BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 11 September, 2008, 01:09 GMT 06:09 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
امیتابھ بچن نے معافی مانگ لی

امیتابھ بچن
امیتابھ بچن نے کہا ہے کہ اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو انہیں اس پر افسوس ہے
بالی وڈ میں صدی کے شہنشاہ اداکار کہلانے والے امیتابھ بچن نے بھی اپنی بیوی جیا بچن کی جانب سے ہندی میں تقریر کرنے کے معاملہ میں مہاراشٹر اور اس کے مراٹھی عوام سے معافی مانگ لی۔

ممبئی میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیا نے جان بوجھ کر کچھ نہیں کہا۔ جو کچھ کہا وہ ایک ہلکے پھلکے ماحول میں کہا گیا تھا لیکن اگر اس سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو انہیں اس کا افسوس ہے اور وہ اپنی بیوی کی جانب سے معافی کے طلب گار ہیں۔

بچن نے کہا کہ اب یہ معاملہ نظم و نسق کا بن چکا ہے۔ ’حکومت اس معاملہ کی تفتیش کر رہی ہے۔ ریاستی وزیر داخلہ آر آر پاٹل کی نگرانی میں اس پورے معاملہ کی جانچ کی جا رہی ہے اور اگر وہ خطا وار پائے جاتے ہیں اور قانون کے مجرم قرار دیے جاتے ہیں تو وہ سزا کے لیے بھی تیار ہیں۔‘

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ راج ٹھاکرے ان کے بھائی ہیں اور وہ ان کی عزت کرتے ہیں اور راج نے بھی ان کی بہت عزت کی ہے۔

امیتابھ بچن نے بدھ کو اپنے بلاگ میں بھی لکھا تھا کہ وہ یا ان کے خاندان کا کوئی بھی فرد مہاراشٹر یا مراٹھیوں کی بے عزتی کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا کیونکہ وہ آج جو کچھ بھی ہیں اسی شہر اور اسی ریاست کی وجہ سے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ وہ اس وقت لندن میں تھے جب انہیں اس ہنگامہ کی اطلاع ملی اور وہ اس کے بعد کئی راتیں سو نہیں سکے۔

جیا بچن
جیا بچن نے کہا تھا کہ وہ ہندی میں تقریر کرنے کو ترجیح دیں گی

بدھ کو ممبئی شہر کے ایک ملٹی پلیکس میں امیتابھ بچن کی انگریزی میں بنی فلم ’دی لاسٹ لیئر‘ کا پریمیئر ہونے والا تھا لیکن اس سے قبل صبح ہی علاقائی سیاسی جماعت مہاراشٹر نو نرمان سینا کے ورکروں نے وہاں توڑ پھوڑ شروع کر دی۔ اس کی وجہ سے فلم کا پریمیئر منسوخ کر دیا گیا اور اس کی جگہ پریس کانفرنس طلب کی گئی جس میں امیتابھ بچن نے معافی مانگی۔

نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے امیتابھ کی بیوی جیا بچن کی جانب سے ہندی میں بولنے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے دراصل مراٹھی زبان اور مہاراشٹر کے لوگوں کی بے عزتی کی ہے۔ٹھاکرے نے دھمکی دی ہے کہ جب تک جیا بچن سب کے سامنے معافی نہیں مانگتیں، ان کے خاندان کی کوئی بھی فلم نمائش کے لیے پیش نہیں کی جائے گی۔ اس وقت سے شہر میں توڑ پھوڑ جاری ہے۔

اس دوران ریاستی وزیر داخلہ پاٹل نے اس ٹیپ کی جانچ شروع کر دی ہے جس میں جیا بچن کو وہ بیان دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس پر اتنا ہنگامہ شروع ہوا۔ پولیس نے ایم این ایس کے سینکڑوں ورکروں کو گرفتار کر لیا ہے اور راج ٹھاکرے کی بیان بازی پر سات اکتوبر تک پابندی بھی عائد کر دی ہے۔

راج ٹھاکرے نے امیتابھ بچن کے خاندان کے ساتھ پہلی مرتبہ ایسا نہیں کیا۔ اس سے پہلے بھی وہ انہیں نشانہ بنا چکے ہیں۔ وہ انہیں ممبئی چھوڑ کر الہ آباد جانے تک کا مشورہ دے چکے ہیں اور ان کے خلاف جگہ جگہ مضحکہ خیز پوسٹرز بھی لگائے تھے۔

ایم این ایس اور شیو سینا نے کچھ عرصہ سے شہر میں مراٹھی زبان اور مراٹھیوں کے حق کا معاملہ شروع کر دیا ہے اس کے تحت وہ جگہ جگہ ہنگامہ آرائی کر رہے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل ملک کی شمالی ریاستوں اتر پردیش اور بہار سے ممبئی اور مہاراشٹر کام کی تلاش میں آنے والوں کو بھی مار کر بھگایا گیا تھا۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد