’پنجابی طالبان کون؟‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
وزیرستان میں جنگ ایک بار پھر بھڑک اٹھی ہے لیکن اس کے اسباب، محرکات اور کردار ماضی میں ہونے والی جنگوں سے قطعی مختلف نظر آتے ہیں۔ اس ہفتہ شروع ہونے والی جھڑپیں، جن میں سرکاری اہلکاروں کے مطابق اب تک تیس کے قریب جنگجو مارے جا چکے ہیں ، مبینہ طور پر ازبک اور مقامی جنگجوؤں کے بیچ ہوئی ہیں۔ علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ازبک جنگجو اپنے لیڈر طاہر یلداشوف کی قیادت میں لڑ رہے ہیں جبکہ مقامی قبائلی جنگجوؤں کی قیادت ایک نیا گروہ کر رہا ہے جسے مقامی لوگ’پنجابی طالبان‘ کہہ رہے ہیں۔ ازبک جنگجوؤں کی پاکستان کے قبائلی علاقوں میں موجودگی کا ذکر تو کافی دیر سے چل رہا ہے اور اس سے پہلے بھی ان کی مقامی لوگوں سے جھڑپوں کی خبریں آتی رہی ہیں لیکن پنجابی مجاہدین کا ذکر پہلی بار منظر عام پر آ رہا ہے۔
لگ بھگ دو ماہ قبل جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا سے یہ اطلاعات ملنا شروع ہوئیں کہ وہاں پنجاب اور پاکستان کے دوسرے علاقوں سے جنگجوؤں کے چھوٹے چھوٹے گروہ آ کر بسنا شروع ہو گئے ہیں۔ اس کے کچھ عرصہ بعد اطلاعات ملیں کہ ان لوگوں کی تعداد سینکڑوں میں پہنچ گئی اور مقامی لوگوں نے ان کا نام پنجابی مجاہدین رکھ دیا ہے۔ اس وقت تک ازبک جنگجوؤں کی مقامی قبائلیوں سے جھگڑوں کی خبریں عام ہو چکی تھیں لیکن ان کی ازبک جنگجؤوں کے ساتھ جھگڑوں کی کوئی واضح مثال سامنے نہیں آئی تھی۔ تقریباً ایک ہفتہ قبل جنوبی وزیرستان سے اطلاع ملی کہ پیر باغ کے علاقے سے دو عربی جنگجوؤں کی سر کٹی لاشیں ملی ہیں جس سے پورے علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی ہے۔ ہر طرف سرگوشیاں ہونے لگیں کہ یہ قتل ازبک جنگجوؤں نے کیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق عربی جنگجوؤں کے قتل کے بعد غیر ملکی اور مقامی جنگجوؤں نے وانا کے اردگرد کی پہاڑیوں میں ایک دوسرے کے خلاف مورچہ بندی شروع کر دی۔ غیر ملکی جنگجوؤں میں زیادہ تر ازبک تھے لیکن انھیں چند مقامی قبائلی گروہوں کی حمایت بھی حاصل تھی۔ دوسری جانب مقامی جنگجوؤں میں ایک بہت بڑی تعداد ان لوگوں کی بھی تھی جنہیں علاقے میں پنجابی مجاہدین کہا جا رہا ہے۔
پھر سننے میں آیا کہ غیرملکی اعظم ورسک اور کلوشہ کے علاقے میں مورچہ بند ہو گئے ہیں جبکہ پنجابی جنگجوؤں کے نام سے جانے والا گروہ دزاغندائی اور شین ورسک کے علاقے میں ہتھیار بند ہو گیا ہے۔ اس دوران یہ اطلاعات بھی آ رہی تھیں کہ ایک مقامی جرگے نے ازبک لیڈر طاہر یلداشوف سے ملاقات کی لیکن انہوں نے جرگے کی جانب سے کی جانے والی جنگ بندی کی درخواست ٹھکرا دی۔ اتوار کی رات کو ایک اور قتل کی خبر اس انتہائی کشیدہ صورتحال کو اس مقام پر لے گئی جہاں سے واپسی ممکن نہ تھی۔ مشہور عربی کمانڈر شیخ اسداللہ کو اعظم ورسک کے علاقے میں قتل کر دیا گیا۔ شیخ اسداللہ نے 2002 میں شیخ عبدالرحمٰن کی ایک فوجی ایکشن میں ہلاکت کے بعد وزیرستان میں عربی جنگجوؤں کی کمان سنبھالی تھی۔
اگلے ہی دن دونوں طرف کے نظر بند جنگجو ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑے اور اگر پاکستان کے فوجی ترجمان جنرل وحید کی اطلاعات درست ہیں تو اس جنگ میں اب تک دونوں طرف سے تیس کے قریب فریقین ہلاک ہو چکے ہیں۔ آخری خبریں آنے تک جنگجو کمانڈر بیت اللہ محسود اور سراج الدین حقانی کی اپیل پر دونوں فریق وقتی طور پر جنگ بندی پر رضامند ہو چکے ہیں لیکن یہ کوئی نہیں کہ سکتا کہ نازک صورتحال پھر کب بھڑک اٹھے۔ لیکن سوموار کو ہونے والے واقعات نے بہت سے نئے سوال اٹھائے ہیں جن کے جواب کے بغیر وزیرستان کی تیزی سے بگڑتی صورتحال کو سمجھنا ناممکن ہے۔ان میں سب سے اہم سوال یہ ہے کہ یہ پنجابی جنگجو کون ہیں اور یہ اتنی آسانی سے ایک ایسے علاقے میں کیسے جا بسے جہاں فرشتوں کے بھی پر جلتے ہیں۔ |
اسی بارے میں طالبان اور القاعدہ کا ایک نکاتی ایجنڈا09 March, 2007 | پاکستان بیت اللہ محسود کے ساتھی گرفتار؟09 March, 2007 | پاکستان تین شدت پسند، ایک فوجی ہلاک10 March, 2007 | پاکستان پاک افغان جرگہ کا اجلاس شروع12 March, 2007 | پاکستان وزیرستان: طالبان میں کشیدگی کم 12 March, 2007 | پاکستان طالبانائزیشن کی پہنچ پشاور تک؟18 March, 2007 | پاکستان وزیرستان لڑائی میں درجنوں ہلاک20 March, 2007 | پاکستان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||