BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 10 October, 2008, 07:47 GMT 12:47 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
عالمی بازارِ حصص پر خوف کے سائے
 ٹوکیو
جاپان کے نکئی انڈیکس میں نو اعشاریہ چھ فیصد کی کمی واقع ہوئی
ایشیائی اور یورپی بازارِ حصص میں جمعہ کو شدید مندی کے بعد امریکہ میں نیویارک کے ڈاؤ جونز انڈیکس میں کاروبار کے آغاز پر ہی گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے۔

کاروبار کے آغاز پر ڈاؤ جونز انڈیکس ایک مرتبہ تو آٹھ ہزار کی نفسیاتی حد سے بھی نیچے گرا لیکن پھر اس میں کچھ بہتری دیکھنے میں آئی۔ تاہم بہتری کے باوجود انڈیکس میں تین سو پوائنٹس سے زیادہ. کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جمعہ کو صدر بش نے ایک بار پھر خطاب کر کے امریکی عوام کو مالیاتی بحران کے حوالے سے یہ پیغام دیا کہ وہ پریشان نہ ہوں اور امریکہ اس بحران کا حل نکال سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کے پاس اس سے نمٹنے کے لیے مکمل منصوبہ ہے۔

یاد رہے کہ جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر ڈاؤ جونز انڈیکس کے نو ہزار پوائنٹ کی حد سے نیچے آنے کے بعد جمعہ کی صبح ایشیائی مارکیٹوں کو بھی شدید مندی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ڈاؤ جونز جمعرات کو چھ سو اٹھہتر پوائنٹس یا سات اعشاریہ تین فیصد کی کمی کے بعد آٹھ ہزار پانچ سو اناسی پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

جمعہ کو لندن سٹاک ایکسچینج کا فٹسی ہنڈریڈ انڈیکس پانچ برس میں پہلی مرتبہ چار ہزار کی حد سے گر گیا اور انڈیکس میں قریباً آٹھ فیصد یا ساڑھے تین سو پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ پیرس اور جرمنی میں بھی بازارِ حصص میں بالترتیب قریباً سات اور آٹھ فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

ایشیائی بازاروں میں جمعہ کے روز کاروبار انتہائی نچلی سطح پر شروع ہوا اور جاپان کے نکئی انڈیکس میں نو اعشاریہ چھ فیصد کی کمی واقع ہوئی جبکہ آسٹریلیا کا حصص بازار آٹھ اعشاریہ تین فیصد کی کمی پر بند ہوا۔ جاپان کا نکئی انڈکس جمعہ کے روز انیس سو ستاسی کے بعد ایک دن میں سب سے زیادہ گری اور اس سے انشورنس کمپنی یاماٹو لائف کا دیوالیہ نکل گیا ہے۔

ممبئی بازارِ حصص میں جمعہ کو نو سو سینتیس پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے بازار میں افراتفری کا ماحول ہے اور سرمایہ کاروں میں مایوسی کا عالم ہے۔

عالمی سٹاک مارکیٹوں کی خراب صورتحال پر بات چیت کے لیے جی سیون ممالک کے وزرائے خزانہ ہفتے کو واشنگٹن میں مل رہے ہیں۔ دنیا بھر کی حکومتوں کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات کے باوجود سرمایہ عالمی کساد بازاری کے خدشے کے پیش نظر سٹاکس میں پیسہ لگانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ شنکو سکیورٹیز کے یوٹاکا نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا ہے کہ ’نیویارک اور ٹوکیو میں حصص کی فروخت روکنا ناممکن ہے کیونکہ سرمایہ کار خوف زدہ ہیں‘۔

جاپانی انشورنس کمپنی یاماٹو لائف کا دیوالیہ نکل گیا

ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈکس تین سال کی کم ترین سطح پر آ چکا ہے جبکہ فلپائن کے انڈیکس میں جمعہ کو آٹھ اعشاریہ تین اور شنگھائی کے انڈیکس میں تین اعشاریہ آٹھ فیصد کی کمی دیکھی گئی۔دوسری طرف انڈونیشیا کی مارکیٹ میں حصص کے کاروبار کو روک دیا گیا تاکہ اس میں مزید کمی نہ آئے۔

ادھر عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے ایک ہنگامی طریقہ کار وضع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت موجودہ مالی بحران سے متاثر ہونے والے ملکوں کو سرمایہ فراہم کیا جائے گا۔

آئی ایم ایف کے سربراہ ڈومینیک سٹراس کان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اس طریقہ کار کے ذریعے ان ملکوں کی ہنگامی بنیادوں پر مدد ممکن ہو سکے گی جن کو مالیاتی دشواریوں کا سامنا ہو گا۔ سٹراس کان نے کہا تھا کہ دنیا کساد بازاری کے دھانے پر کھڑی ہے تاہم انہوں اس توقع کا اظہار کیا تھا کہ اس سے ابھی بھی نکلا جا سکتا ہے۔

امریکہ میں حصص بازار میں کاروباری لحاظ سے ایک سیاہ دن جمعرات کو ڈاؤ جونز میں کاروبار سات اعشاریہ تین فیصد کی کمی کے ساتھ گزشتہ پانچ برس میں نوہزار پوائنٹ سے نیچے بند ہوا۔ لاس اینجلس کی پیڈن اینڈ ریگل کے کرس اورنڈرف کا کہنا ہے ’ہم بنیادی مسائل سے آگے ہیں اور یہ جو ہو رہا ہے یہ افراتفری ہے۔‘

غیر یقینی صورتحال
ایشیائی، یورپی شیئر بازار میں ملا جلا رجحان
بینک دیوالیہ مگر ۔۔۔
لیہمن کے سربراہ کے لیے آٹھ برس میں 300 ملین
قیمتوں میں کمی
معاشی بحران، تیل کی قیمتوں میں کمی
ایوان نمائندگانبحران ٹل جائےگا
امریکہ: سات سو ارب کا بیل آؤٹ بل منظور
وال سٹریٹ’بیل آؤٹ‘ منصوبہ
سات سو ارب ڈالر کا منصوبہ کیا اور کیوں ہے؟
اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد