ایش، ابھیشیک کی شادی کا جشن | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بالی ووڈ کی جوڑی ایشوریہ رائے اور ابھیشیک بچن کی شادی کی رسمیں بدھ سے شروع ہو چکی ہیں۔ تین دن تک جاری رہنے والی شادی کی یہ تقریب نہایت ہی نجی ہے لیکن بچن خاندان اور ایشوریہ کے مداحوں کے لیے یہ شادی بالی ووڈ کی سب سے بڑی شادی ہے۔ شادی کی تقریبات کا آغاز بدھ کو امیتابھ بچن کی ممبئی کی رہائش گاہ پر سنگیت کی محفل سے ہوا جبکہ جمعرات کو مہندی کی رسم انجام دی گئی اور یہ تقریب جمعہ کو سات پھیروں کی تکمیل پر انجام پائے گی۔ خيال کیا جارہا ہے کہ شادی کو نہایت سادہ رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہےکیوں کہ دُلہا کی دادی بیمار ہیں۔ بچن خاندان کی جانب سے شادی ميں جہاں کئی مشہور سیاسی اور فلمی شخصیات کو دعوت دی گئی ہے وہیں بالی ووڈ میں کئی جانی مانی ہستیوں اور اداکاراؤں کو دعوت نہيں دی گئی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ خاندان کے افراد سمیت شادی ميں تین سے چار سو لوگ شریک ہو سکتے ہیں۔ ایشوریہ کی جانب سے ان کے والدین، بھائی اور بھابھی شادی ميں شریک ہونگے۔ اطلاعات کے مطابق شادی میں جن لوگوں کو دعوت دی گئي ہے ان میں بڑے بڑے صنعت کاراور فلمی ہدایت کار شامل ہیں اور مبصرین کا کہنا ہے کہ شادی میں ایسے لوگوں کو دعوت دی گئی ہے جن سے کمرشل تعلقات ہیں۔
شادی کی تقریب سے میڈیا کو پوری طرح دور رکھا گياہے لیکن شادی کے مقام پر مداحوں اور میڈیا کی بہت بڑی بھیڑ بدھ کی صبح ہی سے جمع ہے۔ بچن نے اپنے پڑوسیوں سے گزارش کی ہے کہ وہ شادی کی تقریب کو صرف اپنے بنگلے سے دیکھیں اور میڈیا اور کیمرہ والوں کو اپنےگھر میں آنے کی اجازت نہ دیں۔ شادی کے دوران مداحوں اور میڈیا کی جانب سے کسی قسم کا رخنہ پیدا نہ ہو اس کے لیے حفاظتی انتظام سخت ہیں اور ممبئی پولیس کی مدد لی جا رہی ہے۔ امیتابھ بچن کے ’جلسہ‘ اور ’پرتیکشیا‘ نامی گھروں پر تقریبا پانچ سو پولیس والے متعین کیے گئے ہیں۔ شادی کی اہم رسم ’پرتیکشیا‘ پر ہوگي۔گھر کو پوری خوبصورتی کے ساتھ سجایاگيا ہے۔ بارات ’جلسہ‘ سے پرتیکشیا آئے گي۔ ایشوریہ کے کپڑے اور شادی کے اہم ملبوسات کو ہندوستان کے مشہور فیشن ڈیزائنر نیتا للا نے تیار کیاہے۔ دلہن کے لیے زیور اور گہنے خصوصی طور پر کولکاتا سے خریدے گئے ہیں اور ساڑھی شمالی شہر بنارس سے منگائی گئی ہے۔ راجستھانی مہندی ایشوریہ کے ہاتھوں میں رنگ بھرنے کا کام کرے گی۔ ابھیشیک اور ایشوریہ کی سگائی رواں سال جنوری میں ہوئی تھی۔ دونوں جوڑے کئی فلموں میں ایک ساتھ نظر آئے ہیں لیکن ان کی صرف ایک فلم ’گرو‘ باکس آفس پر کامیاب رہی ہے۔
ممبئی سے ریحانہ بستی والا کی رپورٹ کے مطابق یہ شادی ایک بزنس افیئر بن گئی ہے۔ اگرچہ اس شادی کو کور کرنے کے اختیارات کسی کمپنی کو فروخت نہیں کیے گئے لیکن مختلف ادارے اس شادی کو کیش کرانے کا ہر ممکن طریقہ استعمال کر رہے ہیں۔ امیتابھ بچن اور ان کی اہلیہ جیا بچن نے اس شادی کو بہت ہی نجی معاملہ قرار دیا ہے اور انتہائی قریبی و گنے چنے مہمانوں کو ہی مدعو کیا ہے لیکن مہمانوں کی فہرست میں تاجر و صنعت کار، بڑی فلم پروڈیوسر اور اشتہاری کمپنیوں کے سربراہ شامل ہیں۔ امیتابھ بچن، ابھیشیک اور ایشوریہ کئی اشیاء کے برانڈ سفیر ہیں۔ ایشوریہ رائے پیرس کی ایک کمپنی لورئیل پیرس کی برانڈ سفیر ہیں اور کمپنی نے اس موقع کو بھی کیش کرانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ لورئیل کی جانب سے جاری کردہ اخباری اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ ان کی کمپنی ایشوریہ رائے کی من پسند رنگوں کی دو لپ سٹک کو اس خصوصی موقع پر لانچ کر رہی ہے۔ یہ رنگ ایشوریہ نے خود پسند کیے ہیں۔اس لپ سٹک کا ایک خصوصی پیکٹ سیاہ اور سنہرے رنگوں میں بنا کر بازار میں پیش کیا جارہا ہے۔
ٹی وی چینل، ایف ایم ریڈیو، موبائیل اور اشتہاری کمپنیاں اس شادی سے ایک بڑا بزنس کر رہی ہیں۔ موبائیل کمپنیاں ابھیشیک اور ایشوریہ کی فلموں کی دھنیں ایس ایم ایس کر رہی ہیں اور ان کے شیدائی تیس روپیہ ماہانہ کے خرچ پر اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے بخوشی تیار ہیں۔ ایشوریہ اور ابھیشیک کی فلموں کی ڈی وی ڈی بڑی تعداد میں فروخت ہو رہی ہیں۔ ان میں ڈھائی اکشر پریم کے اور کچھ نہ کہو جیسی فلاپ فلمیں بھی شامل ہیں۔ شہر میں دونوں اداکاروں کے بڑے بڑے پوسٹرز فروخت ہو رہے ہیں۔ امیتابھ بچن کے مہمانوں کی فہرست میں ان کے کئی قریبی دوست اور رشتہ دار شامل نہیں۔ جب کہ جو غیر فلمی ہستیاں مدعو ہیں ان میں صنعت کار کمار منگلم برلا، این آر نارائن مورتھی، عظیم پریم جی، انیل اور ٹینا امبانی، سیاستداں ملائم سنگھ یادو اور ان کے بیٹے اکھلیش یادو، شیوسینا سربراہ بال ٹھاکرے، سہارا گروپ کے چیئرمین سبرتو رائے شامل ہیں۔ |
اسی بارے میں ابھیشیک ایشوریہ رائے کی سگائی 14 January, 2007 | فن فنکار ابھیشیک، ایش کی شادی 20 اپریل کو27 March, 2007 | انڈیا بالی وڈ ڈائری: ایش کی شادی اور شاہ کی دیوانی 09 April, 2007 | انڈیا ایشوریہ رائے کی فلم پاکستان میں26 March, 2006 | فن فنکار ایشوریہ رائے کیسی بہو بنیں گی؟15 January, 2007 | فن فنکار میڈم تساؤ میں ایشوریا رائے09 September, 2004 | فن فنکار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||