 |  مختلف النوع خدشات کے باوجود اندرونِ عراق انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں |
عراق میں ہونے والے انتخابات میں کم ٹرن آوٹ کے خدشے کے پیشِ نظر جلاوطن عراقیوں کو انتخابی فہرستوں میں اندراج کرانے کے لیے مزید وقت دیا جا رہا ہے۔ چودہ ملکوں میں رہنے والے جلاوطن عراقیوں کے لیے حقِ رائے دہی کا انتظام کرنے والی تنظیم انٹرنیشنل آرگنائزیشن برائے مائیگریشن نے بتایا گیا کہ رجسٹریشن کے وقت میں دو دن کی توسیع کی جائے گی۔ بیرون ملک مجاز عراقی رائے دہندگان کی تعداد کا اندازہ ایک ملین یعنی دس لاکھ کے لگ بھگ لگایا گیا ہے لیکن تنظیم کا کہنا ہے کہ اب تک ان میں سے صرف دس فیصد کے لگ بھگ لوگوں نے اپنے ناموں کا انداراج کرایا تھا۔ جمعرات کو رجسٹریشن کا چوتھا دن تھا اور رجسٹریشن کی شرح خاصی مایوس کن محسوس کی جا رہی تھی۔ عراقی حکام کا کہنا ہے کہ تشدد کے باوجود تیس جنوری کو ہونے والے انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے۔ |