ہارون رشید بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور |  |
 |  وزیرستان کے علاقے میں قبائیلیوں میں لڑائی چھڑ گئی ہے۔ |
پاک افغان سرحد پر شمالی وزیرستان کے علاقے میں آباد پاکستانی اور افغان قبائل کے درمیان سرحدی اراضی پر لڑائی چھڑ گئی ہے۔ یہ لڑائی شمالی وزیرستان کے دورافتادہ سرحدی علاقے میں آباد ماداخیل کی ذیلی شاخ بہادر خیل اور سرحد پار افغانستان میں آباد تانڑی قبائل کے درمیان شروع ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق فریقین پہاڑی کی چوٹیوں سے ایک دوسرے پر بھاری اسلحے سے حملے کر رہے ہیں۔ علاقے سے وقفہ وقفے سے گولیوں کے تبادلے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ دونوں جانب نقصانات کے بارے میں معلومات ابھی موصول نہیں ہوئی ہیں۔ مقامی قبائل کی جانب سے فریقین کے درمیان عارضی جنگ بندی کی کوشش بھی ناکام ثابت ہوئی ہے۔ پاکستانی قبائل کا کہنا ہے کہ افغان ان کے علاقے پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں جس کی وجہ سے یہ جھڑپ شروع ہوئی ہے۔ اس لڑائی میں پاکستانی قبائل نے الزام لگایا ہے کہ افغان فوجی ان کے مخالفین کی حمایت اور مدد کر رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی گزشتہ چند ماہ میں اس علاقے میں دونوں قبائل کے درمیان جھڑپیں ہوچکی ہے جس کی وجہ سے علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔ اس تناؤ کی وجہ سے کئی قبائلی محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں۔ ادھر قریب ہی کے ایک علاقے زیرو پوائنٹ پر نیم فوجی ملیشیا ٹوچی سکاوٹس نے ایک بارودی سرنگ کو ناکارہ بنا دیا ہے۔
|