کراچی کی روشنیاں لوٹادی جائیں:اسفندیارولی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی میں بارہ مئی کے بعد جاری کشیدگی کے خاتمے کے لئے سندھ کےگورنر عشرت العباد نے بدھ کو عوامی نیشنل پارٹی ، متحدہ قومی موومنٹ اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں سےملاقاتیں کی ہیں۔ گورنر سندھ نے مردان ہاؤس میں اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی سے ملاقات کی اور کارکنوں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔ گورنر سندھ کو اسفند یار ولی ، ڈاکٹر فاروق ستار اور پروفیسر غفور احمد نے بحالی امن کے لئے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ وہ کوئی بات طے کرنے نہیں آئے تھے ایک حادثہ ہوا ہے اور جو لوگ جان بحق ہوئے ہیں وہ ان کی فاتحہ کے لئے آئے ہیں۔ بارہ مئی کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی ہے وہ سب کے لئے ایک تکلیف دہ امر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ولی خان اور الطاف حسین کی دانشمندی تھی کہ انہوں نے ایک ہم آہنگی کی فضا پیدا کی تھی۔ ایسا نہیں ہونا چاہیئے کہ ان کی محنت اور کاوش کو نقصان پہنچے اس لئے وہ خود ان کے پاس آئے ہیں۔ ڈاکٹر عشرت کا کہنا تھا کہ کشیدگی کا ماحول ختم ہوجائےگا۔ اور اس کے لیے باہر سے کوئی نہیں آئےگاہم نے ہی ان کو ٹھیک کرنا ہے ۔ اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ وہ گورنر سندھ کی آمد کو خوش آئند سمجھتے ہیں اورپشتون روایت کے مطابق جب کوئی فاتحہ کے لئے آتا ہے تو اس سے کسی اور معاملے پر بات نہیں کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب لوگوں کے مفاد میں ہے کہ کراچی کو دوبارہ اس کی روشنیاں لوٹا دی جائیں ، سیاسی اختلافات ہوتے ہیں مگر انہیں سیاسی پلیٹ فارم سے حل کرنا چاہیئے ۔ اسفند یار کا کہنا تھا کہ اے این پی کی تو ساری زندگی عدم تشدد کی فکر کے تحت گزری ہے۔ یہ سیاسی مسائل ہیں انہیں سیاسی طریقے سے حل کریں گے اور اگر جدوجہد کرنی بھی پڑی تووہ سیاسی جدوجہد ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہڑتال کی کال عوامی نیشنل پارٹی نے نہیں بلکہ پشتون ایکشن کمیٹی نے دی ہے اور اس کے بارے میں کسی بھی فیصلے کا اختیار وہ ہی رکھتی ہے۔ بعد میں گورنر سندھ متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز ’نائین زیرو‘ گئے جہاں انہوں نے رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر انور عالم اور ڈاکٹر فاروق ستار سے بات چیت کی۔ متحدہ کے پارلیمانی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بارہ مئی کے واقعات پر وہ اشک بار ہیں اور ان کی جماعت اس دکھ میں برابر کے شریک ہے۔ انہوں نےمزید کہا کہ ایم کیو ایم عدم تشدد کی پالیسی پر کاربند ہے وہ شہر میں امن امان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ متحدہ کے خلاف اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری ہے لیکن اس کے باوجود انہوں نے کارکنوں کو پرامن رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈاکٹر عشرت العباد نے بعد میں جماعت اسلامی کے نائب امیر پروفیسر غفور سے ان کی رہائش گاہ پر جاکر ملاقات کی ۔پروفیسر غفور کا کہنا تھا کہ کچھ معاملات پر ان کی ہم آہنگی ہوئی ہے جن کو وہ میڈیا پر نہیں لانا چاہتے۔ مگر جماعت اسلامی کراچی میں قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ |
اسی بارے میں قوم پرستوں کی ہڑتال کی حمایت23 May, 2007 | پاکستان سندھ حکومت کو جواب کیلیے نو دن22 May, 2007 | پاکستان ’ہڑتال تو ہو گی، فیصلہ جمعہ کو‘ 21 May, 2007 | پاکستان تنظیمیں فائرنگ کا نوٹس لیں: متحدہ21 May, 2007 | پاکستان ’تسلی نہیں تو بات چیت بھی نہیں‘21 May, 2007 | پاکستان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||