میں ایسا ہی ہوں، بس ’ایسی ہی ہے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ستاروں کی جگمگاہٹ اور ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے شائقین کی بھیڑ، فوٹوگرافروں اور صحافیوں کا میلہ ممبئی میں کسی فلم کے پریمیئر کے موقع پر عام نظارہ ہے۔ جمعرات کو ممبئی کے ایک نئے ملٹی پلیکس سنیما میں فلم ’میں ایسا ہی ہوں‘ کا پریمیئر تھا۔ اس فلم میں اجے دیو گن، سشمیتا سین، ایشا دیول، انوپم کھیر اور چائلڈ سٹار راچہ ویدہ نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ ’میں ایسا ہی ہوں‘ کی کہانی ہالی وڈ کی فلم ’ آئی ایم سیم‘ کا چربہ ہے۔ یہ فلم ذہنی دباؤ کے شکار ایک آدمی اور اس کی بیٹی کے باہمی رشتے کی خوبصورت کہانی ہے۔ ’ آئی ایم سیم‘ کے سینز کی نقالی کے باوجود بالی وڈ کی فلم اپنے اندر وہ حساسیت پیدا کرنے میں ناکام رہی ہے جو کہ ہالی وڈ کی فلم کا خاصا ہے۔ ’میں ایسا ہی ہوں‘ میں ذہنی دباؤ کے شکار شخص کے لیے عوامی ہمدردی پیدا کرنے کے لیے فارمولا طریقوں کو اپنایا گیا ہے اور فلم میں سارا شہر اندر نیل ٹھاکر (اجے دیو گن) کو پیار کرتا دکھایا گیا ہے۔
فلم میں بعض مواقع پر اجے دیوگن نے خود کو ایک ہمہ گیر اداکار کے طور پر منویا ہے مگر وہ ہر طرح سے امیدوں پر پورا اترتے دکھائی نہیں دیئے۔ شسمیتا سین نے ایک پیشہ ور وکیل کا کردار تو خوب نبھایا ہے لیکن جب ان کا کردار بدلتا ہے اور ایک موقع پر جب وہ آنسوؤں سے بھری آنکھوں سے اپنی تنہائی کا ذکر کرتی ہیں تو ان کی اداکاری خاصی مایوس کن دکھائی دیتی ہیں۔ فلم کا کلائمیکس بھی کافی گھِسا پِٹا ہے۔ فلم ہالف ٹائم سے پہلے کچھ دلچسپ ہے لیکن بعد میں وہی معمول کی فارمولا فلم بن جاتی ہے۔ ’میں ایسا ہی ہوں‘ کے ہدایتکار ہری باویجہ کے مطابق اجے دیوگن نے کہانی سنتے ہی فلم میں کام کرنے پر رضامندی کا اظہار کر دیا کیونکہ ’یہ بہت چیلنجنگ رول تھا اور اداکار ایسے کردار نبھا کر ثابت کر سکتا ہے وہ ایک اچھا اداکار ہے جو کہ اجے دیو گند نے فلم میں ثابت کیا ہے۔‘ اجے دیوگن کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے ایسا کردار نہیں کیا اس لیے یہ رول کسی حد تک مشکل تھا۔ فلم کے بارے میں ایشا دیول کا تبصرہ بہت دلچسپ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’فلم میں ماں کا کردار نبھانے کا بہت مزہ آیا اور مجھے اصل زندگی میں بھی جلد ماں بننے کا تجسس ہے۔‘ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||