ایم کیوایم کی پی پی پی سے تعزیت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
متحدہ قومی موومنٹ کے ایک نمائندہ وفد نے اتوار کو پیپلز پارٹی کے دفتر جاکر اٹھارہ اکتوبر کے واقعے پر اظہار افسوس اور تعزیت کی ہے۔ برطانوی سیکریٹری خارجہ، کرنل قذافی، راہول گاندھی اور دنیا کے مختلف رہنماؤں نے بھی فون پر بینظیر بھٹو سے تعزیت کی۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی رابطہ کمیٹی کے سربراہ انور عالم کی سربراہی میں وفد نے پیپلز سیکرٹریٹ میں صوبائی صدر سید قائم علی شاہ سے ملاقات کرکے تعزیت کی۔ ملاقات میں شریک پیپلز پارٹی کے ایک ترجمان وقار مہدی نے بتایا کہ اٹھارہ اکتوبر کو بینظیر بھٹو کے خیر مقدمی جلوس پر حملوں کی ایم کیو ایم نے مذمت کی اور ہونے والے جانی نقصان پر اظہار ہمدردی کیا۔ ایم کیو ایم کے وفد نے اٹھارہ اکتوبر کے واقعہ کی تحقیقات کرنے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے سمیت ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر قائم علی شاہ نے ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کیا اور ان کے جذبے کی تعریف کی۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کا وفد پیر کو بلاول ہاؤس میں بینظیر بھٹو سے بھی ملاقات کرے گا۔ یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے انیس سو چورانوے میں ایم کیو ایم کے خلاف آپریشن کے بعد فریقین میں یہ پہلا باضابطہ رابطہ ہے۔ جس کو بعض سیاسی مبصر آئندہ انتخابات کے بعد فریقین میں شراکتِ اقتدار کی بنیاد سے تعبیر کر رہے ہیں۔ دریں اثناء دنیا کے مختلف رہنماؤں کی جانب سے اکیس اکتوبر کو بھی بینظیر بھٹو سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کا سلسلہ جاری رہا۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق برطانوی سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے اتوار کو فون کے بینظیر بھٹو سے اظہارِ ہمدردی کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ بینظیر بھٹو نے برطانوی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ انہوں نے حکومتِ پاکستان سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے اور مطلوبہ سکیورٹی فراہم کرنے پر زور دیا ہے تاکہ وہ آئندہ انتخابات میں آزادانہ طور پر شرکت کرسکیں۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان کے مطابق لیبیا کے صدر کرنل معمر قذافی نے فون کرکے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ’خدا کا شکر ہے کہ آپ محفوظ رہیں‘۔ انہوں نے محترمہ کو اپنی حفاظت کے لیے خبردار رہنے کا مشورہ بھی دیا۔ اس موقع پر کرنل قذافی کی بیگم مادام صفیہ نے بھی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو سے بات کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ظاہر کیا۔ بیگم قذافی نے بینظیر بھٹو کو لیبیا کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان میں فرانس کے سفیر نے اتوار کو بلاول ہاؤس میں ملاقات کی اور ان سے اظہار ہمدردی کیا۔ انہوں نے فرانسیسی وزیر خارجہ اور اپنی حکومت کی جانب سے ایک خط بھی پیش کیا جس میں کہا گیا ہے: ’ہم دہشت گردی کے اس عمل کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہیں‘۔ پیپلز پارٹی کے ایک بیان کے مطابق بھارت کے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے صاحبزادے راہول گاندھی نے بھی فون کرکے بینظیر بھٹو سے حملے میں قیمتی جانیں ضائع ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ، سونیا گاندھی، ایل کے ایڈوانی، افغانستان کے صدر حامد کرزئی سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہان، عالمی سیاسی فورم سمیت مختلف بین الاقوامی اداروں کے سربراہان کے علاوہ پاکستانی صدر جنرل پرویز مشرف اور الطاف حسین سمیت کئی سرکردہ سیاسی رہنما بینظیر بھٹو سے اظہارِ افسوس کرچکے ہیں۔ |
اسی بارے میں عالمی رہنماؤں کا بینظیر سے رابطہ19 October, 2007 | پاکستان بینظیر: دھماکے کے زخمیوں کی عیادت21 October, 2007 | پاکستان کراچی دھماکے:’تین افراد زیرِ حراست‘20 October, 2007 | پاکستان ضیاء کی باقیات ذمہ دار ہیں: بینظیر19 October, 2007 | پاکستان قاتلانہ حملہ تھا، سیاسی عمل جاری رہے گا: بینظیر19 October, 2007 | پاکستان ’دھماکوں کا مقصد بینظیر کو ڈرانا تھا‘20 October, 2007 | پاکستان بم دھماکے کے بعد فضا سوگوار19 October, 2007 | پاکستان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||