ابھیشیک ایشوریہ رائے کی سگائی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بالی وڈ کی مشہور جوڑی ایشوریہ رائے اور ابھیشیک بچن کی اتوار کے روز منگنی ہو گئی۔ منگنی کی یہ رسم ممبئی میں امیتابھ بچن کے گھر پر ہوئی جس میں امیتابھ بچن کے خاندان اور ایشوریہ کے گھر والوں کے علاوہ چند بہت ہی قریبی دوستوں نے شرکت کی۔ ایشوریہ رائے کے سیکریٹری ہری سنگھ نے اس خبر کی تصدیق کی اور بی بی سی کو بتایا کہ پہلے سے سگائی کا یہ دن طے تھا۔ ایشوریہ رائے اور ابھیشیک ٹورنٹو میں اپنی فلم ’گرو‘ کے پریمیئر میں شرکت کے لیے گئے تھے۔ ان کی واپسی آج ہی ہوئی اور اس شام ہی یہ رسم ادا کر دی گئی البتہ شادی کا دن ابھی طے نہیں کیا گیا ہے۔ گزشتہ کئی مہینوں سے ایشوریہ اور ابھیشیک کی شادی کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ کہا جا رہا ہے کہ ان کی شادی انیس فروری کو ہوگی لیکن انیس فروری کو ایشوریہ ’جودھا اکبر‘ کی شوٹنگ کر رہی ہیں اور ابھیشیک فلمساز گولڈی بہل کی فلم ’درونا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ ابھیشیک اور ایشوریہ کی شادی کی اس وقت تصدیق ہو گئی تھی جب پہلی مرتبہ ایشوریہ رائے کو بچن خاندان کے ساتھ بنارس کے سنکٹ موچن مندر میں ایک ساتھ پوجا پاٹھ کرتے دیکھا گیا تھا۔ اس کے بعد سے تو ایشوریہ رائے بچن خاندان کے ہر پروگرام میں شریک رہیں۔ ابھیشیک اور ایشوریہ کی یہ جوڑی اس وقت بالی وڈ میں بہت مقبول ہے اور فلم گرو میں پہلی مرتبہ ان دونوں کو ناظرین نے سراہا بھی ہے۔لیکن اس سے قبل یہ دونوں پہلی مرتبہ فلم ’ڈھائی اکشر پریم کے‘ اور ’ کچھ نہ کہو‘ میں اکٹھے نظر آئے لیکن ناظرین نے انہیں پسند نہیں کیا۔ فلم فلاپ ہوئی لیکن انہی فلموں کے بعد دونوں میں دوستی ہوئی۔ اس دوران ایشوریہ رائے اور سلمان خان کا پیار پروان چڑھا دونوں نے فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ میں کام کیا اور فلم کامیاب ثابت ہوئی لیکن پھر ان کی زندگی میں ایک موڑ آیا اور دونوں الگ ہو گئے۔ ابھیشیک کی زندگی میں بھی کرشمہ کپور آئیں اور دونوں کی منگنی بھی ہوئی لیکن کچھ وجوہات کی وجہ سے یہ منگنی چند دنوں میں ہی ٹوٹ گئی۔ چند مہینوں سے ایشوریہ رائے اور ابھیشیک بچن کے درمیان پیار کو دنیا نے دیکھا اور دونوں نے کھل کر اس کا اظہار بھی کیا۔ مشہور فوٹوگرافر ڈبو رتنانی کے کیلنڈر کے افتتاح کی پارٹی میں جب امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن اور ایشوریہ رائے ایک ہی کار میں آئے تو لوگوں نے اندازہ لگا لیا تھا کہ ایشوریہ رائے اب بچن خاندان کی بہو جلد ہی بننے والی ہیں۔ ایشوریہ رائے ملکہ حسن رہ چکی ہیں اور دنیا کی دس خوبصورت خواتین میں ان کا شمار کیا جاتا ہے۔ایشوریہ رائے نے بالی وڈ ہی نہیں ہالی وڈ کی فلموں میں بھی کام کیا ہے اور حال ہی میں ان کی فلم ’پرووکڈ‘ میں ان کے کام کی کافی تعریف کی گئی ہے۔ ابھیشیک نے اپنا کیرئیر اپنے والد کی طرح فلاپ فلموں سے شروع کیا لیکن آج وہ ایک کامیاب ہیرو ہیں اور ان کی اس ہفتہ نمائش کے لیے پیش ہوئی فلم ’گرو‘ میں ان کی اداکاری کے ہر طرف چرچے ہیں۔ امیتابھ بچن بالی وڈ کے شہنشاہ کہلاتے ہیں۔ چونسٹھ برس کی عمر میں بھی آج وہ بالی وڈ کے سب سے مصروف اداکار ہیں۔ان کی بیوی جیا بچن اپنے دور کی مشہور اداکارہ رہ چکی ہیں اور آج بھی فلموں میں کام کر رہی ہیں۔ امیتابھ بچن کے والد ہندی زبان کے نامور شاعر تھے۔ | اسی بارے میں موم کی ایشوریا رائے بے نقاب 01 October, 2004 | فن فنکار ایشوریہ رائے پاکستان آئیں گی22 August, 2005 | فن فنکار ایشوریہ رائے کی فلم پاکستان میں26 March, 2006 | فن فنکار سونو کے دیوانے اور ابھیشیک کا درد21 August, 2006 | فن فنکار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||