ہارون رشید بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور |  |
پاکستان میں فوجی حکام نے حکومت کو مطلوب دو قبائلی جنگجوؤں بیت اللہ اور عبداللہ محسود کو ہتھیار ڈالنے کے لئے دی جانے والی مہلت میں منگل کے روز مزید دس روز کی توسیع کر دی ہے۔ عبدللہ اور بیت اللہ محسود کو فوجی حکام نے اس سے قبل پندرہ جنوری تک کی مہلت دی تھی۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹینٹ جنرل صفدر حسین نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے علما پر مشتمل ستر رُکنی وفد سے آج پشاور میں ایک ملاقات کے دوران اس مہلت میں دس روز کے اضافے کا اعلان کیا۔ اس توسیع کی درخواست علماء نے مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کا پرامن حل تلاش کرنے کے لئے کی تھی۔ اس موقع پر کور کمانڈر نے کہا کہ غیرملکی عناصر قبائلیوں اور حکومت دونوں کے دشمن ہیں اور ان کے خلاف کوئی بھی کارروائی مشترکہ لائحہ عمل سے ہی ممکن ہوسکے گی۔ البتہ اب تک دونوں مطلوب افراد نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کیا ہے۔ عبداللہ محسود گزشتہ اکتوبر میں دو چینی انجینروں کے اغوا میں ملوث تھا جبکہ بیت اللہ جنوبی وزیرستان میں محسود علاقے میں فوجی کارروائیوں کی مزاحمت کرنے والے جنگجوؤں کا سربراہ ہے۔ |