وزیرستان، زندگی کی چہل پہل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں حکومت اور مقامی طالبان کے درمیان امن معاہدے کے بعد متاثرہ علاقے میں زندگی تیزی سے معمول کی جانب بڑھ رہی ہے۔ صدر مقام میران شاہ میں گزشتہ کئی ماہ کی غیریقینی اور خوف کی صورتحال سے نجات ملنے پر بدھ کو مقامی کاروبار میں تیزی دیکھی گئی ہے۔ اردگرد کے دیہات سے بڑی تعداد میں خریدار بھی بازار میں دیکھے گئے۔ میران شاہ بازار کے ایک دکاندار عبداللہ شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ بازار میں رش ہے۔ ’کل کے معاہدے سے حالات میں بہت بہتری آئی ہے۔ الحمد اللہ کاروبار کافی بہتر ہوا ہے‘۔ مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ ایک بڑی تعداد میں ان کے ساتھی پنجاب اور ملک کے دیگر حصوں کی جانب بھی روانہ ہوئے ہیں تاکہ بازار کے کے لیئے تازہ سامان خرید سکیں۔ ایک تاجر کا کہنا تھا کہ اس سے قبل وہ جنگ کے خوف کی وجہ سے دکانوں میں زیادہ مال نہیں ڈال رہے تھے لیکن اس معاہدے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ چند ہفتوں بعد ملک میں رمضان کا آغاز ہونے والا ہے تو اس کے لیئے بھی خریداری کا یہی وقت ہے۔ اس برس کے اوائل سے شمالی وزیرستان میں واقعات نے مقامی آبادی کی ناصرف کاروبار بلکہ معاشرتی زندگی پر بھی منفی اثرات مرتب کیئے تھے۔ بازار کے رش میں آج مقامی طالبان بھی مسلح حالت میں دیکھائی دیئے۔ لیکن ہر زبان پر کل کے معاہدے کا تذکرہ تھا۔ ہر کوئی اس معاہدے پر خوشی کا اظہار کر رہا تھا۔ ساتھ میں وہ پرُامید بھی تھے کہ اس سے خطے میں پائیدار امن بحال ہوسکے گا۔ ادھر شمالی وزیرستان کے رزمک کے علاقے میں جمعیت طلبہ اسلام کے زیر اہتمام ’صلح کا پیغام’ کے عنوان سے ایک اجتماع منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں جنوبی اور وزیرستان کے طالبان کے علاوہ مقامی قبائلی رہنماؤں نے شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں میران شاہ امن معاہدے کا خیرمقدم کیا۔ طالبان رہنماوں نے واضح کیا کہ وہ امن عامہ کی صورتحال خراب نہیں کرنا چاہتے لیکن ساتھ میں حکومت کو بھی چاہیئے کہ وہ احتیاط سے کام لے اور کوئی ایسا قدم نہ اٹھائے جس کی وجہ سے حالات دوبارہ خراب ہوں۔ | اسی بارے میں گرینڈ جرگہ، حکومت کی ہوش مندی06 September, 2006 | پاکستان پاکستان حکومت اور طالبان کا معاہدہ05 September, 2006 | پاکستان وزیرستان: گرینڈ جرگے پر پابندی27 July, 2006 | پاکستان شمالی وزیرستان: دو فوجی ہلاک27 July, 2006 | پاکستان شمالی وزیرستان: مزید قیدی رہا 24 July, 2006 | پاکستان سات سکیورٹی اہلکار ہلاک26 June, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||