BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 30 October, 2003, 14:02 GMT 19:02 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
قبائلی صحافت کی نیرنگی

قبائلی صحافت
قبائلی علاقوں میں تقریباً ڈھائی سو سے زائد افراد ذرائع ابلاغ سے منسلک ہیں
یوں تو پاکستان بھر میں آزادی سے صحافت کرنا ایک چیلنج سے کم نہیں، لیکن ملک کے نیم خود مختار قبائلی علاقوں میں آزاد صحافت کچھ زیادہ ہی شجرِ ممنوعہ ثابت ہوئی ہے۔

پاکستان کی سات قبائلی ایجنسیوں میں بظاہر مخصوص حالات میں ایک خاص قسم کی ہی صحافت ہو رہی ہے جو مبصرین کے خیال میں آزادی سے کوسوں دور ہے۔

کمال فن
 بڑی شرم کی بات ہے لیکن یہ حقیقت ہے کہ کئی صحافی ان پڑھ ہیں۔ وہ گروہوں کی شکل میں کام کرتے ہیں: ایک خبر لکھتا ہے اور چار پانچ اپنا اپنا نام لگا کر اپنے اپنے اخبارات کو بھیج دیتے ہیں۔ میں خود ایسے صحافیوں کو جانتا ہوں جو اشتہاری مجرم رہ چکے ہیں
ابراہیم خان

قبائلی علاقوں کا شمار ملک کے پسماندہ ترین حصوں میں ہوتا ہے۔ معاشرے کے دیگر شعبوں کے طرح یہاں صحافت کا حال بھی کچھ اچھا نہیں۔ اس علاقے میں تقریباً ڈھائی سو سے زائد افراد ذرائع ابلاغ سے منسلک ہیں اور انہیں سرکاری پابندیوں اور اجرتوں کی عدم ادائیگی جیسے کئی مسائل درپیش ہیں۔

قلم کے جفاکشوں کے ان مسائل پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس کے سربراہ اور بزرگ صحافی سیلاب محسود کہتے ہیں کہ قبائلی معاشرہ حساس ہونے کے ساتھ ساتھ پیچیدہ بھی ہے۔ سرکاری پابندیاں تو ہیں ہی، بعض اوقات اپنے رشتہ دار بھی جانی دشمن ہوجاتے ہیں۔ ”ایسے حالات میں قبائلی صحافی انتہائی مشکل اور کٹھن صورتحال سے دوچار ہے۔”

سیلاب خود بھی پیشہ ورانہ وجوہات کی بنا پر سات مرتبہ جیل جاچکے ہیں اور ان صحافیوں میں شامل ہیں جنہیں جان کی دھمکیاں ملتی رہتی ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ایسے حالات میں ان علاقوں میں آزاد صحافت صرف اس صورت میں ممکن ہے جب حکومت اس جانب توجہ دے اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کرے۔

نمائیندہ برائے فروخت
آجکل اخبارات، خاص طور پر اردو روزنامے، صحافی سے اس کی بطور نمائندہ تعیناتی کے لئے بھاری رقوم کا تقاضا کرتے ہیں
حیات اللہ خان

صحافت کی آزادی کچھ لوگوں کے خیال میں اس وقت معنی خیز ہوگی جب صحافیوں کا اپنا معیار بھی بہتر ہو۔ ان علاقوں کے صحافیوں کا کیا معیار ہے اس بارے میں خیبر ایجنسی کے ایک صحافی ابراہیم خان کا کہنا ہے کہ وہ انتہائی پست ہے۔

”بڑی شرم کی بات ہے لیکن یہ حقیقت ہے کہ کئی صحافی ان پڑھ ہیں۔ وہ گروہوں کی شکل میں کام کرتے ہیں: ایک خبر لکھتا ہے اور چار پانچ اپنا اپنا نام لگا کر اپنے اپنے اخبارات کو بھیج دیتے ہیں۔ میں خود ایسے صحافیوں کو جانتا ہوں جو اشتہاری مجرم رہ چکے ہیں۔”

ان سے پوچھا گیا کہ قبائل میں صحافت کتنی آزاد ہے تو انہوں نے کہا ”ففٹی ففٹی”۔ ان کا کہنا ہے کہ اکثر قبائلی صحافت پولیٹکل ایجنٹ کے دفتر کے گرد گھومتی ہے۔

اسی قسم کا الزام شمالی وزیرستان کے ایک صحافی بھی مقامی انتظامیہ پر لگاتے ہیں۔ حیات اللہ خان نے بتایا کہ آجکل اخبارات، خاص طور پر اردو روزنامے، صحافی سے اس کی بطور نمائندہ تعیناتی کے لئے بھاری رقوم کا تقاضا کرتے ہیں۔ ”غریب آدمی تو یہ نہیں دے سکتا تو مقامی انتظامیہ اپنے من پسند شخص کی جگہ یہ رقم ادا کرتی ہے تو ایسے میں یہ صحافی کیا رپورٹنگ کرے گا آپ اندازہ لگا سکتے ہیں۔ ناپسندیدہ خبر کی اشاعت پر گرفتاری عام ہے۔”

صحافی کو نصیحت
 میں نے صحافیوں پر واضع کر دیا ہے کہ وہ پیسے لیں ضرور لیکن اپنا قلم اور ضمیر ہرگز نہ بیچیں
سیلاب محسود

ایسے حالات میں جب قبائلی صحافیوں کو بھی ملک کے دیگر علاقوں کی طرح اکثر اخبارات ان کے کام کے عوض کچھ نہیں دیتے، سیلاب محسود کا ماننا ہے کہ قبائلی صحافی انتظامیہ سے رقوم لیتے ہیں تو کچھ غلط نہیں کرتے۔ ”میں کہتا ہوں یہ ان کا حق ہے۔ پولیٹکل ایجنٹ اپنےگھر سے یہ پیسے نہیں لاتا، اور پھر جب ملکوں کو بھاری رقوم دی جا سکتی ہیں تو صحافی کو کیوں نہیں؟ لیکن میں نے ان صحافیوں پر واضع کر دیا ہے کہ وہ پیسے لیں ضرور لیکن اپنا قلم اور ضمیر ہرگز نہ بیچیں۔”

گورنر سرحد سے جب قبائلی علاقوں میں آزادی صحافت کے بارے میں استفسار کیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہاں مکمل آزادی ہے۔ ”ملک میں جتنی آزادی صحافت آج ہے ماضی میں کبھی نہیں تھی۔” تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایک حساس علاقہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے صحافیوں کو ملکی سلامتی کا خاص خیال رکھنا ہوگا۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد