علی سلمان بی بی سی اردو ڈاٹ کام ،لاہور |  |
 |  لاہور بسنت کے تہوار میں مرکزی حیثیت اختیار کر گیا ہے |
بسنت میں ابھی کچھ دن باقی ہیں لیکن اس تہوار میں شرکت کے لیے بھارتی فلمی ستارے شترو گھن سہنا ، سابق مس ورلڈ یکتا مکھے اور معروف ہدایت کار ششی رنجن اور انو رنجن لاہور پہنچ گئےہیں۔ بسنت تو اتوار کو ہو گی لیکن لاہور میں پرسوں یعنی سنیچر کی رات ہی سے بسنت نائٹ کا آغاز ہوجائے گا۔ لاہور کے ائیر پورٹ پر شترو گھن سہنا نے،جو فلمی اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سیاستدان بھی ہیں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ لاہور کے شہریوں کے ساتھ بسنت منانا چاہتے ہیں اسی لیے سب مصروفیات چھوڑ چھاڑ کر وہ لاہور پہنچ گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ اداکارہ یکتا مکھے ،ہدایتکار ششی رنجن اور انورنجن بھی تھے جو بسنت کے علاوہ چند نجی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔ لاہور میں سرکاری طور پر چھ فروری کو بسنت منانے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن پرسوں یعنی پانچ فروری کی شام سے ہی بسنت نائٹ شروع ہو جائے گی۔ اس تہوار پر پتنگ باز، گڈیاں ڈوریں لیکر چھتوں پر چڑھ جائیں گے اور پیچ لڑائیں گے۔ اس کے علاوہ اب اس تہوار پر اور پارٹیاں بھی دی جاتی ہیں۔ پتنگ بازی کے اس تہوار میں شرکت کے لیے ہر سال کی طرح اس بار بھی ملک کے مختلف شہروں کے علاوہ دنیا بھر سے شائقین لاہور پہنچ رہے ہیں۔ لاہور کے تمام بڑے ہوٹلوں میں کمرے بک ہوچکے ہیں اوراب دوسرے شہروں سے آنے والے شائقین دوسرے اور تیسرے درجے کے ہوٹلوں کا رخ کر رہے ہیں۔ |