الیکشن ملتوی ہونے کا امکان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان الیکشن کمیشن نے آٹھ جنوری کو ہونے والے عام انتخابات کے بروقت انعقاد کے بارے میں حتمی اعلان کو سیاسی جماعتوں سے مشاورت تک مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ریٹائرڈ) قاضی محمد فاروق کی صدارت میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن کے سیکرٹری کنور دلشاد نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت منگل کی شام تک مکمل کر لی جائے گی اور الیکشن کے حوالے سے حتمی اعلان بدھ کو ایک اجلاس کے بعد کیا جائےگا۔ تاہم کنور دلشاد کا کہنا تھا کہ انتخابات مقررہ وقت پر منعقد کرانا شاید ممکن نہ ہو۔ ’ہم سیاسی جماعتوں کو زمینی حقائق سے آگاہ کریں گے اور نئی تاریخ پر مشاورت کریں گے۔‘ انہیں جب کہا گیا کہ سیاسی جماعتیں تو انتخابات کے مقررہ وقت پر منعقد ہونے کی خواہشمند ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ مشاورت کے بعد انہیں یقین ہے وہ ایسی بات نہیں کریں گی۔
ادھر صدر پرویز مشرف بدھ کو رات آٹھ بجے قوم سے خطاب کریں گے۔ توقع ہے کہ وہ بےنظیر بھٹو کی ہلاکت کے بعد کی صورتحال اور عام انتخابات سے متعلق بات کریں گے۔ الیکشن کمیشن کا ایک اجلاس پیر کو بھی ہوا تھا، جس میں تمام صوبوں سے الیکشن کے انتظامات اور بینظیر بھٹو کے قتل کے بعد ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ طلب کی گئی تھی۔ منگل کو ہونیوالے اجلاس میں صوبوں کی طرف سے آنے والی رپورٹس پر غور کیا گیا، تاہم صحافیوں کو ان کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ ان کا صرف اتنا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں نے ماہِ محرم الحرام کا خیال رکھنے کی بات کی ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ شاید بعض صوبائی حکومتیں الیکشن وقت مقررہ پر منعقد کرانے میں دلچسپی نہیں رکھتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ انتخابات کے ملتوی ہونے کے بارے میں اصولی فیصلے کا لفظ استعمال نہیں کریں گے کیونکہ پھر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا فائدہ نہیں رہتا۔ بعض اطلاعات کے مطابق صوبہ سندھ نے امن عامہ کی بگڑی ہوئی صورتحال کے پیش نظر آٹھ جنوری کے انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسی طرح کی رپورٹ کرم ایجنسی کے پولٹیکل ایجنٹ کی طرف سے بھی سامنے آئی تھی۔
الیکشن کمیشن جو پہلے صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی سربراہ بےنظیر بھٹو کے قتل کے بعد ہونیوالے ہنگاموں میں دس اضلاع میں انتخابی عمل کو شدید نقصان پہنچنے کی بات کر رہا تھا اب اس کا کہنا ہے کہ تیرہ اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ ملک کی مجموعی صورتحال اور باالخصوص عام انتخابات کے حوالے سے حالات پر غور و خوض کے لیے پیر کو نگران وفاقی کابینہ کا بھی ایک اجلاس بھی ہوا تھا، جس میں طے پایا تھا کہ الیکشن کمیشن ہی وہ ادارہ ہے جو زمینی حقائق دیکھ کر انتخابات کے مقررہ وقت پر انعقاد کے بارے میں فیصلہ کر سکتا ہے۔ نگران وزیر اعظم میاں محمد سومرو کی صدارت میں منعقد اجلاس کو بتایا گیا کہ بےنظیر بھٹو کے قتل کے بعد ملک میں ہونے والے ہنگاموں میں صرف محکمہ ریلوے کو بارہ ارب روپوں سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔ ریلوے سگنل اور مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ وفاقی کابینہ کو بتایا گیا تھا کہ اگرچہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہونا شروع ہو رہی ہے لیکن اب تک کی ہنگامہ آرائی میں سرکاری اور نجی املاک اور انفراسٹرکچر کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی تاحیات چیئرپرسن بینظیر بھٹو کے ستائیس دسمبر کو قتل کے بعد ہونیوالے ملک گیر ہنگاموں میں چالیس سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ تیس دسمبر کو نوڈیرو میں بینظیر بھٹو کے سوئم کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ نے مقتولہ کے انیس سالہ بیٹے بلاول زرداری کو پارٹی کا نیا چیئرمین مقرر کرنے کے بعد انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔
نگران وزیراعظم محمد میاں سومرو نے بینظیر بھٹو کے قتل کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہوں تو الیکشن وقتی طور پر ملتوی کیے جا سکتے ہیں۔ لیکن مبصرین کے مطابق نوڈیرو میں ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی نے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر کے حکومت کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ پاکستان میں حزب مخالف کی دوسری بڑی سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن) نے بھی پیپلز پارٹی کے فیصلے کی روشنی میں انتخابات کے بائیکاٹ کا اپنا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ |
اسی بارے میں پیپلز پارٹی: انیس سالہ بلاول چیئرمین، الیکشن لڑنے کا اعلان30 December, 2007 | پاکستان انتخاب کی نئی تاریخ کا مطالبہ28 December, 2007 | پاکستان بھٹو کی ہلاکت، ملک گیر احتجاج27 December, 2007 | پاکستان نگرانی کیلیے تیار لیکن مطمئن نہیں26 December, 2007 | پاکستان ’الیکشن میں ووٹ نہ ڈالیں‘26 December, 2007 | پاکستان حتمی فہرستیں: نو ہزار سے زائد امیدوار 17 December, 2007 | پاکستان انتخابات، جماعتیں اور منشور17 December, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||