چیف جسٹس کا لاہور کا دوسرا دورہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سنیچر کو لاہور پہنچ رہے ہیں جہاں وکلاء برادری اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے ان کے استقبال کی تیاری مکمل کر لی ہیں۔ چیف جسٹس بذریعہ ہوائی جہاز لاہور آئیں گے اور ائیر پورٹ سے جلوس کے ساتھ مال روڈ سے گزرتے ہوئے ضلعی کچہری پہنچیں گے۔ چیف جسٹس افتخارمحمد چودھری کا لاہور شہر میں وکلا کی تقریب سے خطاب کا یہ دوسرا موقع ہو گا۔ وہ اس مرتبہ شہر کی ضلعی بار، لاہور بارایسوسی ایشن کی دعوت پر لاہور آرہے ہیں جبکہ پانچ مئی کو وہ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر بذریعہ سڑک لاہور گئے تھے۔ اس سفر میں لوگوں نے ان کا پورے راستے پرتپاک استقبال کیا تھاجس کی وجہ سے اسلام آباد سے لاہور تک چارگھنٹوں میں کا فاصلہ چوبیس گھنٹوں میں طے ہوا تھا۔ پروگرام کے مطابق چیف جسٹس دوپہردو بجے لاہور پہنچیں گے جبکہ شام چھ ضلع کچہری میں خطاب کریں گے۔ نو مارچ کو عملی طور پر معطل کیے جانے کے بعد چیف جسٹس افتخار محمد چودھری اب تک راولپنڈی، سکھر، حیدر آباد ، پشاور ، لاہور، ایبٹ آباد ، فیصل آباد اور ملتان میں وکلاء کی تقاریب میں شرکت کرچکے ہیں۔
چیف جسٹس بارہ مئی کو وکلا کی دعوت پر کراچی گئے تھے لیکن ان کو ائیر پورٹ سے باہر نہیں نکلنے دیا گیا تھا جبکہ جسٹس افتخار محمد چودھری نے سندھ اور بلوچستان میں بارشوں کی وجہ سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر راولا کوٹ میں وکلا کی تقریب میں شرکت کا پروگرام منسوخ کیا تھا۔ ضلع کچہری کے احاطے میں کینٹینر رکھ کر ایک بڑا سٹیج بنایا گیا ہے جبکہ ضلعی کچہری کی عمارت میں قائم کردہ پنڈال میں بارہ ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ لاہور میں حکومت مخالف سیاسی جماعتیں پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ نواز ، متحدہ مجلس عمل ، تحریک انصاف ، لیبر پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین اور مقامی کارکنوں کے علاوہ سول سوسائٹی اور این جی اوز کی طرف سے چیف جسٹس کا پرجوش استقبال کرنے کی تیاریاں کی گئی ہیں۔ پنڈال میں کسی سیاسی جماعت کے کارکن کو پنڈال میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم سیاسی جماعتیں ضلع کچہری کے باہر اور جلوس کے راستوں میں اپنے کیمپ لگارہی ہیں۔
لاہور بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری شمیم ملک نے بی بی سی کو بتایا کہ پنجاب کی تمام ضلعی اور تحصیل بارایسوسی ایشنز کو دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں اور صوبہ بھر سے وکلا قافلوں کی شکل میں لاہور پہنچ رہے ہیں۔ لاہور ضلعی بار کی تقریب کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات کی وجہ سے ہائی کورٹ کے جج صاحبان کو موعو نہیں کیا گیا ہے تاہم ضلع لاہور کی تمام ماتحت عدلیہ کو تقریب میں شرکت کے لیے دعوت دی گئی ہے۔ لاہور بار ایسوسی ایشن ایشیاء کی سب بڑی بار ایسوسی ایشنز میں شمار ہوتی ہے اور اس کے ارکان کی تعداد لگ بھگ چودہ ہزار ہے۔ چیف جسٹس کا جلوس ائیر پورٹ سے ضرار شہید روڈ سے ہوتا ہوا صدر چوک پہنچے گا۔جہاں سے گڑھی شاہو ،چوک شملہ پہاڑی، ایجرٹن روڈ سے مال روڈ آئے گا۔اس کے بعد جلوس پی ایم جی چوک سے ضلع کچہری کے پنڈال میں پہنچے گا۔ چیف جسٹس کے استقبال کے لیے شہر میں استقبالی پوسٹر اور بینر لگائے گئے ہیں جن پر خیرمقدمی نعرے درج ہیں جبکہ ضلع کچہری کے اندر اور باہر چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی قد آدم تصاویر لگائی جارہی ہیں۔مال روڈ پر ہورڈنگز بھی لگائی جارہی ہیں۔ پنجاب یونین آف جرنلسٹ(پی یو جے) کے صدر عارف حمید بھٹی کے مطابق چیف جسٹس کے جلوس کے راستے میں لاہور پریس کلب کے سامنے صحافیوں کا کیمپ لگایا جارہا ہے جہاں سے صحافی برادری چیف جسٹس اور وکلا کے ساتھ اظہار یک جہتی کرے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے چیف جسٹس کی لاہور آمد پر اپنا لائحہ ترتیب دیا ہے جس کے تحت شہر کے اہم مقامات پر پولیس کی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ جلوس کی راہگذر پر ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے متبادل انتظامات کردیئے ہیں۔ جمعہ کی شب چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی لاہور آمد سے قبل لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر سید محمد شاہ کی قیادت میں ایوان عدل سے داتا دربار تک مشعل بردارجلوس نکالا گیا اور درگاہ پر چیف جسٹس کی بحالی اور مشرف حکومت سے نجات کے لیے دعا مانگی گئی۔ |
اسی بارے میں جسٹس کا دورہِ لاہور، توجہ کا مرکز04 May, 2007 | پاکستان صدر کی درخواست نظر انداز04 May, 2007 | پاکستان ’فل کورٹ بینچ کا مطالبہ بدنیتی ہے‘03 May, 2007 | پاکستان ’درخواست صدر کی طرف سے نہیں‘03 May, 2007 | پاکستان سکیورٹی اہلکاروں، وکلاء کی ہاتھا پائی03 May, 2007 | پاکستان وکلاء کے خلاف ’انتقامی‘ کارروائی28 April, 2007 | پاکستان ’مجھے حراست میں رکھا گیا‘25 April, 2007 | پاکستان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||