 |  سپین میں دہشت گردی کے خلاف ایک مظاہرے میں شامل ماں اور بچہ۔ |
ایک امریکی اینٹیلی جینس کے تحقیقی ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ عراق اب افغانستان کی جگہ دنیا میں اسلامی عسکریت پسندی کا گڑھ بن گیا ہے۔ نیشنل اینٹیلی جینس کونسل نامی اس ادارے نے ، جو سی آئی اے کا حصہ ہے ، امریکہ کو در پیش مستقبل کے خطرات پر اپنی اِس رپورٹ میں کہا ہے کہ اسلامی عسکریت پسندوں کی اگلی نسل عراق سے ہی جنم لینے کا خطرہ ہے اور یہ کہ عراق میں ایسے عسکریت پسندوں کو تربیت مہیا کی جارہی ہے جو بعد میں اسے پوری دنیا میں پھیلا سکتے ہیں۔ اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عراق میں جنگ کے علاوہ کشمیر ، چیچنیا اور جنوبی تھائی لینڈ جیسے علاقوں میں تنازعات نے مسلمانوں کے درمیان یکجہتی کو فروغ دیا ہے اور انہیں تنازعات کی وجہ سے دنیا میں سخت گیر اسلامی خیالات مقبول ہورہے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق اگلے پندرہ برس میں القاعدہ تنظیم کی جگہ ایسے بہت سے سخت گیر اسلامی گروپ لے لیں گے جن کی سربراہی عراق میں مزاحمت کاری کرنے والے جنگجو کررہے ہوں گے۔ |