ہارون رشید بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور |  |
 |  باجوڑ ایجنسی افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ کے ساتھ واقع ہے |
پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں مقامی انتظامیہ نے نیم فوجی ملیشیا کی مدد سے ایک پناہ گزین کیمپ پر چھاپے میں چوبیس افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ان میں سے بائیس افغان بتائے جاتے ہیں۔ باجوڑ ایجنسی افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ کے ساتھ واقع ہے جہاں امریکی فوجی مشتبہ طالبان کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ نواگئی کے اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ عبدالقیوم کے مطابق ماموند علاقے میں قائم شاہ جہان آباد کیمپ میں تازہ کارروائی بقول ان کے دہشت گرد اور تخریب کار عناصر کے خلاف تھی۔ باجوڑ سکاوٹس نے کیمپ میں مکانات کی چھان بین کے دوران ایک سیٹلائٹ فون، رات کی تاریکی میں دیکھنے والے آلات، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی گزشتہ دنوں کیمپ میں دو بم دھماکوں کی وجہ سے عمل میں آئی۔ اس علاقے سے سرحد پار کنڑ میں امریکی فوجی گزشتہ کئی روز سے مشتبہ طالبان کے خلاف سرگرم ہیں۔ |