 |  جان کیری نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے صدارتی انتخاب کی مہم جس طرح چلائی اس پر انہیں فخر ہے |
جان کیری نے کہا ہے کہ صدارتی انتخاب پر 11/9 کے حملوں کا موضوع چھایا ہوا تھا اور اس پس منظر میں اس وقت اسامہ بن لادن کے ویڈیو پیغام نے ان کے انتخاب پر شکست کی مہر لگا دی۔ این بی سی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ انہیں رائے عامہ کے سروں میں جارج ڈبلیو بش پر برتری حاصل تھی لیکن ٹیپ نے نشر ہوتے ہی اس برتری کو اٹھا پھینکا۔ مسٹر جان کیری کا کہنا تھا کہ 2004 کے انتخابات میں سکیورٹی کا معاملہ سرِ فہرست تھا جو بتدریج صدر بش کی فتح کا باعث بن گیا۔ اسامہ بن لادن کا ویڈیو پیغام انتخابات کے لیے ووٹنگ سے کچھ ہی دن قبل دکھایا گیا اور اس میں امریکیوں سے کہا گیا تھا کہ وہ بش یا کیری میں سے کسی کی بھی حمایت نہ کریں۔ یہ پیغام کچھ یوں تھا: آپ کی سلامتی جان کیری، بش یا القاعدہ کے ہاتھوں میں نہیں۔ آپ کی سلامتی خود آپ کے اپنے ہاتھوں میں ہے۔ پیغام میں مزید کہا گیا تھا کہ: امریکیوں کے لیے مزید حملوں سے بچنے کا بہترین راستہ یہ ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف مبینہ جنگ بند کر دیں۔ جان کیری نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے صدارتی انتخاب کی مہم جس طرح چلائی اس پر انہیں فخر ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں لاکھوں نئے ووٹر سیاسی عمل کا حصہ بنے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں نوجوانوں کے ووٹوں میں برتری حاصل ہوئی، انہیں آزادانہ ووٹ دینے والوں میں برتری حاصل ہوئی اور انہیں اعتدال پسندوں کے ووٹوں میں برتری حاصل ہوئی۔
 |  اسامہ بن لادن نے کہا تھا کہ مزید حملوں سے بچنے کے لیے دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ بند کرنا ہو گی |
لیکن ان کا کہنا ہے کہ اس کے باوجود انہیں ایک مشکل مرحلے کا سامنا تھا اور مرحلہ جنگ میں الجھے ہوئے ایک ملک کا تھا اور ان کا کام ایسا تھا جیسے عین جنگ کے دوران میدان میں دوڑتے ہوئے گھوڑوں کا رخ موڑنا پڑ جائے۔ |