بارہ سوسکول بند، تقریباً دو لاکھ طلباء متاثر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سوات میں تقریباً چار ہفتے سے جاری شورش کی وجہ سے بارہ سو سے زائد سرکاری سکول مکمل طور پر بند پڑے ہیں اور لگ بھگ دو لاکھ طلبا ء و طالبات تعلیم کے حصول سے محروم ہیں۔ متاثر ہونے والے غیر سرکاری سکول اور اُن میں پڑھنے والے طلباء اس کے علاوہ ہیں جن کے حوالے سے کوئی بھی وثوق سے نہیں کہہ سکتا ہے کہ کب سکول کھل سکیں گے اور کب تعلیم کا سلسلہ بحال ہوپائے گا۔ ویسے تو خرابیِ امن و عامہ کی وجہ سے روز مرہ زندگی کا ہر شعبہ بُری طرح متاثر ہوا ہے لیکن تعلیم کے مقابلے میں شاید ہی کوئی دوسرا ایسا شعبہ ہوگا جس کا نظام مکمل طور پر تعطل کا شکار ہے۔
شورش برپا ہونے سے پہلے ان بارہ سوسکولوں میں (جو کہ اب تقریباً سارے کے سارے بند پڑے ہیں ) درج شدہ طلباء کی تعداد ایک لاکھ اکتیس ہزار جبکہ لڑکیوں کے سکولوں میں درج شدہ طالبات کی تعداد باسٹھ ہزار سے زیادہ بنتی ہے۔ اس طرح متاثرہ طلبا ء و طالبات کی تعداد کل درج شدہ طلبا ء و طالبات میں سے پچھتر فیصد بنتی ہے۔ مولانا فضل اللہ کے حامیوں کے زیرِ کنٹرول ان علاقوں میں حکومت کی عملداری نہیں پائی جاتی اور یہاں تک کہ حکومت حالیہ دنوں میں کرفیو کا اطلاق بھی ان علاقوں میں نہیں کراسکی۔ تحصیل کبل کے کئی ایسے دیہات میں جہاں حکومت کی عملداری نہیں گزشتہ چند روز میں بی بی سی کے مشاہدے میں یہ بات آئی ہے کہ تقریباً تمام سرکاری سکول بند پڑے ہیں اور اُن کے صدر دروازوں پر تالے لگے ہوئے ہیں۔
حِراء کالج، کانجو میں سائنس کے بارہویں جماعت کہ طالبعلم احسان کالج یونیفارم پہنے دن تقریباً ایک بجے ڈھیری کے علاقے میں مولانا فضل اللہ کے مسلح حامیوں کی سڑک پر بنائی گئی چیک پوسٹ اور اس کے پاس ہی بنائے گئے مورچے کے قریب کھڑے تھے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اُن کا کالج دو دن پہلے ہی اس سارے جھگڑے میں پہلی بار کُھلا ہے۔ اُن کے بقول’ کالج تو کُھلا ہے لیکن لڑکے نہیں آتے‘۔ اُنھوں نے کہا کہ پینتالیس طلباء پر مشتمل جماعت میں آج کل صرف پانچ سے سات طلباء حاضر ہوتے ہیں۔ سکولوں میں تعلیمی سلسلے پر منفی اثرات پڑنے کے حوالے سے جب مولانا فضل اللہ کے ترجمان سراج الدین سے پوچھا تو اُنھوں نے بتایا کہ اُنھوں نے خود بھی کوشش کی ہے کہ لڑکوں کی درس گاہیں کھل جائیں ، ’تاکہ بچوں کی تعلیم کا حرج نہ ہو‘۔ انہوں نے بتایا کہ اُنھوں نے ضلعی حکومت کے محکمہ تعلیم کے افسران سے رابطہ کر کے اُن سے کہا تھا کہ اگر سرکار لڑکوں کے سکول کھولے تو ان درس گاہوں کی حفاظت کے لیے ’ہمارے طالبان‘ خود ہر سکول کے باہر پہرہ دیں گے۔’تاحال ہماری بات کا مثبت جواب نہیں دیاگیا‘۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ سراج الدین کی سکولوں کو کھولنے کے حوالے سے تجویز ہی کی وجہ تھی کہ ضلعی حکومت نے شورش زدہ علاقوں میں سرکاری سکولوں کو بند کرنے کے حوالے سے نومبر کے شروع میں جاری کیے گئے ایک اعلامیے کو منسوخ کیا اور تمام ضلع میں سرکاری سکول کھلے رکھنے کی حکمتِ عملی اپنائی۔ سوات کے ضلعی رابطہ افسر (ڈی ۔ سی ۔ او ۔) ارشد مجید نے بی بی سی کے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومت نے تمام سکول کھول رکھے ہوئے ہیں لیکن امن و عامہ کی خراب صورتِحال کی وجہ سے بعض علاقوں میں اساتذہ سکول نہیں جا رہے‘۔ اس کے علاوہ اُنھوں نے کہا کہ وقتاً فوقتاً لگنے والے کرفیو سے بھی سکولوں میں اساتذہ کی حاضری پر اثر پڑا ہے۔ ’لیکن ہماری پالیسی ہے کہ سکول کُھلے رہیں گے‘۔ جب مولانا فضل اللہ کے حامیوں کی جانب سے سرکاری سکولوں کو کُھلا رکھنے کے حوالے سے کیے گئے رابطے کے بارے میں پوچھا تو ضلعی رابطہ افسر نے کہا مینگورہ کے قریب چارباغ کے علاقے میں لڑکیوں کے ایک سکول کی عمارت کو مولانا فضل اللہ کے حامیوں کا بطورِ جیل استعمال کرنے کے بارے میں سوات میڈیا انفارمیشن سینٹر کے انچارج امجد اقبال نے بی بی سی کو بتایا کہ اس عمارت کو بیس نومبر کو اس اطلاع پر آرٹلری فائر کا نشانہ بنایا گیا کہ اس میں کافی تعداد میں ’عسکریت پسند‘ موجود ہیں۔ ’کاروائی میں دس عکسریت پسند ہلاک اور چالیس کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے‘۔ اسی اطلاع کی تصدیق کے لیے جب بی بی سی نے مولانا فضل اللہ سے رابطہ کیا تو اُنھوں نے سرکاری ترجمان کے ہلاکتوں کے کے حوالے سے کیے گئے دعوے کی تو تردید کی لیکن لڑکیوں کے سکول پر قبضے کے حوالے سے کچھ یوں کہا ’لڑکیوں کا سکول شاید پکڑا ہو‘۔ ضلعی حکومت کے محکمہ تعلیم کے ایک اہلکار نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے کئی علاقوں میں سرکاری انسپیکشن ٹیمیں بھی دورہ کرنے نہیں جا سکیں جس سے یہ غیر حاضر اساتذہ کےحوالے سے کچھ کیا جاسکتا ۔ ٹیموں کے ان علاقوں میں نہ جانے کی وجہ پوچھی ڈسٹرکٹ افسر سکولز اینڈ لٹریسی شیرزادہ خان کے دفترمیں موجود ایک اہلکار نے کہا کہ ’اُن علاقوں میں کیسے جائیں، وہ یا تو ہمارے لوگوں کویرغمال بنا لیں گے یا ہماری گاڑی چھین لیں گے‘۔ |
اسی بارے میں سوات و شانگلہ: 30 سے زائد ہلاک14 November, 2007 | پاکستان سوات اور شانگلہ میں جھڑپیں18 November, 2007 | پاکستان سوات و شانگلہ: ہلاکتوں کے دعوے20 November, 2007 | پاکستان سوات، شانگلہ میں لڑائی، متعدد ہلاک15 November, 2007 | پاکستان گولہ باری سے ہزاروں نقل مکانی پر مجبور21 November, 2007 | پاکستان سوات میں دوبارہ رات کا کرفیو23 November, 2007 | پاکستان کرفیو ختم، موبائل فون بدستور بند23 November, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||