 |  امریکہ یہ بھی کہتا ہے کہ ایران کو ایٹمی اسلحہ تیار کرنے میں ابھی کئی سال لگ سکتے ہیں |
ایک سینئیر ایرانی اہلکار حسن روحانی نے کہا ہے کہ اگر امریکہ یا اسرائیل نے ایران کی جوہری تنصیبار پر حملہ کیا تو ایران جوابی کارروائی سے گریز نہیں کرے گا اور اپنے جوہری توانائی کے پروگرام کو دوبارہ شروع کر دے گا۔ ایران کے قومی سکیورٹی کونسل کے سیکٹری جنرل حسن روحانی نے رایٹرز خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ایران کسی بھی صورت میں اپنا جوہری توانائی کا پروگرام مکمل طور پر ترک کرنے پر آمادہ نہیں ہوگا۔ اسرائیل اور امریکہ کا کہنا ہے کہ ایران کو کسی بھی حال میں جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس حولے سے امریکی صدر بش نے ایران پر فوجی حملے کے امکان سے انکار نہیں کیا ہے تاہم امریکہ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہتا رہا ہے کہ ایران کو ایٹمی اسلحہ بنانے میں ابھی کئی سال لگ سکتے ہیں۔ دوسری طرف ایران کا کہنا ہے کہ توانائی کے لیے اس کا جوہری پروگرام ملکمل طور پر پُرامن ہے اور اس کا استعمال بجلی بنانے کے لیے ہی کیا جائے گا، نہ کہ ایٹمی اسلحہ بنانے کے لیے۔ |