آخری مباحثہ: کیری کا پلڑا بھاری | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی صدر بش اور ان کے ڈیموکریٹک حریف سینیٹر جان کیری کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیلی ویژن مباحثہ امریکی ریاست ایریزونا میں مکمل ہو چکا ہے اور اس مباحثے کے فوراً بعد آن لائن رائے کا اظہار کرنے والے پانچ لاکھ بارہ ہزار چار سو ساٹھ رائے دہندگان کی واضح اکثریت سینیٹر جان کیری کے حق میں ہے۔ تاہم دیگر اکثر جائزوں میں دونوں امیدوار شانہ بشانہ محسوس ہوتے ہیں۔ مباحثے کے دوران دونوں امیدواروں نے امریکہ کی اندرونی سلامتی، ملازمتوں، ٹیکسوں، اسقاطِ حمل، نسلی امتیاز اور اسلحے کے قانون سمیت تمام امور پر بات کی۔ مباحثے پراین بی سی کے آن لائن سروے میں آراء کا اظہار کرنے والوں میں 74 فیصد سینیٹر جان کیری کے حق میں اور 26 فیصد صدر بش کے حق میں تھے۔ جب کہ سی بی ایس کے سروے میں حصہ لینے والوں میں سے 83 اعشاریہ 48 فیصد سینیٹر جان کیری کے حق میں اور 15 اعشاریہ 89 فیصد صدر بش کے حق میں تھے۔ مباحثے سے پہلے مبصرین کا کہنا تھا کہ جو امیدوار آخری مباحثے میں رائے دہندگان کا زیادہ متاثر کرے گا اسے انتخابی مہم کے آخری تین ہفتوں میں کافی فائدہ ہوگا۔ مباحثے کے دوران جان کیری نے صدر بش پر الزام لگایا کہ وہ پہلے صدر ہیں جن کے دور میں ساڑھے پانچ ارب ڈالر کا فاضل بجٹ ساڑھے تین کھرب کے خسارے میں تبدیل ہوا ہے۔ جان کیری نے کہا کہ صدر بش امریکہ کی ستر سال کی تاریخ میں پہلے صدر ہیں جن کے دور میں سولہ لاکھ ملازمتیں کم ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ صدر بش نے امریکہ کو اکیلا کر دیا ہے اور اس وقت امریکہ اتنا اکیلا ہے کہ اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔ جان کیری نے کہا کہ صدر بش نے عراق پر حملہ کرنے میں جلدبازی سے کام لیا اور اس مقصد کے لیے عالمی اتحاد کو ختم کر کے تمام بوجھ امریکہ پر ڈال دیا جس کے نتیجے میں داخلہ مشکلات میں اضافہ ہوا اس ایک نتیجہ یہ بھی نکلا کہ وہ ملک بھی امریکہ سے دور ہو گئے جو کئی دہائیوں سے امریکہ کے حلیف تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر بش کے دور میں گرچہ ہر بچے کے لیے تعلیم کا نعرہ لگایا گیا لیکن اس مقصد کے لیے فنڈز فراہم نہیں کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر بش نے اپنے عہد میں صرف امیروں کو فائدہ پہنچایا۔ صدر بش کا کہنا تھا کہ سینیٹر جان کیری انتہائی آزاد خیال سینیٹر ہیں اور وہ امریکہ کے مرکزی دھارے اور عام امریکیوں کی نمائندگی نہیں کرتے۔ صدر بش نے کہا کہ جان کیری ٹیکسوں سے آمدنی اور سرکاری اخراجات بڑھانے کے بارے میں غیر حقیقت پسندانہ دعوے کر رہے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||