BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 27 January, 2008, 07:59 GMT 12:59 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
درہ آدم خیل آپریشن، ہلاکتوں کے متضاد دعوے

فوج
فوج قریبی پہاڑوں پر طالبان کےمورچوں پرگولہ باری بھی کر رہی ہے
پاکستان کے نیم خودمختار قبائلی علاقے درہ آدم خیل میں سکیورٹی فورسز اور مقامی شدت پسندوں کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے اور فوجی حکام نے دعوٰی کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے شدید لڑائی کے بعد کوہاٹ سرنگ اور اس کے اردگرد واقع پہاڑوں کا دوبارہ قبضہ حاصل کر لیا ہے۔

حکام نے تازہ لڑائی میں پچیس شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔تاہم دوسری طرف مقامی طالبان نے سرکاری دعوؤں کی تردید کی ہے۔

پاکستان فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے اتوار کی شام بی بی سی کو بتایا کہ شدید لڑائی کے بعد سکیورٹی فورسز نے کوہاٹ سرنگ اور اس کے قریب واقع تمام علاقوں پر دوبارہ قبضہ کرلیا ہے۔ ان کے مطابق سرنگ اور اس کے اردگرد پہاڑوں سے شرپسندوں کا صفایا کر دیا گیا ہے اور اب وہاں سکیورٹی فورسز کا کنٹرول ہے۔

مقامی لوگوں کا بھی کہنا ہے کہ بعض پہاڑی علاقوں میں مسلح افراد کو اترتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں آپریشن جاری رہے گا اور اتوار کو ہونے والی کارروائی میں کوئی اہلکار ہلاک نہیں ہوا اور صرف دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

اس سے قبل انہوں نے اتوار کو ہی بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے اب تک کے آپریشن میں پانچ فوجیوں سمیت سات سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت اور دس کو یرغمال بنائے جانے کی تصدیق بھی کی تھی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی فوج کی جانب سے درہ آدم خیل میں فوجی اہلکاروں کی ہلاکت اور یرغمال بنائے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس سے قبل حکومت اس بات کی سختی سے تردید کرتی رہی ہے۔

کوہاٹ ٹنل
مقامی طالبان نے کوہاٹ سرنگ پر بھی قبضہ کیا ہوا ہے

دوسری طرف تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان مولوی عمر نے کوہاٹ ٹنل پر سکیورٹی فورسز کے قبضے کے دعوے کی سختی سے تردید کی ہے۔ انہوں نے کسی نامعلوم مقام سے بی بی سی کو ٹیلی فون کر کے دعوٰی کیا کہ گزشتہ رات سے جاری لڑائی میں اب تک آٹھ سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کیا گیا ہے جبکہ ان کے صرف دو ساتھی زخمی ہوئے ہیں۔

ان کے مطابق لڑائی اب کوتل کے پہاڑوں پر کوہاٹ کی جانب منتقل ہورہی ہے۔طالبان ترجمان نے یہ دعوٰی بھی کیا کہ چار مبینہ خودکش حملہ آوار بارود سے بھری ہوئی گاڑیوں سمیت کوہاٹ ٹنل کے آس پاس گشت کررہے ہیں اور انہیں جب بھی حکم ملے گا وہ سکیورٹی فورسز پر حملہ کریں گے۔

ادھر آپریشن کی وجہ سے علاقے میں تمام بازار ، تعلیمی ادارے ، سرکاری و نیم سرکاری دفاتر گزشتہ تین دن سے مکمل طور پر بند ہیں۔ اس کے علاوہ صوبہ سرحد کو سندھ اور بلوچستان سے ملنے والی انڈس ہائی وے تیسرے روز بھی ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند ہے جس سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

شہر سے درجنوں خاندان گھر بار چھوڑ کر گاڑیوں میں اور پیدل پشاور کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔ ایک بزرگ شخص نے بی بی سی کو بتایا کہ مسلسل بمباری اور طالبان کے جوابی حملوں کی وجہ سے وہ گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

درہ آدم خیل شہر میں مقامی طالبان کا مکمل کنٹرول دکھائی دیتا ہے

ان کے مطابق’حالات حکومت نے خراب کیے ہیں۔ شرپسند حکومت کے ہی پیدا کردہ ہیں۔اگر حکومت دینی مدارس پر حملہ نہ کرتی تو آج طالبان کا سرے سے وجود ہی نہ ہوتا۔‘

اس سے قبل درہ آدم خیل میں طالبان کے کمانڈر عبدالجبار نے بی بی سی اردو کے عبدالحئی کاکڑ کو بتایا تھا کہ انہوں نے پندرہ پاکستانی فوجیوں کو کوہاٹ سرنگ کے قریب فوجی چوکی پر حملے کے دوران حراست میں لیا تھا جن میں سے پانچ شدید زخمی حالت میں تھے جنہیں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

بی بی سی اردو کے نمائندے عبدالحئی کاکڑ نے یرغمال بنائے جانے والے فوجیوں سے ملاقات بھی کی تھی جن میں ان فوجیوں کا کہنا تھا کہ اگر وہ سب سپاہی ہیں اور اگر انہیں رہا کر دیا گیا تو وہ مزید فوج کی نوکری نہیں کریں گے۔

اسی بارے میں
طالبان نڈر اور بے باک ہوگئے
16 January, 2008 | پاکستان
’نوے عسکریت پسند ہلاک‘
18 January, 2008 | پاکستان
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد