مبشر زیدی بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
وفاقی حکومت نے جمعہ کو اعلان کیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے سوئی میں تعینات کئے گئے فوجی دستے واپس نہیں بلائے جائیں گے تاہم بلوچستان میں فوجی آپریشن کے امکان کو رد کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ نے سینیٹ میں بلوچستان کے مسئلے پر تین دن کی بحث کو سمیٹتے ہوئے حکومتی موقف بیان کیا اور کہا کہ قومی اثاثوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے متنبہ کیا کہ حکومت کسی کو بھی بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اپنے لوگوں سے جنگ نہیں کرنا چاہتی۔ انھوں نے کہا کہ ایک تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ بلوچستان جل رہا ہے۔ حکومت کے اس اعلان سے بلوچستان کے مسئلے پر ڈیڈ لاک پیدا ہو گیا ہے کیونکہ اس سے پہلے سینیٹ میں حزب اختلاف نے مطالبہ کیا تھا کہ حکومت سےحزب اختلاف خصوصًا بلوچ قوم پرست جماعتیں صرف اسی صورت میں مذاکرات دوبارہ شروع کرسکتی ہیں جب حکومت سوئی سے فوج واپس بلانے کا اعلان کرے اور سوئی میں چھاؤنی کی تعمیر بند کرنے کا اعلان کرے۔ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف میاں رضا ربانی نے اپوزیشن کا موقف بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر حکومت اس مسئلے کا سیاسی حل چاہتی ہے تو اسے بلوچستان کو گیس کی رائلٹی دوسرے صوبوں کے برابر ادا کرنی ہوگی اور نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ یعنی این ایف سی ایوارڈ کا اعلان کرنا ہو گا تاکہ بلوچستان کے حقوق کی حق تلفی کا ازالہ ممکن ہو سکے۔ حزب اختلاف نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ صوبوں کو خود مختاری دی جائے اور بلوچستان میں قائم نیم فوجی دستوں کی چیک پوسٹیں ختم کی جائیں۔ تاہم اپوزیشن کے ان مطالبات کو رد کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پچھلے چھ مہینوں میں بلوچستان میں تقریبا ایک ہزار راکٹ حملے اور چوہتر بم حملے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مبینہ زیادتی کا شکار ہونے والی ڈاکٹر شازیہ خالد کے کیس میں مبینہ طور پر ملوث آرمی کے کپتان حماد کو فوج نے وقتی طور پر پولیس کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنے کوئٹہ بھیج دیا ہے۔ تاہم انھوں نے کہا کہ اس کیس میں اعلٰی عدالتی کمیشن کی رپورٹ آنے تک کسی پر الزام لگانا درست نہیں ہے۔ وزیر کا کہنا تھا کہ فوج کے کپتان پر زیادتی کا الزام سوئی کے ناظم نے لگایا جو اب پولیس سے تعاون نہیں کر رہے اور نہ ہی اس کیس میں پولیس کو کوئی ثبوت فراہم کر رہے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ مبینہ شر پسند ریلوے، الیکٹرک،گیس اور ٹیلیفون لائنوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ |