آسام کی ’گمشدہ‘ خواتین | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست آسام میں شدت پسندی سب سے بڑا مسئلہ ہے لیکن ریاست کو دوسرے مسائل کا بھی سامنا ہے جنہیں اہم تصور نہیں کیا جاتا ہے۔گزشتہ دس برسوں میں ریاست میں ہزاروں کی تعداد میں عورتیں، بچے اورنوجوان لاپتہ ہوئے ہیں۔ ایک حالیہ پولیس رپورٹ کے مطابق ریاست میں انیس سو چھیانوے سے تین ہزار ایک سو چوراسی خواتین اور تین ہزار آٹھ سو چالیس بچیاں لاپتہ ہوئی ہیں، یعنی روزانہ اوسطاُ دو عورتیں یا بچیاں غائب ہوجاتی ہیں۔ یہ رپورٹ آسام پولیس اور اس کے تحقیقی شعبے بیورو آف پولیس ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ نے تیار کی ہے۔ آسام انٹیلیجنس پولیس کے سربراہ کھگن شرما کے مطابق ریاست میں پولیس کی ساری توانائی شدت پسندی کے خلاف لڑائی میں لگی ہوئی ہے۔ وہ کہتے ہیں: ’کثیر تعداد میں پولیس کےجوان شدت پسندی کے خلاف لڑائی ميں مشغول ہیں اور اس وجہ سے دیگر جرائم پر وہ توجہ نہیں دے پاتے ہیں۔‘ آزاد کرائی گئي زیادہ تر لڑکیوں کا تعلق ریاست میں بےگھر ہونے والوں کے کیمپوں خاص طور پر کوکرا جھر ضلع سے ہے۔ کوکراجھر وہ علاقہ ہے جہاں انیس سو نوے کے عشرے کے آخری برسوں میں اندرونی گڑبڑ کے سبب بےگھر ہونے والے تقریبا ڈھائی لاکھ افراد آباد ہوئے تھے۔ کوکراجھر اور اس کے قریبی اضلاع میں انیس سو چورانوے سے اب تک بوڈو اور غیر بوڈو قبائلیوں کے مابین نسلی لڑائی میں تقریبا آٹھ سو افراد ہلا ک ہوئے ہیں۔ پولیس کی تحقیق سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ ریاست میں باضابطہ طور ملازمت کے جعلی مراکز کھلے ہوئے ہیں جو خوبصورت لڑکیوں کو دوسری ریاستوں میں نوکری دلانے کا جھانسہ دیتے ہیں۔ پولیس اہلکار انل پھوکن کا کہنا ہے: ’ہم نے بعض فریبیوں کو گرفتار کیا ہے لیکن ہم اس کاروبار کو پوری طرح ختم نہيں کر پائے ہیں۔‘ اس کا طریقۂ کار بہت آسان ہے۔ شدت پسندی کے سبب بےگھر ہونے والوں کے لیے قائم کیمپوں میں رہنے والی لڑکیوں کو نوکری کی پیشکش کی جاتی ہے۔ لڑکیوں کے والدین کو کچھ ہزار روپے پیشگی کے طور پر دیے جاتے ہیں اور اور انہیں بتایا جاتا ہے کہ جب آپ کی لڑکی کام کرنا شروع کر دے گی تو وہ پیسے بھیجنا شروع کر دےگی۔ لیکن ایک بار وہاں سے جانے کے بعد ایسا شاید ہی کبھی ہوتا ہے۔ کوکراجھر قصبے کے نزدیک جےپور ریلف کیمپ کے جام سنگھ لکرا کا کہنا ہے کہ ’ہمارے ریلیف کیمپ سے کم سے کم بیس لڑکیاں نوکری کے لیے گئیں اور دوبارہ واپس نہيں آئیں۔‘ انہوں نے بتایا: ’ہم نے بھرتی کرنے والے بعض لوگوں کو پہچان لیا اور ان کی پٹائی بھی کی لیکن لڑکیوں کے جانے کا سلسلہ بند نہیں ہوا۔‘
بےگھرہونے والے متاثرین کے مسائل پر کام کرنے والی خاتون کارکن پاولا بنرجی کا کہنا ہے: ’پوری دنیا میں نسلی لڑائی کے نتیجے میں بڑی تعداد میں خواتین کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑتا ہے اور اس سے جنسی کاروبار کو ہوا ملتی ہے۔ آسام کے حالات اس سے مختلف نہیں ہیں۔‘ لیکن آسام کی تمام خواتین کو باہر نہيں لے جایا گیا ہے۔ کچھ لڑکیاں مقامی فحش فلموں میں کام کرتی ہوئی پائی گئی ہیں۔ تحقیق سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ کوکراجھر میں بعض مقامی لڑکیوں کی پورنوگرافک فلمیں بنائی گئی ہیں اور اس فلم بنانے میں مقامی لیڈر ملوث رہے ہیں۔ لڑکیوں کو نوکری کی لالچ میں ہوٹل میں لایا جاتا ہے اور انہيں سافٹ ڈرِنکس میں نشہ آور اشیاء ملاکر پلایا جاتا ہے اور نشے یا بیہوشی کی حالت میں فحش فلمیں بنائی جاتی ہیں۔ ’گمشدہ‘ لڑکیاں صرف کیمپوں سے نہیں آتیں۔ آسام پولیس کے ایک اعلی اہلکار نے بتایا: ’اندرانی بورا اور ریتو بورگو ہین خوبصورت اور تعلیم یافتہ انگریزی زبان بولنے والی ہیں اور آسام کے شہر گوہاٹی سے تعلق رکھتی ہیں۔ انہیں دلی کے نواح میں گڑگاؤں کے ایک گیسٹ ہاؤس میں نوکری ملی لیکن دونوں لڑکیوں کو کمپلیکس کے مالک نے رفتہ رفتہ اپنے جسم فروشی کے کاروبار میں ڈال دیا۔‘ کولکاتا میں واقع ایک ریسرچ گروپ کا کہنا ہے کہ آسام میں کمیپوں میں رہنے والے انتہائی غریبی میں زندگی گزار رہے ہیں۔ انتہائی برے حالات کے سبب کیمپ کے باشندے شدت سے کام کی تلاش میں رہتے ہیں اور جب کہیں سے پیشکش آتی ہے تو وہ آسانی سے قبول کر لیتے ہیں خواہ وہ مشکوک لوگوں کی طرف سے ہی کیوں نہ ہو۔ کولکتا میں سماجی مطالعے کے مرکز کی اودیپنا گوسوامی کہتی ہیں: ’یہ صورتحال اس لیے پیدا ہوئی کیونکہ حکومت نے ان کیمپوں میں روزی کا کوئی ذریعہ مہیا نہیں کیا۔‘ |
اسی بارے میں آسام کے باغیوں کا مطالبہ مسترد01 April, 2006 | انڈیا آسام: بم دھماکے میں چار ہلاک09 June, 2006 | انڈیا آسام: ہندی بولنے والوں کے خوفزدہ چہرے10 January, 2007 | انڈیا آسام: کانگریس کے رہنما کا قتل01 February, 2007 | انڈیا آسام: ہڑتال سے زندگی متاثر 04 April, 2007 | انڈیا آسام میں آٹھ باغی ہلاک: فوج10 April, 2007 | انڈیا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||