BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 05 July, 2007, 07:07 GMT 12:07 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
لال مسجد: آپریشن کا تیسرا روز، ہلاکتوں کی تعداد انیس

سکیورٹی فورسز اور لال مسجد اور جامعہ حفصہ میں مورچہ بند ہتھیار بندوں کے درمیان تین روز سے جاری تصادم کی وجہ سے عام لوگ علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہیں

پاکستان کے وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے لال مسجد اور جامعہ حفصہ کی انتظامیہ سے مذاکرات کے امکان کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد میں مورچہ بند ہتھیاربندوں کے خلاف تین روز سے جاری آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں اب تک انیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جامعہ حفصہ کے نائب مہتمم عبدالرشید غازی مسجد کے تہہ خانہ میں پناہ لیے ہوئے ہیں اور تیس کے قریب طلبا و طالبات کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

آفتاب شیرپاؤ نے صحافیوں کو بتایا کہ تین روز کے دوران جامعہ حفصہ اور لال مسجد سے تعلق رکھنے والے چھ سو طلبا اور تین سو طالبات باہر آچکے ہیں۔

دریں اثناء اطلاعات کے مطابق عبدالرشید غازی اور ان کے محافظوں نے اس شرط پر ہتھیار ڈالنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے کہ انہیں اور ان کی بیمار والدہ کو اس وقت تک مسجد میں رہنے کی اجازت دی جائے جب تک رہائش کے لیے کسی متبادل جگہ کا انتظام نہیں ہو جاتا۔

تاہم وزارتِ داخلہ کے ترجمان بریگیڈئر جاوید چیمہ نے جوابی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ عبدالرشید غازی اور ان کے مسلح ساتھیوں کو بغیر کسی شرط کے ہتھیار ڈالنا ہونگے۔

اس سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مدرسے سے نکلنے والے تمام طلبا و طالبات کی مکمل ڈی بریفنگ کی جائے گی اور پوری تسلی کے بعد ہی انہیں چھوڑا جائےگا۔

بریگیڈئر چیمہ کا کہنا تھا کہ مدرسے کے نائب مہتمم عبدالرشید غازی کے خلاف بے شمار مقدمات ہیں جن کا انہیں سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مقامی آبادی کے مسائل کے پیش نظر کرفیو میں دو گھنٹے کی نرمی کی تھی۔

مولانا عبدالعزیز نے مبینہ طور برقع پہن کر فرار ہونے کی کوشش کی

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ نے اقدامات کر لیے گئے ہیں اور شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔

ادھر اطلاعات کے مطابق لال مسجد کے اوپر تقریباً تین گن شپ ہیلی کاپٹر اڑتے ہوئے دیکھے گئے ہیں، جن میں سے مسجد پر بظاہر گیس کے گولے پھینکے گئے ہیں۔

اس دوران مسجد سے ملحقہ مدرسہ حفصہ کی چند طالبات کے والدین نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مسجد کے اندر مزید دس بارہ لاشیں موجود ہیں تاہم لال مسجد کے نائب مہتمم عبدالرشید غازی نے اس کی تردید کی اور کہا کہ مذکورہ افراد زخمی ہیں۔

جمعرات کو رضاکارانہ طور پر باہر آنے والے افراد اپنے ساتھ ایک عمر رسیدہ شخص کی میت بھی لائے تھے۔

طلبہ کے باہر آنے سے قبل پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے زیر حراست مولانا عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ ان کے اندازے کے مطابق ابھی تک لگ بھگ اڑھائی سو طلبہ مسجد کے اندر موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان افراد کے پاس کم از کم چودہ کلاشنکوف بندوقیں بھی ہیں۔

مولانا عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ وہ خود کو پولیس کے حوالے نہیں کرنا چاہتے تھے بلکہ وہاں سے نکل جانا چاہتے تھے، لیکن وہ پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔

اس سے قبل جمعرات علی الصبح لال مسجد کی اطراف میں کئی زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جو تین چار کلومیٹر دور تک سنیں گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق کئی منٹ کے وقفوں سے تقریباً آٹھ دھماکے ہوئے۔

گرفتار طلباء کو ڈی بریفنگ کے بعد رہا کیا جائے گا: حکومت

دھماکوں کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، تاہم تقریباً بیس منٹ بعد دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں بند ہوگئیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک سرکاری اہلکار نے اپنا نام ظاہر کیے بغیر کہا کہ ’ یہ دھماکے محض وارننگ تھے اور ہم ابھی تک مسجد میں داخل نہیں ہوئے ہیں۔‘

اسلام آباد کے ایک ہسپتال کے ذرائع کا کہنا تھا کہ جمعرات علی الصبح کی فائرنگ میں مزید افراد زخمی ہوئے ہیں جس سے خدشہ ہے کہ حکومت کی جانب سے بتائی جانے والی ہلاکتوں کی تعداد (سولہ) میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

سکیورٹی فورسز نے لال مسجد کے اندر شدید شیلنگ بھی کی ہے جس کے بعد علاقے میں سیاہ دھویں کے بادل چھاگئے ہیں۔ آپریشن کے بعد لال مسجد کی قریبی مسجد سے اعلان کیا گیا کہ لال مسجد اور جامعہ حفصہ کو چاروں طرف سے گھیر لیا گیا ہے، لہذا اندر موجود افراد ہتھیار ڈال دیں اور خود کو قانون کے حوالے کردیں ورنہ نتائج کی ذمہ داری ان پر عائد ہوگی۔

جمعرات کی صبح پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل وحید ارشد نے کہا کہ فوج اب تک لال مسجد اور جامعہ حفصہ میں داخل نہیں ہوئی ہے بلکہ وہ پولیس اور رینجرز کی مدد کے لئے علاقے میں موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لال مسجد کے اندر آپریشن کا کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا ہے۔

فوج صرف مدد کے لیے
 فوج اب تک لال مسجد اور جامعہ حفصہ میں داخل نہیں ہوئی ہے بلکہ وہ پولیس اور رینجرز کی مدد کے لئے علاقے میں موجود ہے
ڈی جی آئی ایس پی آر

مسجد کے نائب مہتمم غازی عبدالرشید غازی نے بظاہر اپنے ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈالنے سے انکار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’ہم نے کوئی جرم نہیں کیا ہے کہ ہتھیار ڈالیں۔‘ انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ مسجد کے اندر سے فائرنگ کی گئی ہے اور کہا کہ انہوں نے دفاعی پوزیشن اختیار کر رکھی ہے۔

جمعرات کی صبح عبدالرشید غازی نے دعویٰ کیا کہ مسجد پر ٹینکوں سے گولے پھینکے گئے ہیں جس سے مسجد کے گیٹ اور دیوار کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مسجد اور جامعہ حفصہ کے اندر اس وقت بھی طلبہ کے علاوہ ایک ہزار طالبات موجود ہیں تاہم ان کی طرف سے اجازت ہے جو جانا چاہے جاسکتا ہے۔

لال مسجد کے خطیب اور غازی عبدالرشید کے بڑے بھائی مولانا عبدالعزیز کو بدھ کی رات اس وقت گرفتار کر لیا گیا تھا جب وہ برقعہ پہنے مسجد سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے۔

(ہارون رشید، مظہر زیدی، احمد رضا اور نیئر شہزاد کی رپورٹوں پر مبنی)

اسلام آباد میں فوجاسلام آباد میں فوج
دارالحکومت میں فوج نے پوزیشنیں سنبھال لیں
طالبہ جامعہ حفصہ
’اسلحے کی کمی کا شدت سے احساس ہوا‘
عبدالرشید غازی (فائل فوٹو)عبدالرشید سے مولانا
وہ حافظ کے لفظ سے احتراز کرتے رہے
لال مسجد طلبا برآمد
مہلت بڑھانے سے بہت سے طلبا باہر آ گئے
تصاویر میںتصاویر میں
لال مسجد: دن بھر کیا کیا ہوا؟
لال مسجد کشیدگی
رینجرز اور طلباء میں فائرنگ کا تبادلہ
زخمیوں کا تانتا
لال مسجد کے گرد واقعات کا آنکھوں دیکھا حال
اسی بارے میں
لال مسجد کے حق میں مظاہرے
03 July, 2007 | پاکستان
خودکش حملوں کی دھمکی
06 April, 2007 | پاکستان
لال مسجد: خطبہ جمعہ کا متن
06 April, 2007 | پاکستان
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد