طالبان کی مزید حملوں کی دھمکی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
شمالی وزیرستان کے مقامی طالبان کے اہم رہنما مولانا عبدالخالق حقانی نے پاکستانی فوج اور ملیشیا پر حالیہ خود کش بم حملوں کی ذمداری قبول کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ شمالی اور جنوبی وزیرستان کے ’مجاہدین‘ لال مسجد اور جامعہ حفصہ میں ’شہید‘ ہونے والے طلباء و طالبات کا بدلہ ضرور لیں گے۔ پشاور میں اخباری دفاتر کوسنیچر کے روز فیکس کے ذریعے بھیجے گئے مولانا عبدالخالق سے منسوب ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گوریلا کارروائیوں اور ’فدائی‘ حملوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور فوجیوں اور ملیشیا کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’باتوں سے نہ سمجھنے والے قبائلی ملکان اور مقامی پولیس (خاصہ داروں) کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے‘ مولانا عبدالخالق کا یہ بیان جس کو اُنہوں نے ’خصوصی بیان‘ قرار دیا ہے، ایسے وقت جاری کیا گیا ہے جب حکومت سر توڑ کوششیں کر رہی ہے کہ طالبان نے شمالی وزیرستان کے جس امن معاہدے کو توڑنے کا اعلان کیا ہے اس کوبچایا جائے۔
بی بی سی اُردو نے حکومت کے متعلقہ نمائندوں سے اس بارے میں جب پوچھا کہ کیامولانا عبدالخالق کے اس بیان کا بات چیت کے ذریعے امن معاہدے کو بچانے کی حکومت کی جاری کوششوں پر کسی قسم کا منفی اثر پڑ سکتا ہے اور کیا حکومت ایسے لوگوں سے معاہدہ کرنا چاہے گی جو فوج پر حملے کرنے میں ملوث ہیں، تو اُن کا کہنا تھاکہ وہ اس پوزیشن میں نہیں کہ اس بارے میں کچھ کہہ سکیں۔ وفاقی وزیرِمملکت برائے اطلاعات و نشریات طارق عظیم کا کہنا تھا کہ اس بارے میں فوج کے تعلقات ِ عامہ کے سربراہ میجر جنرل وحید ارشد بہتر انداز میں کچھ کہہ سکیں گے۔ جب اُن سے کہا کہ بات چیت تو حکومت کر رہی ہے نہ کہ فوج، تو اُنہوں نے کہا کہ میجر جنرل وحید ارشد کو ’زمینی حقائق‘ کا علم ہوگا اور وہ اس بیان کی صحت کے بارے میں زیادہ بہتر آگاہی رکھتے ہونگے۔ وفاقی وزیرِ داخلہ آفتاب شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ چونکہ بات چیت کے عمل کی صوبہ سرحد کے گورنر نگرانی کر رہے ہیں، لہذا وہ اس بارے میں بہتر طور پر کچھ کہہ پائیں گے۔ اس سلسلے میں جب صوبائی گورنر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو معلوم ہوا کہ اتوار کو وہ چُھٹی پر ہوتے ہیں۔ طارق عظیم کے علاوہ بریگیڈیئر (ر) جاوید اقبال چیمہ، جو کہ محکمہ داخلہ میں قائم حکومت کی کرائسس مینیجمینٹ سیل کے سربراہ ہیں، کا بھی یہ کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے کیونکہ وزیرستان سے جاری ہونے والے بیانات کی سچائی کا جاننا ضروری ہوتا ہے۔
دس جولائی کو اسلام آباد میں لال مسجد پر فوجی آپریشن کے بعد شمالی وزیرستان کے مقامی طالبان کے رہنماؤں کی جانب سے پندرہ جولائی کو یہ کہہ کر پچھلے سال کے امن معاہدے کو توڑ دیا گیا تھا کہ حکومت نے امن معاہدے کی بعض شقوں پر عملدرآمد نہیں کیا۔ طالبان کے اعلان کے فوراً بعد حکومت نےامن معاہدہ کو بچانے کی کوششیں شروع کر دیں جو تاحال کسی بڑی کامیابی کے بغیر جاری ہیں۔ امن معاہدے کو بچانے کی حکومت کی کوششوں کے دوران ہی شمالی وزیرستان اور صوبہ سرحد کے ضلع سوات میں فوجی قافلوں پرخود کش حملوں میں پچاس سے زیادہ فوجی اور میلیشیا فورس کے اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ اخبار کی ترسیل روک دی گئی مولانا عبدالخالق نے کہا تھا کہ ستر سے زائد علماء کے دستخطوں سے تصدیق شدہ ’فتویٰ‘ کی روشنی میں ’روزنامہ پاکستان‘ کی شمالی وزیرستان میں داخلے پر ایک ہفتہ کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ مولانا خالق کے فیکس شدہ بیان، جس پر کوئی ٹیلیفون نمبر نہیں جس سے یہ معلوم ہو سکے کہ یہ بیان کس جگہ سے فیکس کیا گیا، کے مطابق مذکورہ اخبار پر اس لیے پابندی عائد کی گئی ہے کیونکہ اس میں خودکش حملوں کی وجہ سے ہلاک ہونے والے فوجیوں کو ’شہید‘ لکھا جاتا ہے۔ بیان میں لکھا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں کسی بھی ایسے اخبار کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جو کہ ہلاک شدہ فوجیوں کو ’شھید‘ کے طور پر پیش کرے گا۔ پابندی کا جواز پیش کرتے ہوئے بیان میں لکھا ہے کہ ’اسلام میں آزادئ فکر ہے، آزادئ کفر نہیں‘۔ پابندی پر عملدرآمد کے حوالے سے جب شمالی وزیرستان میں اخباروں کا کاروبار کرنے والے ایک شخص سے ٹیلیفون پر پوچھا گیا تو اُنہوں نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ پابندی کا سامنا کرنے والے اخبار کے شمارے پشاور سے آج شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ نہیں بھجوائے گئے۔ مذکورہ اخبار کے پشاور میں متعین ایک نامہ نگار سے جب رابطہ کیا گیا تو اُن کا کہنا تھا کہ پابندی کی اصل وجہ میران شاہ میں مقامی نامہ نگاروں کی باہمی چپقلش ہے جس کے نتیجے میں شمالی وزیرستان کے مقامی طالبان نے توجہ دلوائے جانے کے بعد اخبار کے داخلے پر پابندی لگائی ہے۔ |
اسی بارے میں لال مسجد، توجہ ہٹانے کا حربہ: بار 14 July, 2007 | پاکستان لال مسجد: پاکستان میں مظاہرے13 July, 2007 | پاکستان لال مسجد: ایک کمانڈو ہلاک07 July, 2007 | پاکستان ’مسجد میں کئی مطلوب دہشتگرد ‘09 July, 2007 | پاکستان لال مسجد: بات چیت جاری09 July, 2007 | پاکستان ’ آپریشن، نادیدہ قوت کی سازش‘10 July, 2007 | پاکستان لال مسجد: فوجی کارروائی کے بعد خاموشی، کم سے کم 40 ہلاک10 July, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||