لال مسجد کی ویب سائٹ پر پابندی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی حکومت نے اسلام آباد کی مرکزی لال مسجد کی ویب سائٹ پر پابندی عائد کردی ہے۔ حکومت نے فرقہ واریت پھیلانے اور امن و امان کو خراب کرنے کے الزام میں اس ویب سائٹ پر پابندی لگا ئی ہے۔ پاکستان کے اطلاعات کے وزیر مملکت طارق عظیم نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ لال مسجد کے منتظمین اس ویب سائٹ کے ذریعے پروپیگنڈہ کر رہے تھے اور اس سے فرقہ وارانہ فسادات اور معاشرتی انتشار کا خدشہ تھا، اس لیے حکومت کو اس ویب سائٹ پر پابندی لگانی پڑی ہے۔ دوسری طرف لال مسجد کے مہتمم غازی عبدالرشید نے حکومت کی لگائی پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ویب سائٹ پر کوئی قابل اعتراض چیز نہیں تھی۔ حکومت کے اس عمل سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ پاکستان میں ’آزادی اظہار رائے‘ کی نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویب سائٹ پر صرف ان کا مؤقف درج تھا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اپنا مؤقف لوگوں تک پہنچانے کے اور بھی ذرائع ہیں اور وہ مستقبل میں ان کو استعمال کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز جمعہ کے خطبے میں مسجد کے عالم مولانا عبدالعزیز نے کہا تھا کہ اگر حکومت نے لال مسجد پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو وہ بھی جوابی کاروائی کے طور پرخودکش حملہ کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے نمازِ جمعہ کے موقع پر تقریبًا تین ہزار افراد کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے لال مسجد میں نفاذ شریعت کے لیے شریعت کورٹ کے قیام کا بھی اعلان کیا تھا۔ | اسی بارے میں لال مسجد: خواتین کا مظاہرہ27 August, 2004 | پاکستان لال مسجد گولڈن ٹمپل کی راہ پر06 April, 2007 | پاکستان لال مسجد: خطبہ جمعہ کا متن06 April, 2007 | پاکستان لال مسجد پر پولیس چھاپہ17 August, 2004 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||