بلّو باربر اب صرف بلّو لوگ کہتے ہیں نام میں کیا رکھا ہے لیکن شاہ رخ خان آج کل یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ نام میں سب کچھ رکھا ہے کیونکہ ان کی اپنی کمپنی ریڈ چلیز کی آنے والی فلم ’بلّو باربر‘ کے خلاف پورے ملک کے سیلون اور بیوٹی پارلرز نے احتجاج کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لفظ ’باربر‘ یعنی حجام ہتک آمیز لفظ ہے اور یہ کہہ کر ان کے پیشے کی بےعزتی کی گئی ہے۔ شاہ رخ کو ان کے اس مطالبہ کے سامنے جھکنا پڑا اور انہوں نے اپنی فلم سے لفظ باربر نکالنے کا فیصلہ کر لیا اس لیے اب ان کی فلم کا نام ہو گا ’بلو‘ ۔ویسے آخر آج کل ہر فلم کی نمائش سے پہلے ہی اس طرح کے تنازعہ کیوں کھڑے ہوتے ہیں جبکہ یہ فلم ایک برس سے بن رہی تھی؟ کیا آپ کی سمجھ میں کچھ آرہا ہے؟ اگر ہاں تو ہمیں بھی تو سمجھائیے۔۔۔۔۔ ایک اور ہالی وڈ فلم آپ کو یاد ہی ہو گا کہ فلمساز ساجد نڈیاڈوالا نے اپنی فلم ’کمبخت عشق‘ میں سیلوسٹر سٹالون کے ساتھ ہالی وڈ سٹارز کا جمگھٹ رکھا ہے تو فیروز نڈیاڈوالا بھلا کیوں پیچھے رہتے۔ ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے انہوں نے ہالی وڈ فلمساز روب کوہین کے ساتھ مل فلم بنانے کا فیصلہ کیا۔اب اگر فلمساز ہالی وڈ کا ہو تو فلم کے ستارے بھی ہالی وڈ اور بالی وڈ کے مکسچرز ہوں گے؟ جی ہاں ہالی وڈ سے مونیکا بیلوسی، ایوا مینڈیس، کیمرون ڈیاز ہیں تو بالی وڈ سے امیتابھ بچن اور قطرینہ کیف۔ فلم کا نام ہو گا جیول آف انڈیا اور کہانی کا پس منظر برطانیہ اور انڈیا کا ہے۔ فلم کا بجٹ تین سو کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔کون کہتا ہے کہ یہ مندی کا دور ہے؟ شاہد کی گالیاں آپ کو پتہ ہے سیف علی خان اور شاہد کے درمیان مشترک کیا ہے؟ ہمیں پتہ تھا کہ آپ کہیں گے کرینہ کپور۔۔۔۔۔ارے بھئی وہ تو ٹھیک ہےاس بات سے تو پوری دنیا واقف ہے لیکن ایک اور بات مشترک ہے اور وہ ہے گالیاں۔حیران مت ہوں۔ سیف نے فلم ’اوم کارا‘ کے مکالموں میں فحش گالیاں دی تھیں اور اب شاہد نے وشال بھردواج کی فلم ’ کمینے‘ میں اسی کو دہرایا ہے۔ سیف کرینہ کا بوسہ سیف نے کرینہ کو بوسہ دینا منظور کر لیا۔۔۔۔۔فلم کے پردے پر۔ سننے میں آیا ہے کہ شروع میں سیف اور کرینہ دونوں ہی اس طرح کا منظر کرنے کے لیے تیار نہیں تھے۔ ایک بات سمجھ میں نہیں آتی ہے کہ حقیقی زندگی کے ’قریبی دوست‘ آخر پردے پر رومانس کرنے پر اعتراض کیوں کرتے ہیں۔آپ کی اطلاع کے لیے بتا دیں کہ کرینہ اور سیف دونوں ہی اس سے پہلے اپنی فلموں میں بوسے کے مناظر بغیر حیل و حجت کے کر چکے ہیں۔ بنگلہ کی نحوست
کیا آپ جانتے ہیں کہ رانی مکھرجی کے کیرئر کا گراف دن بدن نیچے کیوں گرتا جا رہا ہے۔ان کی فلمیں باکس آفس پر ڈمپ کیوں ہو جاتی ہیں؟ آپ کہیں گے شاید یش راج بینر کی فلمیں کرنے کی وجہ سے؟ ایسا آپ سوچتے ہیں لیکن رانی کے جیوتش کا ماننا ہے کہ رانی نے اپنے لیے جو بنگلہ بنایا ہے وہ ان کے لیے منحوس ہے۔بیچاری رانی اپنے کیرئر کو ایک بار پھر اونچے مقام تک پہنچانے کے لیے ایک نئے فلیٹ کی تلاش میں ہیں۔ شاہ رخ کی تعریف شاہ رخ خان نے فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ میں انیل کپور کے کام کی بہت تعریف کی۔ انیل کپور اس فلم میں’ کون بنے گا کروڑ پتی‘ شو کے میزبان بنے ہیں اور شاہ رخ فلم سے پہلے اس ٹی وی شو کے میزبان تھے۔ اس کے بعد تو لوگوں کو یہ کہنا شروع کر دیا کہ شاہ رخ بھی اپنے علاوہ دوسرے فنکار کے کام کی تعریف کرتے ہیں۔ لیکن ہم بات کو نہیں مانیں گے کیونکہ شاہ رخ نے عامر کے کام کی کبھی تعریف نہیں کی کیوں؟۔۔۔۔۔۔۔ وائٹ ہاؤس میں شاہ رخ اگر یہ خبریں صحیح ہیں کہ وائٹ ہاؤس میں فلم ’مائی نیم از خان‘ کی شوٹنگ ہوئی ہے تو یہ کرن جوہر کے لیے اب تک کا سب سے بڑا اعزاز ہو گا۔خبروں کے مطابق وائٹ ہاؤس کے لان پر امریکہ کے سابق صدر جارج بش کے ڈپلی کیٹ کے ساتھ شوٹنگ ہوئی۔ فلم گیارہ ستمبر کے حملے کے پاس منظر میں بنائی گئی ہے اور اس فلم میں شاہ رخ خان اہم کردار میں ہیں۔  | | | کاجول نے ایک وقفے کے بعد دوبارہ فلموں میں کام کیا ہے |
کاجول سب سے مہنگی اداکارہ ویسے تو بالی وڈ میں اداکاراؤں کا معاوضہ ہیروز کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے لیکن کیا آپ یقین کریں گے کہ کاجول کو ان کی فلم ’مائی نیم از خان‘ کے لیے ڈھائی کروڑ روپے مل رہے ہیں اور وہ اس وقت بالی وڈ کی تمام اول نمبر کی ہیروئین سے زیادہ ہیں۔ جی ہاں قطرینہ اور کرینہ کو بھی اس وقت دو کروڑ تیس اور چالیس لاکھ روپے ہی مل رہے ہیں۔ ویسے کاجول نے اس سے تو یہ ثابت کر دیا کہ شادی کے بعد ہیروئین کی قیمت نہیں گھٹتی۔ تھری چیئرز ٹو عرفان خان منفرد کردار نبھانے والے بالی وڈ فنکار عرفان خان کو برطانوی اعزاز دیا جائے گا۔ یہ اعزام انہیں برطانوی دارلعوام میں دیا جائے گا۔ خان کو اس سے پہلے فلم’سلم ڈاگ ملینئیر‘ میں ان کی اداکاری کے لیے سکرین ایکٹر گلڈ ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔ ویسے عرفان خان مغربی فلمی دنیا کے لیے نیا چہرہ نہیں ہیں انہوں نے انجیلینا جولی کے ساتھ ’اے مائٹی ہارٹ‘ کے علاوہ ،’دارجلنگ ان لمیٹیڈ‘، ’دی واریئر‘ ،’سچ اے لانگ جرنی‘ اور’دی نیم سیک‘ جیسی فلموں میں کام کیا ہے ۔ سنجے کی مصروفیات سنجے دت آج کل فلمیں چھوڑ سیاست میں کود چکے ہیں یہ پرانی خبر ہے لیکن ان کے اس قدم سے فلمساز کتنے پریشان ہیں یہ تو کوئی انہی سے پوچھے۔ فلم ’بلیو‘ میں سنجے دت اکشے کمار کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور فلم کی شوٹنگ اسی فیصد مکمل ہو چکی ہے لیکن سنجے بابا کے پاس اس وقت فلم کی تکمیل کے لیے تاریخیں ہی نہیں ہیں۔ فلم پر سو کروڑ روپیہ لگ چکا ہے۔اب اس مندی کے دور میں فلم جلد ہی مکمل نہیں ہوئی تو پروڈیوسر تو بیچارہ گیا کام سے۔ |