ادریس بختیار بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی |  |
کراچی میں جمعہ کی صبح دو دھماکے ہوئے۔ پہلا دھماکہ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر ہوا جبکہ دوسرا دھماکہ حسن سکوائر کے علاقے میں ایکسپو سینٹر کے قریب ہوا جہاں اِن دنوں ایک نمائش جاری ہے۔ اس واقعہ میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے لیکن دھماکوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دھماکے کا پہلا واقعہ اس وقت پیش آیا جب بعض نامعلوم افراد نے گھریلو ساخت کا ایک بم صوبہ سندھ کے وزیر اعلیٰ کے گھر کے قریب پھینکا جو شہر کے بڑے ہوٹلوں اور امریکی قونصل خانے کے قریب واقع ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکوں کی آوازیں پٹاخوں کے پھٹنے سے آئیں لیکن عینی شاہدین کے مطابق چیف منسٹر ہاؤس کے سامنے ہونے والے دھماکے سے زمین میں گڑھا پڑ گیا ہے۔ تاہم ابھی تک کسی نے بھی ان واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ کراچی پولیس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہر میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیئے گئے ہیں۔ کراچی میں جاری ایکسپو 2005 کی نمائش کے سلسلے میں پہلے ہی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے لیکن اس کے باوجود دھماکوں کے واقعات پیش آئے۔ |