 |  طالبان کے خلاف افغانستان میں امریکی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں |
افغان حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوب مشرق میں مشتبہ طالبان شدت پسندوں نے کم از کم چھ پولیس والوں کے سر قلم کر دئے ہیں۔ ان افراد کی لاشیں اور کٹے ہو ئے سر کابل سے سات سو کلومیٹر دور ہلمند صوبے سے ملے ہیں۔ ان پولیس والوں کو مشتبہ طالبان نے ہفتے کے روز پولیس کی ایک گشتی پارٹی پر حملے کے اغوا کیا تھا۔ اس حملے میں گولیوں کے تبادلے میں چار پولیس والے بھی مارے گئے تھے۔ افغان حکام کے مطابق یہ شدت پسند سرحد پار پاکستان فرار ہوگئے ہیں۔ افغانستان میں بی بی سی کے نمائندے کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ افغانستان میں مسلسل ہونے والے حملوں میں انتہائی ظالمانہ نوعیت کا ہے۔ اس سے قبل نامہ نگار رفعت اورکزئی نے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ افغانستان میں حکام نے کہا ہے کہ ہلمند صوبے میں طالبان کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے دس پولیس اہلکاروں کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ ہلمند میں ایک سرکاری افسر حاجی محی الدین نے اتوار کو صوبے کے دارالحکومت لشکرگاہ سے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ دو روز میں ہلاک ہونے اہلکاروں کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اہلکار سرحد پر تعینات تھے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو دشُو کے قریب طالبان نے حملہ کر کے کئی پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا یا حراست میں لے لیا تھا۔ |