جشنِ آزادی پر دو مرکزی تقریبات | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے باسٹھویں یوم آزادی کے موقع پر صدر اور وزیر اعظم نے جمعرات کو الگ الگ تقریبات منعقد کیں اور یہ پہلا موقع ہے کہ یوم آزادی کی دو مرکزی تقریبات منعقد کی گئیں۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے جب جمعرات کی صبح کنوینشن سینٹر میں پرچم کشائی کی تو اس تقریب میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، بیشتر وزراء، سینئر بیوروکریٹس، صحافی اور سفارتکار بھی شریک ہوئے۔ صدر پرویز مشرف نے تیرہ اور چودہ اگست کی درمیانی شب ایوان صدر میں سلام پاکستان کی جو تقریب منعقد کی اس میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی یا ان کی کابینہ کے کسی رکن اور آرمی چیف نے شرکت نہیں کی۔
البتہ ایوان صدر کی تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان شریک ہوئے۔ ایوان صدر میں جمعرات کی صبح تمغے اور اعزازات دینے کی ایک تقریب منعقد ہوئی اس میں بھی وزیراعظم اور ان کی کابینہ یا آرمی چیف نے شرکت نہیں کی۔ فوجی ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ تیرہ اور چودہ اگست کی درمیانی شب آرمی چیف جنرل کیانی نے یوم آزادی کے سلسلے میں کاکول میں تقریب میں شرکت کی۔ ان کے مطابق چودہ اگست کی صبح آرمی چیف نے وزیراعظم کی پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی اور اس کے بعد راولپنڈی میں سینئر فوجی افسران اور ریٹائرڈ فوجیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان میں حکمران اتحاد نے صدر کے مواخذے کی کارروائی شروع کی ہے آرمی چیف کی وزیراعظم کی تقریب میں شرکت سے ان قیاس آرائیوں کو تقویت ملتی ہے کہ فوج صدر پرویز مشرف کے ساتھ نہیں۔ گزشتہ شب ایوان صدر میں منعقد تقریب میں صدر کو سگار پیتے اور پان کھاتے ہوئے بھی دیکھا گیا اور بظاہر انہوں نے یہ تاثر دیا کہ وہ مواخذے کی تحریک سے پریشان نہیں ہیں۔ حکومت کی جانب سے صدر کے مواخذے کے اعلان کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ وہ کسی عوامی تقریب میں نظر آئے۔
صدر نے تقریب سے خطاب میں اپنے مواخذے کے بارے میں براہ راست تو کوئی بات نہیں کی تاہم ملکی سلامتی کی خاطر ٹکراؤ کے بجائے مصالحت پر زور دیا۔ صدر نے ملکی سلامتی کے لیے ’ملٹری اور معیشت کے استحکام‘ کی نئی اصطلاح بھی متعارف کروائی۔ صدر کی گزشتہ رات کی تقریر میں کئی بار دعائیہ فقرے بھی سننے کو ملے جس پر ایک صحافی نے کہا کہ صدر امریکہ، آرمی اور عدلیہ سے مایوسی کے بعد اب اللہ کو کثرت سے یاد کر رہے ہیں۔ صدر پرویز مشرف نے اپنی تقریر میں ملکی استحکام کے لیے فوج اور قوم کے متحد ہونے کو بھی لازمی جز قرار دیا۔ لیکن وزیراعظم کی تقریر میں ملکی استحکام کے لیے حکومت اور عوام کے متحد اور متقق ہونے پر زور دیا گیا۔ |
اسی بارے میں صدر مشرف کے مواخذے کا اعلان07 August, 2008 | پاکستان مواخذے کے مشترکہ اعلامیے کا متن07 August, 2008 | پاکستان ’اسمبلی توڑنے کا اختیار ختم کریں‘07 August, 2008 | پاکستان زرداری ہاؤس کے باہر کیا ہوتا رہا؟07 August, 2008 | پاکستان مواخذے کے اعلان پر ملا جلا ردعمل07 August, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||