصل کاپیاں حاصل کر لی ہیں۔ اس پر بینچ میں شامل جسٹس محمد رضا خان نے کہا کہ ان دستاویزات کو معاہدے نہ کہا جائے کیونکہ ان پر صرف ایک فریق کے دستخط موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان دستاویزات کو زیادہ سے زیادہ عہد نامے کہا جا سکتا ہے۔ |
اسی بارے میں جمہوریت اور انصاف کی فتح ہے03 August, 2007 | پاکستان واپسی کی سماعت 16 اگست کو09 August, 2007 | پاکستان تحریری معاہدہ موجود ہے: قیوم17 August, 2007 | پاکستان ’کوئی تحریری معاہدہ نہیں ہوا‘17 August, 2007 | پاکستان ’انحراف کی صورت میں سزا بحال‘17 August, 2007 | پاکستان شریف خاندان،نیب مقدمے پھرشروع17 August, 2007 | پاکستان جلاوطنی معاہدے کی نقل عدالت میں22 August, 2007 | پاکستان دستاویزات کے لیے مزید تین ہفتے22 August, 2007 | پاکستان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||