گیری کسپاروو کی سیاست کتنی مؤثر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
گیری کسپاروو ایک اہم شخصیت ہیں۔ انیس سو پچاسی میں شطرنج کے عالمی چیمپیئن بننے والے وہ دنیا کے سب سے کم عمر کھلاڑی تھے۔ اگلے بیس سالوں کے دوران بھی وہ اپنے مخالفین کو شکست دیتے رہے اور شطرنج کی دنیا میں نمبر ون رہے۔ دوسرے الفاظ میں گیری کسپاروو کی طاقت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ لیکن اب سیاست کی دنیا میں ان کو دوسری قسم کے مخالفین کا سامنا ہے جو اپنا داؤ پیچ کسی ضوابط کے تحت نہیں چلتے۔ میری ملاقات مسٹر کسپاروو سے سینٹ پیٹرسبرگ ہوائی اڈے کے باہر ایک بس اسٹاپ پر ہوئی۔ نیلے رنگ کی بیس بال کیپ اور ڈینِم جیکٹ پہنے ہوئے کسپاروو کسی بھی عام روسی سیاست دان کی طرح نہیں دکھائی دے رہے تھے۔ روسی سیاست دان چمکیلے سوٹ پہنے ہوئے ہوتے ہیں اور کالے شیشے والی لمبی کاروں میں سفر کرتے ہیں۔ آجکل گیری کسپاروو سے منسلک ایک اہم بات یہ ہے کہ ان کے ساتھ ان کے محافظ بھی ہوتے ہیں، کالے چشمے پہنے ہوئے ہٹے کٹے نوجوان۔ روسی سیاست ایک گندا کھیل ہے۔
سات سال قبل ولادمیر پوتن کے اقتدار میں آنے کے بعد سے روس میں حکومت مخالف جماعتوں کا لگ بھگ صفایا ہوگیا ہے۔ روسی پارلیمان پر بھی حکومت حامی دو جماعتوں ’متحد روس‘ اور ’انصاف پسند روس‘ کا کنٹرول ہے۔ روس کے اہم ذرائع ابلاغ بھی حکومت کے کنٹرول میں ہیں اور مخالفین کو خاموش کردیا گیا ہے۔ گیری کسپاررو کو اس بات پر یقین ہے کہ صدر ولادمیر پوتن کے لیے سیاسی مخالفت اب صرف پارلیمان کے باہر سے ہی آسکتی ہے، اور اس کا مطلب ہے کہ سڑکوں پر اترا جائے۔ سینٹ پیٹرسبرگ میں موسم خوشگوار تھا اور گیری کسپاروو لڑنے کے موڈ میں۔ انہوں نے بتایا کہ ’کوئی بھی پولیس ریاست سڑکوں پر ہونے والے مظاہروں سے فکرمند ہوجاتی ہے۔‘ کسپاروو کے مطابق روسی حکمرانوں کو ’معلوم ہے کہ عوام ان سے ناخوش ہیں۔ (مظاہرین کی تعداد) آج پانچ ہزار ہوسکتی ہے، کل پچاس ہزار۔ حکومت کو احساس ہے کہ وہ غیرمستحکم ہے، وہ بڑھتے ہوئے احتجاج سے آگاہ ہے۔‘ دوپہر کے قریب شہر کے مرکز میں ہجوم جمع ہونا شروع ہوا۔ لیکن یہ کسی ایسے سیاسی مظاہرے کی طرح نہیں تھا جو میں نے اس سے قبل دیکھے تھے۔ اس ریلی میں شرکت کے لیے ہر ایک کو پہلے اپنا شناختی کارڈ پولیس کو دکھانا پڑا، جسم کی تلاشی ہوئی اور سکیورٹی آلات کی نظر سے گزرنا پڑا۔ لگ بھگ ایک گھنٹے کے بعد مظاہرین کوئی ایک ہزار ہونگے لیکن وہاں بڑی تعداد میں موجود پولیس والوں کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں۔
مسٹر کسپاروو کی قیادت میں ریلی شروع ہوئی۔ مظاہرین میں لِبرل خیالات کے حامی، ماحولیات کے دفاع کے لیے لڑنے والی تنظیموں کے کارکن، اور ان کے ساتھ ساتھ نسلی انتہاپسند بھی۔ ہے نہ عجیب بات۔ کچھ دیر بعد یہ ریلی ایک چرچ کے سامنے یوں ہی ختم بھی ہوگئی۔ نئے روسی ریلی کے بعد میں ایک روسی خاندان سے ملنے گیا۔ چوبیس سالہ جِنیا اور ان کے شوہر وہ لوگ ہیں جنہیں اس ملک میں ’نئے روسی‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، یعنی وہ جنہیں صدر پوتن کی حکومت سے کچھ فائدہ پہنچا ہے۔
’میں نہیں کہتی کہ پوتن سب سے اچھے ہیں، لیکن ان کے بدلے میں کون ہوسکتا ہے؟ ہماری زندگیاں روز بہ روز بہتر ہورہی ہیں، میں امید کرتی ہوں کہ بہتری آتی رہے گی۔ میں چاہتی ہوں کہ صدر پوتن ایک اور مدت کے لیے اقتدار میں رہیں۔‘ اور یہ ایک حقیقت ہے۔ صدر پوتن کو بیرون روس ضرور ناپسند کیا جاتا ہو۔ لیکن ملک کے اندر ان کی مقبولیت اتنی زیادہ ہے کہ جارج بش اور ٹونی بلیئر سوچ بھی نہیں سکتے۔ البتہ یہ ضرور ہے کہ صدر پوتن نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے، اظہار خیال کی آزادی پر پابندیاں عائد کی ہیں، اور ہاں ان کی خفیہ پولیس ایک بار پھر روسی ریاست کی طاقتور شاخ بن کر ابھر رہی ہے۔ لیکن بیشتر روسیوں کے لیے صدر پوتن ایک مسیحا ہیں جنہوں نے انیس سو نوے کے عشرے کے انتشار پر قابو پایا اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ صدر پوتن خوش قسمت ثابت ہوئے ہیں۔ اگر تیل کی قیمتیں آسمان نہیں چھوتیں، تو یہ کہانی کچھ مختلف ہوتی۔ لیکن ان دنوں سوویت ریاست کے اس سابق خفیہ پولیس اہلکار کو شطرنج کے سابق عالمی چیمپیئن کی مخالفت پر کوئی فکر نہیں ہے۔ |
اسی بارے میں اصلاحات: بُش کی روس پر تنقید05 June, 2007 | آس پاس جی ایٹ اجلاس پر تناؤ کا سایہ06 June, 2007 | آس پاس ماسکو ریلی: کسپاروف گرفتار14 April, 2007 | آس پاس روس: سینکڑوں کا مظاہرہ، گرفتاریاں15 April, 2007 | آس پاس میزائل نظام نصب کریں گے: رائس15 May, 2007 | آس پاس استونیا نے روس کی یادگار ہٹا لی 27 April, 2007 | آس پاس امریکہ’بہت خطرناک‘ ہے: پوتن10 February, 2007 | آس پاس برما قرارداد، روس اور چین کو نامنظور13 January, 2007 | آس پاس | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||