کیرولائن برِگز بی بی سی نیوز انٹرٹینمنٹ |  |
بدھ کو اٹھاونویں کانز فلم فیسٹیول کا آغاز ہو رہا ہے جس میں اس برس اطلاعات کے مطابق فن کی دنیا کے نامور نام شریک ہو رہے ہیں۔ گزشتہ برس پامِ ڈیور اعزاز حاصل کرنے والے گس وان سانت، لارز وان ٹریئر، وِم وینڈرز داردینی برادران اس برس بھی ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئیں گے۔ فلمی دنیا کے نامور ستارے جن میں سکارلٹ جوہانسن، ایوان میگریگر، سیموؤل جیکسن اور نیتھالی پورٹمین کی شرکت بھی متوقع ہے اور اس برس کی تقریب بھی ماضی ہی کی طرح روایتی چمک دمک سے بھرپور ہو گی۔ دنیا کی مشہور فلم سٹار وارز کے سلسلے کی نئی فلم ’ایپیسوڈ تھری: ریوینج آف دی سِتھ‘ کا پریمیئر بھی اسی فلم فیسٹیول کے دوران منعقد ہو گا۔ برٹش فلم انسٹی ٹیوٹس سائٹ اینڈ ساؤنڈ نامی جریدے کے مدیر نِک جیمز نے بی بی سی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس برس فلمی میلے میں دنیا کے چوٹی کے ہدایتکار شرکت کریں گے۔  |  سِن سٹی کا ایک منظر |
گس وان سانت کی فلم ’ایلیفنٹ‘ کو دو ہزار تین میں پامِ ڈیور کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔ وان سانت اس برس کے کانز فلم فیسٹیول میں روک گروپ نروانا کے لیڈ سنگر کرٹ کوبین کی زندگی پر مبنی فلم ’لاسٹ ڈیز‘ لے کر آ رہے ہیں۔ وان ٹریئر کی فلم ڈانسر اِن دی ڈارک کو سنہ دو ہزار میں فیسٹیول کا سب سے بڑا اعزاز دیا گیا تھا اور وہ اس برس فلم مینڈرلے کے ساتھ فیسٹیول میں شریک ہوں گے۔ ڈیوڈ کروننبرگ کی فلم اے ہسٹری آف وائیولنس اور سنیما گھروں میں نمائش کے لیے جاری فلم سِن سٹی کے رابرٹ راڈریگیز بھی اس برس کے کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کر رہے ہیں۔
|