عزیزاللہ خان بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ |  |
 |  بلوچستان میں فرنٹیر کور کو کافی عرصہ سے تخریبی کارروائیوں کا سامنا ہے |
بلوچستان کے شہر تربت میں فرنٹیئر کور کے کیمپ کے قریب ایک دھماکہ ہوا ہے جس میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ تربت سے آمدہ اطلاعات کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ہے۔ تربت سے مقامی صحافیوں نے بتایا ہے کہ دھماکہ فرنٹیئر کور یعنی نیم فوجی دستے کے کیمپ کے قریب رات کےو قت ہوا ہے۔ اس بارے میں فرنٹیئر کور کے حکام سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے کہا ہے کہ ان کے پاس اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں پہنچی۔ دریں اثنا مقامی ذرائع ابلاغ کے دفاتر میں نا معلوم شخص نے ٹیلیفون پر اپنا نام آزاد بلوچ بتایا ہے اور کہا ہے کہ تربت میں دھماکے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی اور بلوچ لبریشن فرنٹ مشترکہ طور پر قبول کرتی ہے۔ آزاد بلوچ نے کہا ہے کہ اس دھماکے میں جانی نقصان ہوا ہے لیکن سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ آزاد بلوچ نے اس سے پہلے بھی اس قسم کے واقعات کی ذمہ داری ان تنظیموں کے ناموں پر قبول کی ہیں۔ یاد رہے کہ تربت میں پچیس دسمبر کو نا معلوم افراد نے نیم فوجی دستے کے اہلکاروں کی گاڑی پر راکٹ اور کلاشنکوف سے فائرنگ کی تھی جس میں چار اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوئےتھے۔ اس واقعے کے بعد ایف سی کی مزید نفری اس علاقے میں بھیج دی گئی تھی اور حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے تھے۔ |