ڈزنی لینڈ پیرس: مسلح شخص کی گرل فرینڈ بھی گرفتار

ڈزنی لینڈ پیرس کے قریب ہوٹل سے گرفتار ہونے والے مسلح شخص کے مطابق وہ اپنی سلامتی کے بارے میں خوفزدہ تھا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنڈزنی لینڈ پیرس کے قریب ہوٹل سے گرفتار ہونے والے مسلح شخص کے مطابق وہ اپنی سلامتی کے بارے میں خوفزدہ تھا

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ڈزنی لینڈ کے قریب ہوٹل سے گرفتار ہونے والے مسلح شخص کی گرل فرینڈ کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

یہ خاتون ہوٹل سے فرار ہو گئی تھیں اور انھیں ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا۔

ایک دوسرے واقعے میں پولیس نے ایک 15 سالہ لڑکے کو بھی گرفتار کیا ہے جو پیرس کے نواح میں واقع ایک شاپنگ مال میں نقلی بندوق لہرا رہا تھا۔

اسے اس نقلی بندوق کی مدد سے دکان داروں کو دھمکانے کے الزام میں گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق اس لڑکے کا مقصد توجہ حاصل کرنا تھا۔

اس سے پہلے ڈزنی لینڈ پیرس کے قریب ہوٹل سے گرفتار ہونے والے مسلح شخص کے مطابق وہ اپنی سلامتی کے بارے میں خوفزدہ تھا اور اسی وجہ سے اپنی پاس ہتھیار رکھے۔ ڈزنی لینڈ پیرس کے قریب نیویارک ہوٹل کے داخلی دروازے پر اس مسلح شخص کو دو بندوقوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گردی کا کوئی پہلو سامنے نہیں آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس 28 سالہ شخص کی قبضے سے قرآن کا ایک نسخہ اور کارتوسوں کا ایک ڈبا بھی ملا۔

ڈزنی لینڈ پیرس کا کہنا ہے کہ دو بندوقوں کے بارے میں سکیورٹی چیکنگ کے دوران معلوم ہوا اور انھوں نے اس کے بارے میں پولیس کو آگاہ کیا جس نے اس شخص کو کسی مزاحمت کے بغیر گرفتار کر لیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں پیرس حملوں کے بعد سے فرانس میں ایمرجنسی صورت حال نافذ ہے۔ ڈزنی لینڈ پیرس یورپ کا سب سے مقبول سیاحتی مرکز ہے اور یہاں سالانہ ایک کروڑ افراد آتے ہیں۔ اس واقعے کے بعد ڈزنی لینڈ معمول کے مطابق سیاحوں کے لیے کھلا ہے۔