عدالت میں پیش ہونے سے انکار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
نیویارک میں قید پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے عدالت میں پیش ہونے سے انکار کے بعد ان کے خلاف مقدمے کی سماعت بائیس ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ ڈاکٹر صدیقی کی وکیل الیزبیتھ فنک نے عدالت کو بتایا کہ ان کی موکل سماعت کے لیے حاضر ہونے سے اس لیے قاصر ہیں کیونکہ وہ کمرہ عدالت میں داخل ہونے سے قبل کی جانے والی جسمانی تلاشی سے نہیں گزرنا چاہتیں۔ وکیل کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کو اس طرح کی تلاشی پر سخت اعتراض ہے کیونکہ وہ اسے باعث ذلت تصور کرتی ہیں۔ الزبیتھ فنک نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ عافیہ صدیقی اپنے تین بچوں کی کوئی خبر نہ ملنے کی وجہ سے شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا ہیں۔ اب ان کے خلاف مقدمے کی سماعت بائیس ستمبر کو ہو گی اور اسی سماعت کے دوران ان پر فردِ جرم عائد کی جائے گی۔ عافیہ صدیقی پر الزام ہے کہ انہوں نے افغانستان میں اس وقت امریکی سکیورٹی اہلکاروں پر ان کی ہی رائفل چھین کر فائرنگ کی تھی جب ان سے گرفتاری کے بعد تفتیش کی جا رہی تھی۔ استغاثہ کا کہنا ہے کہ اسی دوران پستول سے کی جانے والی جوابی فائرنگ سے ڈاکٹر عافیہ زخمی ہو گئیں۔ گزشتہ پیشی کے دوران عدالت نے ان کا طبی معانہ کرانے کا حکم دیا تھا جس کی رپورٹ گزشتہ منگل کو ان کے دوسرے وکیل ایلین وٹفیلڈ شارپ کو ملی۔ جج نے عافیہ صدیقی کی وکیل سے کہا کہ وہ انہیں عدالت میں پیش ہونے پر مائل کریں کیونکہ یہ ان کے حق میں ہوگا۔ ان کے وکیل نے یہ بھی بتایا کہ وہ ’سٹرپ سرچ‘ یا کپڑے اتار کر لی جانے والی تلاشی سے بچنے کے لیے اپنے وکلاء کی ٹیم سے بھی ملنے سے انکار کر رہی ہیں۔ الزبیتھ فنک نے عدالت کو بتایا کہ عافیہ کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور یہ کہ ان کا کسی خاتون ڈاکٹر سے مکمل طبی اور نفسیاتی معائنہ کرایا جانا چاہیے۔ عدالت کے باہر عافیہ صدیقی کے کافی ہمدرد جمع تھے جو ان کی رہائی کے لیے نعرے بازی کر رہے تھے۔ مقدمے کی اگلی سماعت میں عدالت یہ فیصلہ بھی کرے گی کہ آیا عافیہ صدیقی کی نفسیاتی حالت ایسی ہے کہ ان پر مقدمہ چلایا جاسکے۔ |
اسی بارے میں عافیہ کے حق میں ڈاکٹروں کا مظاہرہ16 August, 2008 | پاکستان ڈاکٹر عافیہ کا جیل میں طبی معائنہ13 August, 2008 | پاکستان عافیہ کی عدالت میں دوسری پیشی12 August, 2008 | پاکستان عافیہ سے پاکستانی حکام کی ملاقات09 August, 2008 | پاکستان ڈاکٹر عافیہ کے علاج کی اپیل09 August, 2008 | پاکستان ڈاکٹر عافیہ کے طبی معائنے کا حکم11 August, 2008 | پاکستان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||