میڈم تساؤ میں ایشوریا رائے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امتابھ بچن کا ساتھ دینے جا رہی ہیں ایشوریا رائے۔ یہ کسی فلم کی نہیں ہے بلکہ مشہور عجائب گھر میڈم تساؤ کی بات ہے۔ یہ عجائب گھر مشہور شخصیات کےموم سے بنے مجسموں کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ اس میں بالی ووڈ اداکاروں میں سے اب تک صرف امتابھ بچن کا ہی مجسمہ موجود ہے اور اب میڈم تساؤ نے ایشوریا رائے کا مجسمہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈم تساؤ کے ترجمان نے بتایا کہ ایشوریا رائے کو ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھتے ہوئے منتخب کیا گیا ہے۔ ایشوریا رائے کے مجسمے کی نمائش یکم اکتوبر کو لندن میں شروع ہوگی۔ ان کا مجسمہ امتابھ کے مجسمے کے قریب رکھا جائےگا۔ ایک اکتوبر کو ایشوریا رائے کی نئی فلم ’برائڈ اینڈ پریجوڈس‘ بھی منظر عام پر آنے والی ہے۔ ایشوریا کے مجسمے کے پیچھے پردے پر ان کی فلموں کی کچھ جھلکیاں بھی دکھائی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ لوگوں کو ان کی فلموں کے گانوں پر ناچنے کا موقع بھی فراہم کیا جائےگا۔ ایشوریا رائے پچھلے کچھ سالوں میں کافی مقبول ہوئی ہیں جس کی ایک علامت ان کا ٹائیم میگزین کے سرورق پر ہونا بھی تھا۔ اس کے علاوہ وہ پچھلے سال کان کے فلمی میلے میں بطور جج بھی بلائی گئی تھیں۔ میڈم تساؤ میں مہاتما گاندھی، جواہرلال نہرو اور اندرا گاندھی جیسی سیاسی شخصیات کے مجسمے موجود ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ جب سے میڈم تساؤ میں امتابھ بچن کا مجسمہ لگایا گیا ہے تب سے وہاں آنے والے بھارتی نژاد افراد کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||