بلوچستان کے علاقے کوہلو میں نامعلوم افراد نے وقفے وقفے سے پانچ راکٹ فائر کیے ہیں لیکن کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ اس واقعہ میں ٹیلی فون کا ایک کھمبا گرنے سے کوہلو کا پورے ملک سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ ایک راکٹ کوہلو لیویز تھانے کے قریب گر کر پھٹ گیا لیکن کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ کوہلو لیویز نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے لیکن ابھی کسی بھی نظیم نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ کوہلو میں چند روز قبل ہونے والے ایک بم دھماکے سے بھی بجلی کا ایک کھمبا تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں معطل ہونے والی بجلی اب تک بحال نہیں ہو سکی ہے۔ |