BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Tuesday, 26 December, 2006, 15:39 GMT 20:39 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
بالی ووڈ 2006: دُھوم، دھام لگی رہی

شاہ رخ اور پریتی زنٹا
ڈان اور کبھی الوداع نہ کہنا جیسی فلموں میں شاہ رخ نے شائقین کو سنیما گھروں کی طرف کھینچا
کافی عرصے کے بعد ہندی فلم انڈسٹری کے لیے ایک ایسا سال آیا جس میں خوشیاں زیادہ اور دکھ کم تھے۔

پورے سال میں 200 سے زیادہ فلمیں ریلیز ہوئیں اور ان ميں سب سے زیادہ کامیاب فلموں میں’ کرش‘، ’دھوم 2 ‘، ’لگے رہو منّا بھائی‘، ’ڈان‘ ،’ کبھی الوداع نہ کہنا‘، ’اوم کارا‘، ’رنگ دے بستی‘ اور ’فنا‘ شامل تھیں۔ ان سبھی فلموں کا بجٹ دس سے بیس کروڑ روپے کے درمیان تھا اور ان فلموں نے پچاس سے ستر کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔

فلموں کی کامیابی کے پيچھے ایک وجہ چھوٹے بجٹ کی فلموں کی ملٹی پلیکس سنیماؤں میں نمائش تھی۔ یہ فلمیں جب ملٹی پلکس میں ریلیز ہوتی ہیں تو چند ہفتوں ميں اچھا بزنس کر کے ہٹ فلموں کی فہرست ميں شامل ہو جاتی ہیں۔ ایسی کامیاب فلموں میں ’پیار کے سائڈ افیکٹس‘، ’گینکسٹر‘، ’وہ لمحے‘، ’اپنا سپنا منی منی‘، ’مالا مال ویکلی‘، ’ٹیکسی نمبر 9211‘، ’پھر ہیرا پھیری‘ اور ’ویواہ‘ شامل ہیں۔

فلم ناقد ترن آدرش کا کہنا ہے کہ دو ہزار چھ میں ہندی فلم انڈسری میں سب سے اہم بات یہ سامنے آئی کہ جہاں پچھلے برسوں ميں فلمیں پانچ کروڑ اور چھ کروڑ کا بزنس کرتی تھیں وہیں اب فلموں کا بزنس بیس کروڑ تک پہنچ گیا۔ اس کی سب سے بڑي وجہ یہ ہے کہ ناظرین نے پھر سے سنیما گھروں کا رخ کیا ہے اور اس وجہ سے سینما کی ڈیمانڈ بھی بڑھ گئی ہے۔

’لگے رہو منّا بھائی‘ نے باکس آفس کو مالا مال کر دیا

مستقبل میں جب سال 2006 کو فلموں کے حوالے سے یاد کیا جائے گا تو اس کی سب سے بڑی وجہ ’ڈان‘ ، ’لگے رہو منّا بھائی‘،’ کرش‘، ’دھوم 2‘ اور ’امراؤ جان‘ جیسی فلمیں ہوں گی۔

ہدایت کار راکیش روشن کی فلم’کوئی مل گیا‘ کے سیکوئل’ کرش‘ نے نہ صرف باکس آفس پر اپنے جوہر دکھائے بلکہ فلمی شائقین کے دلوں پر بھی کافی اثر ڈالا۔ ان شائقین میں بیشر بچے تھے جن پر’ کرش‘ یعنی ریتک روشن کے کردار کا اثر بہت زیادہ نظر آیا۔ باکس آفس کے علاوہ فلم’ کرش‘ کو ان کے نقاب کی فروخت سے بھی اچھا بزنس حاصل ہوا۔

اسی طرح فلم’منّا بھائی ایم بی بی ایس‘ کے سیکوئل ’لگے رہو منّا بھائی‘ نے بھی نہ صرف باکس آفس کو مالا مال کر دیا بلکہ منّا بھائی کی گاندھی گیری نے گاندھی ازم کو گاندھی گیری میں تبدیل کر دیا۔گاندھي گیری کے کئی نمونے ملک کے کئی شہروں ميں نظر آئے جب بعض نوجوانوں نے لکھنؤ میں شراب کی دکان ہٹانے کے لئے گاندھی گیری کا سہارا لینے کی کوشش کی اور اب ممبئی کی پولیس کو لوگوں سے بات چیت کرنے کے لیے گاندھی گیری کا فارمولا سمجھایا جا رہا ہے۔

ایشوریہ رائے پرانی امراؤ جان یعنی ریکھا کی جگہ نہیں لے سکیں

رہی بات ڈان اور امراؤ جان کی تو یہ دونوں ہی فلمیں ری میک تھيں۔ ری میک یعنی پرانی فلموں کو نئے فنکاروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ پردے پر پیش کرنا۔

ویسے تو ان دونوں فلموں نے باکس آفس پر اوسط درجے کا ہی بزنس کیاہے لیکن ان کی ریلیز سے پہلے کی گئی تشہیر فلم شائقین کو سنیما گھروں تک کھینچ لے آئی۔ لیکن یہاں بھی’ڈان‘ نے’امراؤ جان‘ سے بازی مار لی۔

’ڈان‘ میں امیتابھ بچن کی جگہ شاہ رخ خان کو دیکھنے کے لیے شائقین نے زیادہ دلچسپی دکھائی لیکن نئی امراؤ جان یعنی ایشوریہ رائے پرانی امراؤ جان یعنی ریکھا کی جگہ نہیں لے سکیں۔ نئی ڈان میں تو پرانی فلم کے نغموں کو نئي شکل میں پیش کیا گیا لیکن نئی امراؤ جان میں نئے نغمے ڈالے گئے۔ یہ نغمے’دل چیز کیا ہے آپ میری جان لیجيے‘ یا پھر’یہ کیا جگہ ہے دوستو‘ جیسے نغموں کو دور دور تک چھو بھی نہ سکے۔

اس برس کئی ایسے فلم سازوں کے نام سامنے آئے جنہوں نے حقیقت میں کچھ ’ہٹ کر‘ فلمیں بنائيں۔ ان میں ہدایت کار دبا کر مکھرجی کی’ کھوسلہ کا گھونسلہ‘، ہدایت کار ساکیت چودھری کی ’پیار کے سائیڈ ایفکٹس‘ ، ناگیش کوکنور کی’ڈور‘، نصیر الدین شاہ کی ’یوں ہوتا تو کیا ہوتا‘ جیسی فلمیں شامل ہیں۔

ہدایت کار دبا کر مکھرجی کی’ کھوسلہ کا گھونسلہ‘ عام فلموں سے مختلف ثابت ہوئی

’کھوسلہ کا گھونسلہ‘ ایک ایسی فلم تھی جس میں ایک عام مڈل کلاس فیملی کے خواب اور جذبات بیان کرتی ہے وہیں ’پیار کے سائیڈ افیکٹس‘ نےایک لڑکے اور لڑکی کے درمیان شادی سے پہلے کی تمام الجھنوں اور سوالات کو بےحد آسان شکل ميں سامنے رکھا۔’ڈور‘ ایسی عورتوں کی کہانی تھی جو یوں تو ملک کے دو کونوں ميں رہتی ہیں لیکن حالات انہيں ایک دوسرے کی زندگی کا سہارا بنا دیتے ہیں۔ وہيں اگر بات کريں’یوں ہوتا تو کیا ہوتا‘ کی تو نصیر الدین شاہ نے 2001 میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر ہونے والے حملے کے پس منظر میں کچھ لوگوں کی زندگیوں اور ان کی خوابوں کو ایک ساتھ پرو دیا۔

لیکن اس کے باوجود کومل نہاٹا جیسے فلمی ناقد کے خیال میں ہندی فلم انڈسٹری اب بھی نئے تجربات کے لیے ’رسک‘ لینے سے ڈرتی ہے۔

اومکارا میں سیف علی خان کی اداکاری نے ان کے ناقدین کو خاموش کر دیا

ان کا کہنا ہے کہ اس انڈسٹری کے کچھ ہی لوگ ایسے ہیں جو نئی کہانی اور نئے ٹریٹمنٹ کے ساتھ کوئی نیا تجربہ کرتے ہيں جبکہ باقی سبھی صرف بڑے بڑے اداکاروں اور پرانی کہانیوں کو توڑ مروڑ کر ہی پیش کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔

دو ہزار چھ ميں ہندی فلموں ميں ایک بار پھر وہی گنے چنے چہرے نظر آئے جو گزشتہ کئی سالوں سے بالی ووڈ پر حکومت کر رہے ہیں۔ ہیروز ميں جہاں ایک طرف ’ڈان‘ اور’ کبھی الوداع نہ کہنا‘ جیسی فلموں میں شاہ رخ خان نے شائقین کو سنیما گھروں کی طرف کھینچا تو وہیں دوسری جانب عامر خان کی’فنا‘ اور ’رنگ دے بسنتی‘ جیسی فلموں نے ان کی موجودگی کے سبب باکس آفس کلیکشنز میں مزید اضافہ کیا۔

’اوم کارا‘ میں سیف علی خان کی اداکاری نے ان کے ناقدین کو خاموش کر دیا جبکہ’ کرش‘ اور ’دھوم 2‘ میں ریتک روشن نے جہاں اپنے چاہنے والوں کو پوری طرح خوش کیا وہیں بچوں کے دلوں پر بھی اپنے کردار کا اثر چھوڑ دیا۔ سلمان خان کی’بابل‘ اور ’جانِ من‘ جیسی دو بڑی فلمیں ہی ریلیز ہوئیں لیکن باکس آفس پر کچھ کمال نہ کرنے کے باوجود انہوں نے اپنے شائقین کو مایوس نہیں کیا۔

رنگ دے بسنتی ایک سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی

بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کافی فلموں میں نظر تو آئے لیکن جو اثر ان کی پچھلے برس ریلیز ہونے والی فلم ’بلیک‘ نے ڈالا تھا وہ کمال اس برس ان کی کوئی بھی فلم نہیں دکھا سکی۔

اگر بات کريں اداکاراؤں کی تو رانی مکھرجی اور پریتی زنٹا کے ساتھ ساتھ ایشوریہ رائے اس برس اپنے جوہر دکھانے میں کامیاب رہیں۔ جہاں رانی’ کبھی الوداع نہ کہنا‘ اور ’بابل‘ میں نظر آئيں وہیں پریٹی زنٹا کی ’جانِ من‘ اور’ کبھی الودع نہ کہنا‘ بڑے پردے پر پیش ہوئیں۔

ایشوریہ رائے نے’امراؤ جان‘ اور ’دھوم 2 ‘میں دو مختلف کردار ادا کیے۔ ’امراؤ جان‘ میں جہاں انہوں نے ایک طوائف کا کردار ادا کیا تو وہيں ’دھوم 2‘ میں انہوں نے اپنا وزن کم کر کے ایک گلیمرس چور کا کردار ادا کیا۔

اداکاراؤں کی بات نکلی ہے تو اس برس کاجول کی ہندی فلموں ميں واپسی ہوئی۔ اداکار اجے دیوگن سے شادی کرنے کے بعد انہوں نے فلموں کو’گڈ بائے‘ کہہ دیا تھا لیکن اس برس ’فنا‘ میں انہوں نے ہندی فلموں ميں شاندار واپسی کی۔ وہ نہ صرف پہلے سے زيادہ خوب صورت نظر آئیں بلکہ ان کی اداکاری میں بھی کافی بہتری نظر آئی۔

کاجول نے فلم ’فنا‘ کے ساتھ بالی ووڈ میں واپسی کی

اس برس بڑی فلم اداکاراؤں کی فہرست میں پریانکہ چوپڑا کا نام بھی شامل ہو گیا۔ ’ڈان‘، ’ کرش‘ اور ’آپ کی خاطر‘ جیسی فلموں میں کام کرنے والی پریانکہ کو نہ صرف فلمی شائقین نے پسند کیا بلکہ فلم ناقدین نے بھی ان کی اداکاری کی ستائش کی۔

اس برس بالی ووڈ کی بعض ایسی شخصیات نے دنیا کو الوداع کہا جن کی کمی ہندی فلمی صنعت کو ہمیشہ کھلے گی۔ اس برس مشہور و معروف موسیقار نوشاد اس دنیا سے چل بسے۔ سڑسٹھ فلموں میں اپنی موسیقی کا جادو جگانے والے موسیقار اعظم کی آخری فلم اکبر خان کی ’تاج محل‘ تھی۔ ’شاہ جہاں‘، ’دل لگی‘، ’دلاری‘، ’انمول گھڑی‘، ’مغل اعظم‘، ’بیجو باؤرا‘، ’انداز‘، ’ آن‘، ’امر‘، ’داستان‘ جیسی فلموں کے دل کو چھو لینے والی موسیقی اور ان کے نغموں کو برصغیر کے عوام شاید کبھی نہیں بھلا سکیں گے۔

نوشاد کی لافانی موسیقی برصغیر کے فلم شائقین کے کانوں میں رس گھولتی رہےگی

اسی برس’مڑ مڑ کے نہ دیکھ‘ جیسے نغمے میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی نادرہ بھی اس دنیا کو چھوڑ کر چلي گئيں۔ نادرہ بالی وڈ کی بے حسی کا شکار ہوئیں ۔اتنے عرصہ سے بیماری سے لڑ رہی نادرہ کا بالی وڈ میں کوئی پرسان حال نہیں تھا اس سے پہلے بھی وہ تنہائی کا عذاب جھیل رہی تھیں ۔وقت کے رخ کو اپنے انداز میں موڑنے والی نادرہ کو فلم ’جولی‘ میں فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کے ساتھ فلم ’آن‘ راج کپور کے ساتھ فلم ’شری چار سو بیس‘ ، ’دل اپنا‘ اور ’پریت پرائی‘ ، ’پاکیزہ‘، ’جولی‘ ، ’تمنا‘ اور ٹی وی سیرئیل ’مارگریٹا‘ میں ان کی اداکاری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

’رشی دا‘ نے 46 سے زیادہ فلموں کی ہدایات دیں

نومبر میں بالی ووڈ کے لیجنڈ این این سپی بھی انتقال کر گئے۔ انہوں نے کئی کامیاب فلمیں بنائیں۔ ان کے ساتھ ایسے کئی ہدایت کاروں نے کام کیا جو آج بھارتی فلم انڈسٹری کے کامیاب فلمساز بن چکے ہیں۔ ان میں سبھاش گھئی کا نام قابل ذکر ہے۔ سپی کی کامیاب فلموں کی فہرست طویل ہے جس میں ’کالی چرن‘ ،’ فقیرا‘، ’سرگم‘ ، ’میری جنگ‘ ، ’وہ کون تھی‘ ، ’شطرنج‘ ، ’چور مچائے شور‘ ، ’دیوتا‘ وغیرہ شامل ہیں۔

اگست کے مہینے میں ہندی فلموں کے سینئر ہدایتکار رشی کیش مکھر جی بھی چل بسے۔ ’رشی دا‘ کے نام سے مشہور اس ہدایتکار نے ممبئی میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز نامور ہدایت کار بمل رائے کے ساتھ کیا تھا۔ انہوں نے چھیالیس سے زیادہ فلموں کی ہدایت کاری کی تھی۔ ان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلموں میں ’آنند‘ ، ’ابھیمان‘، ’اصلی نقلی‘، ’گڈی‘، ’خوبصورت‘، ’چپکے چپکے‘ اور ’گول مال‘ بہت مقبول ہوئی تھیں۔

ایسا کبھی ہو سکتا ہے کہ بالی ووڈ کا ذکر ہو لیکن ’گاسپ‘ نہ ہو۔ یہ برس بھی بالی ووڈ کی ’گاسپس‘ سے بھرا رہا ۔ ابھیشک بچن اور ایشوریہ رائے کی شادی کی خبر سب کی توجہ کا مرکز بنی۔ پورے برس ذرائع ابلاغ میں اس بات پر بحث ہوتی رہی کہ کیا یہ دونوں شادی کرنے والے ہیں یا پھر کر چکے ہیں۔

ایشوریہ رائے اور ریتک روشن کے بوسے کی خبریں بھی بالی ووڈ میں گرم رہیں

کبھی دونوں کی منگنی کی خبر تو کبھی ایشوریہ رائے کے ستارے گردش میں ہونے کی خبر۔ پھر جب ایشوریہ نے بچن خاندان کے ساتھ بنارس کے ایک مندر میں پوجا کی تو یہ خبر سامنے آئی کہ دونوں نے شادی کر لی ہے لیکن ان تمام خبروں پر دونوں ہی جانب سے نہ تو انکار سامنے آيا اور نہ ہی اقرار۔

ابھیشک بچن نے میڈیا کو یہی بتایا کہ وہ جب بھی شادی کريں گے ڈنکے کی چوٹ پر کریں گے۔اس کے بعد جب دھوم 2 ریلیز ہوئی تو ایشوریہ رائے اور ریتک روشن کی ’ کس‘ کے حوالے سے نئی بحث شروع ہو گئی۔ خبر آئی کہ بچن خاندان ایشوریہ رائے کے اس اقدام سے کافی نارا ض ہے۔ لیکن ان سب کے باوجود یہ واضح نہ ہو سکا کہ ایشوریہ مسز بچن بننے جا رہی ہیں یا پھر وہ ایشوریہ رائے ہی رہيں گی۔

عامر خان’فلم دل کے قریب ہے‘
رنگ دے بسنتی ایک خاص فلم ہے: عامر خان
امیتابھامیتابھ بنے ویلین
اینگری ینگ مین اب بیڈمین
ریتک روشنریتک روشن
ریتک روشن مہنگے ترین اداکار بن گئے
ایشوریہ ابھیشیکبے جان امراؤجان؟
امراؤجان لوگوں میں شاید ہی اپنا اثر چھوڑے
شاہ رخ خانکروڑوں کا کھیل
کون بنے گا کروڑ پتی اب شاہ رخ کے ساتھ
بالی وڈ ڈائری
رتیک اور ایش کے ’سین‘ پر بچن فیملی ناراض
لگے رہو منا بھائیبالی وڈ سنہ 2006
یہ سال بالی وُڈ کے لیے کیوں کامیاب رہا؟
اسی بارے میں
رِشی کیش مُکھرجی نہیں رہے
27 August, 2006 | فن فنکار
امراؤ جان – ایک بار پھر
01 November, 2006 | فن فنکار
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد