 | | | فلم دلی سِکس میں سونم نے اپنی نانی کے کپڑے اور زیورات پہنے |
شاہ رخ کی سرجری بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے کندھے کی سرجری ممبئی کے ایک ہسپتال میں ہو گی اور اس کے لیے وہ لندن سے ممبئی واپس آرہے ہیں۔فلم ’دولہا مل گیا‘ کی شوٹنگ کے دوران خان کے کندھے میں چوٹ لگی تھی۔اب آپ کہیں گے کہ لندن میں ہوتے ہوئے خان ممبئی آپریشن کرانے کیوں آرہے ہیں تو اس جواب اب خود خان دیں گے کیونکہ اس سے پہلے جب انہوں نے اپنی پیٹھ کی سرجری امریکہ میں کرائی تھی تو لوگوں نے اعتراض کیا تھا کہ کیا انہیں اپنے وطن کے ڈاکٹروں پر بھروسہ نہیں ہے؟ وطن پرست خان کی صحت یابی کے لیے دعا کیجئے۔ خانوں کا جھگڑا بالی وڈ میں چار خانوں کی سلطنت ابھی بھی قائم ہے۔شاہ رخ خان ، عامر خان سلمان خان اور سیف علی خان۔شاہ رخ اور سلمان خان کا جھگڑا گزشتہ برس قطرینہ کیف کی سالگرہ پارٹی میں ہوا۔اس کے بعد سے ہی دونوں ایک دوسرے کا سامنا کرنے سے بھی کتراتے ہیں۔اب شاہ رخ اور عامر کے درمیان لفظی جھڑپیں جاری ہیں۔لیکن ان سب سے پرے سیف علی خان کا کسی بھی خان سے کوئی جھگڑا نہیں ہوا۔خان تو دور کسی سے بھی ان کا کبھی جھگڑا سنا ہی نہیں گیا۔حیرت نا! ابھی ہم اپنے دماغ پر زور دے ہی رہے تھے کہ ہمیں کسی نے بتایا کہ اس کا جواب بہت ہی آسان ہے ، سیف کو کرینہ سے فرصت ملے تبھی تو وہ کسی کے بارے میں سوچیں۔ توہم پرست گووندا
ہم تو گووندا کی توہم پرستی کے قصے سنتے اور لکھتے لکھتے تھک گئے ہیں لیکن کیا کریں ہر مرتبہ ایک نئی خبر اور وہ بھی اتنی چٹپٹی کہ آپ کو بتائے بغیر رہا بھی نہیں جاتا۔گووندا اپنی آنے والی فلم ’شومین‘ کے سیٹ پر ایک گیت کا مکھڑا سن رہے تھے اچانک انہیں خبر ملی کہ سلمان خان کے کتے ’مائی سن‘ کا انتقال ہوگیا۔ بس کیا تھا گووندا نے اس گیت سے وہ دونوں مکھڑے نکالنے کی ضد کی ان کے مطابق یہ دونوں مکھڑے منحوس ہے تبھی تو ان کے سننے کے دوران کتے کی موت کی اطلاع ملی۔۔۔۔چچ۔۔چچ گووندا۔ مسکلی کو سولہ ہزار روپے فلم’دلی چھ‘ میں سونم کپور نے شاید اتنے نخرے نہیں دکھائے ہوں گے جتنے کہ سفید کبوتری ’ مسکلی‘ کے تھے۔ سونم کی فیس کا تو پتہ نہیں لیکن مسکلی کی ایک دن کی فیس سولہ ہزار روپے تھی اور اس لیے کہ اسے اس طرح تربیت بھی دی گئی تھی کہ وہ رقص کے دوران اتنی ہی شان سے سونم کے سر پر بیٹھتی بھی تھی۔اس لیے اب اتنی فیس کے ساتھ راکیش اوم پرکاش مہرہ کو اپنی فلم میں اداکاروں کی فہرست میں سونم اور ابھیشیک کے ساتھ مسکلی کا نام بھی شامل کر ہی لینا چاہیئے۔ کچھ تو ۔۔۔۔۔ کچھ تو خیال کرو بھئی۔۔۔۔یہ وہ سارے مکین کہہ رہے ہیں جن کی عمارتوں میں فلمی ستارے رہتے ہیں۔ وہ سب پرشان ہیں کیونکہ اب ادھر کچھ دنوں سے ایک روایت سی بن گئی ہے کہ فلمی ستارے اپنی سالگرہ کی پارٹی ہوٹلوں میں دینے کے بجائے اپنے گھروں میں رکھتے ہیں۔ پریتی زنٹا کی پارٹی میں عمارت کے مکینوں نے شکایت کی تو رتیک روشن کی پارٹی کے ہنگامے سے بھی لوگ خوش نہیں تھے اب باری تھی سنجے دت کی۔اب آپ سمجھے کہ ممبئی میں اکثر ہاؤسنگ سوسائٹیاں فلمی ستاروں کو فلیٹ دینے سے انکار کیوں کرتی ہیں۔ سونم کا سنگھار
سونم نے اپنی فلم ’دلی سِکس‘ میں وہ کپڑے پہننے سے انکار کر دیا جو انہیں فلمساز کی طرف سے ملے تھے۔ سونم کے مطابق پرانی دلی میں جو کپڑے پہنے جاتے تھے وہ ان کی نانی کے پاس ہیں بس پھر سونم نے اپنی نانی کے کپڑے اور زیورات منگوائے اور اسے پہنے آپ کو یاد ہو تو ریکھا نے فلم ’امراؤ جان‘ ادا میں اپنی ماں کی ساڑیاں کاٹ کر شرارہ اور غرارہ بنوا کر پہنا تھا۔جسے لوگوں نے کافی پسند کیا تھا۔ پریتم کا انکار موسیقار پریتم نے آر ڈی برمن کی موسیقی میں بنے گیت ’ آ دیکھیں ذرا کس میں کتنا ہے دم‘ کو نیا روپ دینے سے انکار کر دیا کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ وہ ان کے لیے بہت مشکل ہے اس لیے وہ کسی اور موسیقار سے اسے پر کام کروائیں۔ ارے بابا کیا آپ نہیں جانتے کہ پریتم اپنے کام میں بہت پرفیکٹ ہیں وہ کسی بھی دھن کی بالکل اسی طرح کاپی تو کرنے میں مہارت رکھتے ہیں لیکن اس میں پھیر بدل کرنا نہیں جانتے۔ بلیک کی چھوٹی رانی
آپ کو فلم بلیک یاد ہے ؟ ہونی بھی چاہیئے رانی کی وہ آخری فلم تھی جو سپر ہٹ ہوئی تھی خیر اس فلم میں رانی کے بچپن کا رول کرنے والی اداکارہ عائشہ کپور رانی مکھرجی نہیں بلکہ بالی وڈ میں ہالی وڈ کی انجیلینا جولی بننا چاہتی ہیں۔بڑے بڑے خواب بُننے والی عائشہ کو آپ فلم ’سکندر‘ میں ایک کشمیری لڑکی کے رول میں دیکھ سکیں گے۔ ڈان کا ایک اور سیکوئیل فلم ’ڈان ٹو‘ بنانے کی تیاری شروع ہو چکی ہے۔ فلم میں وہی اداکار ہوں گے جو پہلے تھے یعنی شاہ رخ خان ، پرینکا چوپڑہ اور بومن ایرانی لیکن ایک منٹ ٹہرئیے بھئی اتنی جلدی نہیں فلم کی شوٹنگ سن دو ہزار دس میں برلن اور آئر لینڈ میں شروع ہو گی۔اتنی تاخیر کیوں ؟ وہ اس لیے کہ فرحان اختر اس وقت فلموں میں اداکاری کرنے کے جنون میں ہیں اور کیوں نہ ہوں بھئی ان کی اداکاری کی اتنی تعریفیں جو ہو رہی ہیں۔ |